ارشادات ، واقعات ، تعلیمات اور طرز فکر
قلندر بابا اولیاء رحمتہ الله علیہ کے مورث اعلیٰ حضرت فضیل مہدی سرزمین عرب کو چھوڑ کر خطہ مدراس میں وارد ہوئے - ان کے دو صاحبزادگان تھے - حضرت حسین مہدی رکن الدین اور حضرت حسن مہدی جلال الدین - اول الذکر حضور قلندر بابا اولیاؒء کے دادھیالی جد تھے اور موخر الذکر ننھیالی جد -
چنانچہ بعد کے دادھیالی بزرگوں کے نام کے ساتھ حسین مہدی اور ننھیالی بزرگوں کے ساتھ حسن مہدی ضرور ہوتا تھا - اس روایت کو تاج الدین بابا اولیاءؒ نے جو آپ کے ننھیالی بزرگ تھے ، ترک کردیا -
بابا تاج الدین نے شادینہیں کی تھی لیکن آپ نے قلندر بابا اولیاؒء کی والدہ محترمہ حضرت سعیدہ کو اپنی بیٹی بنا کر پرورش کیا - قلندر بابا اولیاؒء اسی نسبت سے بابا تاج الدینؒ کو نانا کہا کرتے تھے -
الله تعالیٰ کے مقرب بندوں کو جب سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام روحانی طور پر تعلیمات دے کر فارغ کرتے ہیں تو ایک نام عطا فرماتے ہیں اور بعد میں اسی نام سے یاد فرماتے ہیں -
قلندر بابا اولیاؒء کو آپ علیہ الصلوٰة والسلام نے"حسن اخریٰ " نام عطا فرمایا - اس نام کی مناسبت قلندر بابا اولیاؒء کے ننھیالی جدی نام " حسن مہدی " سے بھی ہے -
قلندر بابا اولیاؒء نے بابا تاج الدینؒ سے نو سال تک روحانی تعلیم حاصل کی - بابا تاج الدین ناگپوریؒ نے 17 اگست 1925ء کو اس دنیا سے پردہ فرمایا - وصال سے پہلے انہوں نے قلندر بابا اولیاؒء سے فرمایا کہ میرے بعد یہاں قیام نہ کرنا چنانچہ نانا کے پردہ کرنے کے بعد انہوں نے ناگپور جانا ترک کردیا -
آپ کو شاعری کے علاوہ پنجہ کشی اور شطرنج کھیلنے کا شوق تھا - شطرنج میں ان سے جیتنا محال تھا - قلندر بابااولیاؒء کو شطرنج کے دو سو نقشوں اور چار سو ضمنی نقشوں پر عبور تھا -
دہلی میں شطرنج کے دو مانے ہوئے استاد آپ کے پاس حاضر ہوتے تھے - ان میں سے ایک ذرا شوخ تھا - وہ اکثر آپؒ سے کھیلنے کی کوشش کرتا تو دوسرا کہتا کہ جب تمہیں معلوم ہے کہ تم چند چالوں سے زیادہ ٹھہر نہیں سکتے تو کیوں بار بار کھیلنے کی ضد کرتے ہو - وہ کہتا کہ اگر میں ان سے نہیں کھیلوں گا تو سیکھوں گا کیسے -
ایک مرتبہ وہ آپؒ کے ساتھ کھیل رہا تھا ، آپؒ نے چند چالوں کے بعد فرمایا کہ چوالیسویں چال کا تمہارے پاس کیا توڑ ہے - تھوڑی دیر غور کرنے کے بعد وہ بولا اچھا دوسری بازی لگاتے ہیں -
تحریر ...احمد جمال عظیمی روحانی ڈائجسٹ ... جنوری 1995ء
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں