کشف و کرامات لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
کشف و کرامات لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

اتوار، 10 اگست، 2014

کتھے میں خون



  کشف   و   کرامات 


   میں  حضور قلندر بابا اولیاؒء  کے ہمراہ پان والے کی دکان پر کھڑا تھا ، دیکھا کہ دکان میں ایک تصویر لگی ہوئی تھی وہ تصویر کیلنڈر میں سے نکل کر حضور قلندر بابا اولیاؒء  کے ساتھ چل پڑی - تصویر ان سے گفتگو کرنے کے بعد واپس پلٹ گئی -
 میں نے خوف اور حیرانگی کے عالم میں آگے بڑھ کر حضور قلندر بابا اولیاؒء  سے عرض کیا کہ حضور یہ کیا معاملہ ہے - حضور قلندر بابا اولیاؒء  نے فرمایا تصویر نے اس پان والے کی شکایت کی ہے اور کہا ہے اس سے پان نہ خریدا کریں کیونکہ یہ پان کے کتھے میں خون ملاتا ہے -

راوی ... خواجہ شمس الدین عظیمی  
 کتاب ... تذکرہ  خواجہ شمس الدین عظیمی 

جمعہ، 8 اگست، 2014

پیٹ میں رسولی کا روحانی علاج



 کشف   و   کرامات 

  غالباً لندن یا امریکہ سے ایک خاتون تشریف لائیں اور بتایا کہ ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ میں رسولی بتائی ہے جس کی وجہ سے وہ اولاد سے محروم ہیں - انہوں نے کہا کہ میں الله کی رضا پر راضی رہنے والی بندی ہوں لیکن مشکل یہ پیش آگئی ہے کہ اولاد نہ ہونے کی وجہ سے شوہر دوسری شادی کرنے پر بضد ہیں-

 یہ کہہ کر وہ خاتون کچھ ایسی بےقراری سے روئیں کہ ان کی ہچکیاں بندھ گئیں اور روتے روتے انہوں نے اپنا سر حضور قلندر بابا اولیاؒء کے سینے پر رکھ دیا - حضور بابا صاحبؒ  اس وقت لیٹے ہوئے تھے - آنسوؤں سے قمیض بھیگی تو لگا کہ دل بھی بھیگ گیا -

حضور بابا صاحبؒ  تیزی کے ساتھ  اٹھ کر بیٹھ گئے - خاتون سے فرمایا ..." سیدھی لیٹ جاؤ  " کچھ پڑھا ، پڑھ کر انگشت شہادت پر پھونک ماری اور انگلی سے رسولی کی جگہ ایک  کراس (x)  بنا دیا - ڈاکٹروں نے ٹیسٹ کیا تو پتہ چلا کہ رسولی ختم ہوچکی ہے - الله تعالیٰ نے اس خاتون کو اولاد سے بھی نوازا - یہ واقعہ تقریباً سترہ سال پہلے کا ہے - 


کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی  

جمعرات، 3 جولائی، 2014

میٹھا پانی کڑوا ہوگیا



 کشف   و   کرامات  

  ایک دفعہ حضور قلندر بابا اولیاؒء روشنی کی لہروں کے اتار چڑھاؤ ، لہروں کے ردوبدل اور لہروں کی مقداروں میں کمی بیشی سے قانون تخلیق کی وضاحت فرما رہے تھے - آپ یہ بتا رہے تھے کہ مقداروں کے ردوبدل سے تخلیق میں تبدیلی واقع ہوجاتی ہے اور کائنات میں موجود ہر شئے ان ہی لہروں کے تانے بانے سے بنی ہوئی ہے -

 جب نورانی لہریں نزول کرکے روشنی بنتی ہیں تو مختلف مظاہر وجود میں آجاتے ہیں - مادہ دراصل روشنیوں کا خلط ملط ہے - مثال میں جب نمک کا تذکرہ آیا اور نمک کے اندر کام کرنے والی روشنیوں کا عمل دخل زیر بحث آیا تو میں نے عرض کیا ...
" حضور اس کا مطلب یہ ہوا کہ آدمی کے اندر نمک کی لہریں ہر وقت مشترک رہتی ہیں - نمک کی لہریں آتی رہتی ہیں - ذخیرہ ہوتی رہتی ہیں اور خرچ ہوتی رہتی ہیں ؟ " 

فرمایا ..." خواجہ صاحب نمک جسم کے مسامات سے خارج ہوتا رہتا ہے اور جب مقداروں کے مطابق خرچ نہیں ہوتا تو بلڈ پریشر کا مرض لاحق ہوجاتا ہے اور مقداروں سے زیادہ خرچ ہوتا ہے تو لو ( Low ) بلڈ پریشر  لاحق ہوسکتا ہے - "

 مجھے کیا سوجھی کہ میں ایک کٹورے میں پانی بھر لایا اور عرض کیا ...
" یا شیخ  جب مسامات سے نمک خارج ہوتا رہتا ہے تو پانی میں انگلیاں ڈالنے سے پانی نمکین ہوجاتا ہوگا -" 

حضور قلندر بابا اولیاؒء نے کٹورے میں پانچوں انگلیاں ڈال دیں اور کچھ دیر کے بعد ہاتھ نکال کر فرمایا ..." چکھو .."

یا بدیع العجائب!  کٹورے کا پانی سمندر کے پانی کی طرح نمکین اور کڑوا تھا - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

بدھ، 2 جولائی، 2014

شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ



  کشف   و   کرامات

   ہمارے ایک دوست تھے مظفر صاحب - حضور بابا صاحبؒ  کی حیات میں ہی بروک بانڈ کمپنی میں سیلز ڈائریکٹر تھے - حضور بابا صاحبؒ  ہر اتوار کی شام کو ان کے گھر تشریف لے جاتے اور بہت سارے لوگ جمع ہوکر اپنے مسائل پیش کرتے تھے -

 الله تعالیٰ مظفر صاحب کو جنت الفردوس میں جگہ دیں اور بہت سی نعمتیں عطا کریں - حضور بابا صاحبؒ  کی انہوں نے بہت خدمت کی ہے - ایک روز پروگرام بنا کہ حضرت لعل شہباز قلندرؒ اور شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ  کے مزارات پر حاضری دی جائے -

 شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ  کے مزار مبارک میں جب سب لوگ اندر تشریف لے گئے اور فاتحہ پڑھی تو  حضور بابا صاحبؒ تیزی کے ساتھ مزار سے متصل مسجد میں چلے گئے - مسجد کے ایک گوشے میں بہ نفس نفیس و بہ تمام کمال جسمانی طور پر الله کے دوست حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ موجود تھے -

 حضور بابا صاحب قبلہؒ نے نہایت ادب و احترام کے ساتھ ان سے مصافحہ کیا اور عرض کیا ... " شاہ صاحب ! میرے ساتھ اور بھی لوگ ہیں ، وہ ڈر جائیں گے - "
 ان الفاظ کے ساتھ ہی شاہ صاحبؒ بجلی کے کوندے کی طرح نظروں سے اوجھل ہوگئے - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

منگل، 1 جولائی، 2014

خواجہ غریب نوازؒ اور حضرت بوعلی شاہ قلندرؒ



   کشف   و   کرامات 

 جس زمانے میں حضور قلندر بابا اولیاؒء رسالہ نقاد ، کراچی میں کام کرتے تھے ، میرا یہ معمول تھا کہ شام کو چھٹی کے وقت حاضر خدمت ہوتا اور حضور بابا صاحبؒ قبلہ کو اپنے ساتھ لے کر نقاد کے دفتر سے کچھ دور رتن تالاب پر واقع اپنے جھونپڑے میں لے جاتا - 

 وہاں ایک بہت خوبصورت نشست ہوتی تھی - غیر تعلیم یافتہ مگر بہت مخلص ، تعلیم یافتہ اور سلجھے ہوئے دوست تشریف لاتے تھے - ایک روز کا واقعہ ہے کہ میں دوپہر کو گھر آیا تو ایک صاحب جن کا نام زبیر احمد انصاری تھا ، مجھے ملے - 

انہوں نے بتایا کہ حضور قلندر بابا صاحبؒ  قبلہ اور دو اور بزرگ کمرے میں تشریف رکھتے ہیں اور اندر سے کنڈی لگا لی ہے - دروازے کے پاس میں نے بزرگوں کی سرگوشی سنی لیکن کوئی لفظ میرے کان میں نہیں اترا -

سوچا کہ بازار سے دودھ لے آؤں اور چائے بنا لوں - چولہا جلا کر پانی رکھا اور دودھ لینے چلا گیا - دودھ لے کر واپس آیا تو تینوں صاحبان تشریف لے جا چکے تھے - بہت افسوس ہوا - بہر حال ، شام کو جب میں حضور بابا صاحبؒ کو لینے کے لئے نقاد کے دفتر پہنچا تو میں نے پوچھا ...

" حضور! دوپہر کے وقت آپ چلے آئے - میں چائے پیش کرنا چاہتا تھا اور آپ کے ساتھ وہ بزرگ حضرات کون تھے ؟" 

 فرمایا ... " بوعلی شاہ قلندرؒ اور خواجہ معین الدین چشتیؒ تشریف لائے تھے - کچھ قانون کے اوپر تبادلۂ خیال کرنا تھا - "

  مجھے آج تک اس بات کا ملال ہے کہ میں نے دودھ لینے کے لئے زبیر کو کیوں نہیں بھیج دیا  کاش ایسا ہوجاتا اور اس خاکسار کو حضور خواجہ غریب نوازؒ اور بوعلی شاہ قلندرؒ کی جسمانی زیارت ہوجاتی -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

اتوار، 29 جون، 2014

خون ہی خون



 کشف   و   کرامات 

   ایک رات دروازے پر دستک ہوئی - دروازہ کھولا تو دیکھا کہ دو صاحبان کھڑے ہیں اور حضور قلندر بابا اولیاؒء سے ملاقات کے خواہش مند ہیں - میں نے ان سے عرض کیا کہ اس وقت حضور بابا صاحبؒ  سے ملاقات ممکن نہیں ہے - رات زیادہ ہوگئی ہے -

میرے یہ کہنے پر ایک صاحب نے اپنا منہ کھول دیا - میں یہ دیکھ کر گھبرا گیا کہ ان کا منہ خون سے لبا لب بھرا ہوا تھا - اور دیکھتے  ہی دیکھتے انہوں نے زمین پر خون تھوک دیا - حالت کیونکہ غیر معمولی تھی اس لئے میں نے ان صاحب کو  بابا جیؒ کی خدمت میں پیش کردیا -  

 بابا صاحبؒ  کی خدمت میں پیش ہونے کے بعد وہی صورت پیش آئی کہ ان صاحب نے اپنا منہ کھول کر دکھایا تو اتنی دیر میں منہ پھر خون سے بھرا ہوا تھا -  بابا صاحبؒ  کے پوچھنے پر ان کے ساتھی نے بتایا کہ ایک ہفتے سے یہ بیماری لاحق ہوگئی ہے کہ منہ میں خون آجاتا ہے اور یہ پانی کی طرح خون کی کلیاں کرتے ہیں -
ڈاکٹر خون کی بوتل چڑھاتے رہتے ہیں اور منہ سے خون خارج ہوتا رہتا ہے -ابھی تھوڑی دیر ہوئی خون کی بوند ( Drip )  ختم ہوئی تھی کہ میں انہیں وہاں سے اٹھا لایا -

 حضور بابا صاحبؒ نے آدھ منٹ کے لئے غور کیا اور جو علاج تجویز فرمایا وہ یہ ہے :

..."    پرانے سے پرانا ٹاٹ لے کر اس کو جلا دیا جائے - جب ٹاٹ اچھی طرح آگ پکڑ لے تو اس کے اوپر توا الٹا دیا جائے - تھوڑی دیر بعد ٹاٹ راکھ بن جائے گا - اس جلے ہوئے ٹاٹ کو کھرل میں پیس کر شہد میں ملایا جائے اور صبح ، شام ، رات تین وقت یہ شہد مریض کو چٹا یا جائے - "...✦   

وہ دونوں صاحبان شکریہ ادا کرکے چلے گئے - میں کئی دن تک یہ سوچتا رہا کہ اس مریض کا کیا بنا اور اس بات پر بار بار افسوس کرتا رہا کہ اگر میں پتہ پوچھ لیتا تو خیریت معلوم ہوجاتی - چوتھے روز وہ دونوں صاحبان پھر تشریف لائے - اب ان کے ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبہ اور حضور بابا صاحبؒ کے گلے میں ڈالنے کے لئے گلاب کا ہار تھا -    

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

ہفتہ، 28 جون، 2014

اٹھارہ سال کے بعد



  کشف   و   کرامات  

   ڈاکٹر صاحب کا دوسرا مسئلہ شادی تھا -جس لڑکی سے ڈاکٹر صاحب شادی کرنا چاہتے تھے وہ ہندوستان میں تھی - تقسیم کے بعد یہ پتہ نہیں چل سکا کہ وہ کہاں ہے - اٹھارہ سال کے طویل انتظار کے بعد ان صاحب کا خط موصول ہوا -

خط لے کر یہ بزرگ عثمان آباد ، لارنس روڈ والے گھر میں حضور بابا صاحبؒ کی  خدمت میں حاضر ہوئے - حضور بابا صاحبؒ نے خط پڑھا اور پڑھنے کے بعد صرف اتنا فرمایا کہ آپ فلاں دن لاہور چلے جائیں - وہاں شادی کریں - اسلام آباد اور مری میں ہنی مون منا کر واپس آجائیں -

لاہور کی روئیداد بھی عجیب روئیداد ہے - جب یہ بزرگ لاہور  میں بتائے ہوئے مقام پر پہنچے تو پہلی ملاقات لڑکی کے والد سے ہوئی - یہ وہی صاحب تھے جن کی وجہ سے شادی نہیں ہوسکی تھی - نہایت اخلاق سے پیش آئے اور گھر میں اندر لے گئے -

لڑکی سے گفتگو ہوئی تو پتہ چلا کہ وہ اب ان صاحب سے شادی نہیں کرے گی کیوں کہ اب وہ ٹی بی اور سل جیسے مرض میں مبتلا ہو چکی ہے لیکن سچی محبت کبھی کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لاتی - ہمارے محترم بزرگ نے شادی کرلی -

شادی کے بعد دونوں میاں بیوی کی حیثیت سے نہایت خوش حال زندگی گزارتے رہے - ابھی اٹھارواں مہینہ ختم نہیں ہوا تھا کہ بیوی اچانک داغ مفارقت دے گئی - یہ بھی قدرت کا عجیب راز ہے کہ اٹھارہ سال کی مدت کے انتظار کی تشنگی اٹھارہ مہینوں میں ابھی پوری نہیں ہوئی تھی کہ پھر جدائی کی دیوار بیچ میں آگئی -

 اس المیہ کا اتنا گہرا اثر ہوا کہ ڈاکٹر صاحب تقریباً دنیا و مافیہا سے بے نیاز ہوگئے اور عشق مجازی میں جو ذہنی یکسوئی حاصل ہوئی تھی وہ سب حضور بابا صاحبؒ کی طرف منتقل ہوگئی کہ حضور بابا جیؒ اور ڈاکٹر صاحب میں دوری نہیں رہی -  

ڈاکٹر عبدالقادر عظیمی کی حضور قلندر بابا اولیاء کے ساتھ یادگار تصویر 

جس زمانے میں یہ المناک واقعہ پیش آیا ، ڈاکٹر صاحب کی آسائش و آرام کی زندگی پر بڑے بڑے لوگ رشک کرتے تھے اور جب حضور قلندر بابا اولیاؒء کی زلف کے اسیر ہوئے تو تمام دنیاوی آسائش کے سامان خود سے الگ کردیئے - جس وقت اس عالی مقام بزرگ نے اپنا دنیاوی چولا بدلا ، اس وقت ان کے پاس تقریباً ڈیڑھ سو ٹائیاں تھیں اور اسی مناسبت سے سوٹ ...
مغرب کی دل دادہ ہستی نے اب جو روپ اختیار کیا وہ یہ ہے - ایک کرتا ، ایک لنگی ، الله بس ، باقی ہوس -  حضور قلندر بابا اولیاؒء کی نظر کرم کا فیض ان کے اوپر اتنا محیط ہوا اور اس بزرگ ہستی نے اتنا ریاض کیا کہ اب وہ سلسلہ عظیمیہ میں ایک عظیم مقام پر فائز ہیں - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

جمعہ، 27 جون، 2014

جاپان کی سند



  کشف   و   کرامات

  سلسلہ عظیمیہ کے صاحب دل اور صاحب مقام بزرگ ڈاکٹر عبدالقادر صاحب جب حضور قلندر بابا اولیاؒء  کی خدمت میں پہلی بار حاضر ہوئے تو ان کے پیش نظر دو باتیں تھیں - ایک یہ کہ جاپان جا کر ٹریننگ حاصل کریں اور وولن اسپننگ ماسٹر ( Woollen Spinning Master ) کا ڈپلومہ حاصل کریں - 

ڈاکٹر عبدالقادر عظیمی 

چنانچہ حضور بابا صاحبؒ  کی خدمت میں درخواست پیش کی گئی -
 حضور بابا جیؒ  نے فرمایا ..." آپ کو ٹریننگ کے لئے باہر جانے کی کیا ضرورت ہے ؟ بس آپ اسپننگ ماسٹر ہیں - " 

حضور قلندر بابا اولیاؒء  کے فرمانے کے بعد حالات کچھ اس طرح سے پیش آئے کہ ولیکا مل میں جو جاپانی اسپننگ ماسٹر کام کرتا تھا وہ ملازمت چھوڑ کر چلا گیا اور ہمارے یہ بزرگ اسپننگ ماسٹر کے عہدے پر کام کرنے لگے اور عرصہ دراز تک کام کرتے رہے -

ڈاکٹر عبدالقادر عظیمی 

مزار مبارک  ڈاکٹر عبدالقادر عظیمی - سہون شریف سندھ 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی  

بارش کا قطرہ موتی بن گیا



 کشف   و   کرامات 

   برکھا رت تھی - سماں بھیگا ہوا تھا - بجلی چمک رہی تھی - آسمان ابر آلود تھا - بارش برس رہی تھی - باہر یہ خوبصورت منظر تھا اور کمرے میں تخلیقی فارمولوں پر گفتگو ہورہی تھی - دوران گفتگو سچے موتیوں کا تذکرہ آگیا -

 اس غلام کو حضور بابا صاحبؒ کے مزاج میں بہت دخل تھا - میں نے عرض کیا ... " حضور بارش کا ایک قطرہ جب سیپ کے پیٹ میں نشوونما پاتا ہے تو موتی بن جاتا ہے - "

 یہ عرض کرنے کے بعد میں باہر نکلا اور ایک کٹورے میں  بارش کا پانی جمع کرکے لے آیا - حضور بابا صاحبؒ نے ڈراپر سے پانی اٹھایا اور اس کے اوپر اپنی نگاہ مرکوز کردی - اب ڈراپر میں سے جتنے قطرے گرے وہ سب سچے موتی تھے -
 میں نے ان موتیوں کو سرمے کے ساتھ پیس لیا جتنے لوگوں نے بھی یہ سرمہ استعمال کیا ، ان کی نظر کو ناقابل بیان فائدہ پہنچا -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

بدھ، 25 جون، 2014

زخم کا نشان



    کشف   و   کرامات  

   رات کے وقت میں حضور بابا صاحبؒ کی کمر دبا رہا تھا - پسلیوں کے اوپر جب ہاتھ پڑا تو حضور بابا صاحبؒ کو تکلیف محسوس ہوئی - کرتا اٹھا کر دیکھا تو تقریباً چار پانچ انچ کا زخم تھا -

میں یہ دیکھ کر بےقرار ہوگیا اور پوچھا کہ یہ کیسا زخم ہے ، حضور ؟

 فرمایا ... " میں ایک درہ سے گزر رہا تھا - جگہ کم تھی پہاڑ کی نوک سے یہ زخم آگیا - "

 چونکہ رات کافی گزر چکی تھی -  تقریباً بارہ بجے کا عمل تھا - اس لئے میں  کوئی دوا بھی نہ لا سکا -

 جب انہوں نے مجھے پریشان دیکھا تو کہا ... " کوئی بات نہیں صبح مرہم پٹی ہوجائے گی ، آپ نے کاہے کا غم کیا ہے  ؟ "
 صبح جب میں نے کرتا اٹھا کر دیکھا تو زخم کا نشان تک ان کے جسم پر نہیں تھا - 


کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

منگل، 24 جون، 2014

ٹوپی غائب اور جنّات حاضر



   کشف   و   کرامات  

   اکثر یہ ہوتا تھا کہ حضور قلندر بابا اولیاؒء  کی ٹوپی غائب ہو جاتی تھی - کبھی کبھی انہیں اس بات پر ناراض  ہوتےہوئے بھی دیکھا گیا - ایک دن میں نے پوچھا یہ کیا  مسئلہ ہے ، دیکھتے ہی دیکھتے ٹوپی غائب ہوجاتی ہے -
 آخر یہ کون لے جاتا ہے  ؟

 فرمایا ... " جنّات لے جاتے ہیں - میں ان کو سخت سست کہتا ہوں لیکن ان کے اوپر کوئی اثر نہیں ہوتا - سر جھکائے کھڑے رہتے ہیں - "

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

پیر، 23 جون، 2014

پولیو کا علاج



  کشف   و   کرامات

  ایک صاحب ہیں ، جاوید صاحب ، لالو کھیت میں ان کی گارمنٹ
 ( ملبوسات ) کی دکان ہے - ان کے بچے کو پولیو ہوگیا - 
حضور بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور بچے
 کو چارپائی پر لٹا دیا -

 حضور بابا صاحبؒ نے کوئی مفرد دوا بتائی اور فرمایا اس کو پانی میں پکا کر ٹانگ کو بھپارا دو - صرف ایک دفعہ کے عمل سے پولیو ختم ہوگیا - لیکن عجب رمز ہے کہ اب جاوید صاحب کو نہ تو اس بوٹی کا نام یاد ہے اور نہ ہی اس کی شکل یاد ہے -
 وہ جب بھی کسی پولیو زدہ بچے کو دیکھتے ہیں ان کے دل سے ایک آہ نکلتی ہے کہ کاش ! میں نے اس دوا کا نام لکھ لیا ہوتا -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

اتوار، 22 جون، 2014

ایک لاکھ روپے خرچ ہوگئے



  کشف   و   کرامات 

       ایک صاحب ، خدا انہیں غریق رحمت کرے ، اقبال محمّد صاحب
 کے - ڈی - اے ( K.D.A  ) میں ڈپٹی سیکرٹری تھے - ان کے ایک دوست کے بچے سے قتل ہوگیا - اقبال صاحب اپنے دوست کے ساتھ حضور بابا صاحبؒ  کی خدمت میں حاضر ہوئے -
 تفصیلی حالات سن کر حضور بابا صاحبؒ  نے فرمایا کہ میں الله تعالیٰ کی جناب میں عرضی پیش کروں گا - انشاء الله یہ کیس ختم ہوجائے گا -

کئی سال مقدمہ چلنے کے بعد لڑکا بری ہوگیا - کامیابی پر ایک تقریب منعقد کی گئی - اس میں اقبال محمّد صاحب بھی موجود تھے -
اقبال صاحب نے اپنے دوست  سے کہا ، " آپ نے میرے پیر و مرشد کی کرامت دیکھی کہ الله تعالیٰ نے کس طرح سے ان کی دعا کو شرف قبولیت بخشا - "
اس کے جواب میں دوست نے طنزیہ انداز میں کہا کہ میں نے اس کیس
 ( مقدمہ ) پر  تقریباً ایک لاکھ روپیہ خرچ کردیا ہے - اس میں حضور بابا صاحبؒ کی کرامت کیا ہوئی ؟

 جناب اقبال صاحب کو یہ بات بہت ناگوار گزری اور وہ وہاں سے اٹھ آئے اور یہ بات جناب بدر صاحب سے جا کہی - بدر صاحب کا یہ معمول تھا کہ وہ صبح دفتر جانے سے پہلے  حضور بابا صاحبؒ  کو سلام کرنے حاضر ہوتے تھے - پتہ نہیں کیا ہوا کہ بدر صاحب جیسے متحمل مزاج آدمی نے یہ ساری روئیداد سنا دی -

یہ سن کر حضور قلندر بابا اولیاؒء  جلال میں آگئے - نہایت غصے کے عالم میں فرمایا ... " اس کا مطلب یہ ہوا کہ پیسہ ہی سب کچھ ہے - اور نعوذ باللہ ، الله کچھ نہیں ہے - اب دیکھئے کون بچاتا ہے اور دولت کتنا کام آتی ہے- "

نتیجے میں قتل کا یہ کیس دوبارہ شروع ہوا - مال و زر کا جتنا اثاثہ تھا سب ختم ہوگیا -  جناب بدرالزماں صاحب اس واقعہ کو سناتے ہیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں اور وہ کہتے ہیں کاش! میں نے اس بات کا تذکرہ نہ کیا ہوتا -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی  

ہفتہ، 21 جون، 2014

کراچی سے تھائی لینڈ میں علاج



    کشف   و   کرامات 

  جناب بی زمان صاحب ( ریٹائرڈ ڈپٹی سیکرٹری فنانس ) کا بیان ہے کہ تھائی لینڈ میں ان کی بیگم صاحبہ کو خون دینے کی نوبت پیش آئی -

 زمان صاحب نے حضور قلندر بابا اولیاؒء کی طرف متوجہ ہو کر عرض کیا " حضور بیگم کی طبیعت بہت خراب ہے - ڈاکٹر مایوس نظر آرہے ہیں - "

 اور دیکھتے ہی دیکھتے خون کی کمی پوری ہوگئی - اس کے نتیجے میں خون دینے کی ضرورت پیش نہیں آئی - خون دینے سے متعلق سارے کے سارے انتظامات بےکار ثابت ہوئے - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف --- خواجہ شمس الدین عظیمی   

آپریشن سے نجات



   کشف   و   کرامات

  پیٹ میں شدید درد ہونے کی بنا پر ایک صاحب سیون ڈے ہسپتال
( Seven-Day Hospital ) میں داخل ہوگئے - جب کسی طرح مرض کی تشخیص نہ ہوسکی تو ڈاکٹروں نے فیصلہ کیا کہ پیٹ کھول کر دیکھا جائے کہ کیا تکلیف ہے - آئندہ روز آپریشن کرنے کا وقت مقرر ہوگیا -

 رات کو ان صاحب کے والد صاحب آئے - حضور قلندر بابا اولیاؒء کی خدمت میں عرض کیا ، " کل میرے بیٹے کا آپریشن ہے - الله تعالیٰ سے دعا کریں کہ آپریشن کامیاب ہو -"

 حضور بابا صاحبؒ نے ہنس کر فرمایا ... " آپریشن کی ضرورت نہیں ہے - ناف ٹل گئی ہے - کسی جانکار سے کہیں کہ پیر کے انگوٹھے کھینچ دے تا کہ ناف جگہ پر آجائے - " 

وہ صاحب بے یقینی کا عالم میں اٹھے اور کمرے سے باہر جا کر مجھ سے کہا  " قلندر بابا نے مجھے ٹال دیا ہے -"

میں نے کہا.." کیا حرج ہے کسی کو دکھا دیں -" 

قصہ کوتاہ صبح سویرے ایک صاحب ہسپتال گئے اور انہوں نے ناف ٹھیک کردی - جس وقت مریض کو آپریشن تھیٹر لے جانے کا وقت آیا تو ڈاکٹر یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اب درد کا نام و نشان نہیں تھا -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی 

جمعہ، 20 جون، 2014

جسم مثالی یا Aura



 کشف   و   کرامات   

      ایک مرتبہ  جسم مثالی ( Aura ) کا تذکرہ ہو رہا تھا - اس خادم نے عرض کیا کہ جب اصل انسان جسم مثالی ہے اور گوشت پوست کا جسم اس کا لباس ہے تو جسم مثالی سے ہر وہ کام لیا جاسکتا ہے جو گوشت پوست کا جسم انجام دیتا ہے - 

حضور قلندر بابا اولیاؒء  نے فرمایا ..." ہاں یہ بات صحیح ہے - "  

میں نے عرض کیا ...

" کیا بجلی کا سوئچ بھی آن ،آف ( On ، Off ) کیا جا سکتا ہے ؟ " 

یہ بات میرے منہ سے نکلی ہی تھی کہ کٹ کی آواز آئی اور کمرے میں اندھیرا ہوگیا - کچھ دیر بعد سوئچ کے ( On ) ہونے کی آواز آئی اور کمرے میں روشنی پھیل گئی - 

    ظاہری جسم کی طرح انسان کے اوپر ایک اور جسم ہے جو گوشت پوست کے جسم سے تقریباً نو ( 9 ) انچ اوپر ہمہ وقت موجود رہتا ہے - اسی جسم کو جسم مثالی ( Aura ) کہا جاتا ہے -

انسانی گوشت پوست کے جسم کا دارومدار اس جسم مثالی کے اوپر ہے -جسم مثالی کے اندر صحت مندی موجود ہے تو گوشت پوست کا جسم بھی صحت مند ہے - یعنی انسانی زندگی کے اندر جتنے تقاضے موجود ہیں وہ تقاضے گوشت پوست کے جسم میں پیدا نہیں ہوتے بلکہ روشنیوں سے بنے ہوئے جسم مثالی میں پیدا ہوتے ہیں اور وہاں سے منتقل ہوکر گوشت پوست کے جسم کے اوپر ظاہر ہوتے ہیں -

اگر کوئی آدمی اس بات کی خواہش کرتا ہے کہ اس کو روٹی کھانی ہے تو بظاہر ہمیں یہ بات نظر آتی ہے کہ گوشت پوست کا بنا ہوا جسم روٹی کھا رہا ہے لیکن ایسا نہیں ہے -
 جب تک جسم مثالی کے اندر بھوک کا تقاضہ پیدا نہیں ہوگا اور جسم مثالی گوشت پوست کے جسم کو بھوک یا پیاس کا عکس منتقل نہیں کرے گا ، آدمی کھانا نہیں کھا سکتا -


کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

جمعرات، 19 جون، 2014

فرائڈ اور لی بی ڈو



                        کشف   و   کرامات

    جناب بی زمان صاحب ، ڈپٹی سیکرٹری کے ساتھ ایک مرتبہ مجھے سینٹرل ہوٹل کراچی میں محترم دوست شان الحق حقی کے پاس جانے کا اتفاق ہوا - وہاں فرائڈ کا تذکرہ چل نکلا حقی صاحب نے فرمایا فرائڈ نے ایک اصطلاح ایجاد کی ہے  " لی بی ڈو " اس کا اردو ترجمہ کیا ہے ؟ 


سگمنڈ فرائڈ  ( Sigmund Freud )

میں کچھ نروس ہوگیا - اس لئے کہ میں انگریزی پڑھا ہوا نہیں ہوں - پلک جھپکنے کے عمل کے ساتھ میں نے دیکھا کہ حضور بابا صاحبؒ  سامنے کھڑے ہیں -


فرمایا ..." کہہ دو لی بی ڈو کا اردو ترجمہ نہیں ہوا ہے -"


 میں نے حقی صاحب سے عرض کیا کہ صاحب لی بی ڈو کا اردو ترجمہ کوئی نہیں ہے - حقی صاحب نے کہا کہ لی بی ڈو کا اردو ترجمہ ہے -


میں نے عرض کیا ..." بتا دیجئے کیا ترجمہ ہے ؟ "

حقی صاحب نے کہا ، "میں  کل بتاؤں گا - " 


اگلے روز میں ان کی خدمت میں حاضر ہوا اور ان سے کہا کہ لی بی ڈو کا ترجمہ معلوم کرنے آیا ہوں - حقی صاحب بہت خوب اور مرنجاں مرنج انسان ہیں انہوں نے نہایت خندہ پیشانی سے جواب دیا کہ آپ کا کہنا صحیح ہے ابھی تک لی بی ڈو کا اردو ترجمہ نہیں ہوا ہے -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

بدھ، 18 جون، 2014

اولیاء الله کے پچیس جسم



  کشف   و   کرامات 


بر صغیر اور بیرون ملک ایسے لوگ اب بھی (1982ء) موجود ہیں جنہوں نے ایک دن اور ایک وقت میں مختلف مقامات پر حضور قلندر بابا اولیاؒء کو دیکھا ہے - کسی کے ساتھ  حضور بابا صاحبؒ نے مصافحہ کیا ، کسی کو سینے سے لگایا ، کہیں چائے نوش فرمائی اور کسی کو ہدایت دی کہ ایسا کرو ، ایسا نہ کرو -


اس بات کا اظہار اس طرح ہوا کہ مجھے ( راوی کو ) لوگوں نے بتایا اور کچھ لوگوں نے خطوط کے ذریعے اطلاع دی کہ حضور بابا صاحبؒ تشریف لائے تھے -


مجھے (   خواجہ شمس الدین عظیمی ) الله کے فضل و کرم سے یہ اعزاز حاصل رہا ہے کہ حضور بابا صاحبؒ کے نام جتنے خطوط آتے تھے ان کا جواب میں لکھتا تھا - ایک مرتبہ سوئٹزر لینڈ سے خط آیا جس میں حضور بابا صاحبؒ کی تشریف آوری سے متعلق بہت زیادہ تشکر و امتنان کا اظہار تھا اور یہ بھی تحریر تھا کہ میں نے آپ کے ارشاد کے مطابق فلاں کام کردیا ہے -


 جب میں نے یہ خط  بابا صاحبؒ کو سنایا تو ان سے عرض کیا کہ اس عرصےمیں  تو آپ کہیں نہیں گئے ، یہ کیا لکھا ہے ؟   


 قلندر بابا اولیاؒء مسکرائے اور فرمایا ... " اہل تکوین حضرات کے پچیس ( 25 ) جسم ہر وقت کام کرتے ہیں اور جب کام کی زیادتی ہوتی ہے تو ان کی تعداد چالیس سے بھی زیادہ ہوجاتی ہے - "

    تکوین سے مراد الله تعالیٰ کا نظام ( Administration )  ہے اور الله کے وہ مقرب  بندے جو انتظامی امور میں الله تعالیٰ کا نظام چلانے کے لئے کسی خدمت پر مامور کئے گئے ہوں ، اہل تکوین کہلاتے ہیں - مثلاً قطب ، غوث ، ابدال وغیرہ وغیرہ -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

منگل، 17 جون، 2014

مستقبل کا انکشاف



  کشف   و   کرامات 

   میرے پیر بھائی ، ذکی صاحب حیدر آباد میں فرنیچر کا کام کرتے ہیں - ان کی شادی کا مسئلہ درپیش تھا - ذکی صاحب کے والد نامساعد حالات کی بنا پر ابھی شادی کرنا نہیں چاہتے تھے -

حضور قلندر بابا اولیاؒء نے ان سے فرمایا کہ شادی فوراً کردی جائے ورنہ یہ شادی عرصے تک نہیں ہوسکے گی - بہر حال ، جیسے تیسے کرکے شادی ہوگئی - رخصتی کو ایک ہفتہ بھی نہیں گزرا تھا کہ ان کے ایک قریبی رشتہ دار کا انتقال ہوگیا -

 ابھی ان کا چالیسواں بھی نہیں ہوا تھا کہ خاندان میں ایک اور موت واقع ہوگئی - اس سلسلے نے اتنا طول کھینچا کہ چالیس دن پورے نہیں ہوتے تھے کہ کسی ایک کا انتقال ہوجاتا اور یہ المناک سلسلہ کئی سال سے جاری ہے -

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی   

پیر، 16 جون، 2014

وراثت علم لدنی



 کشف   و   کرامات 


   ایک رات تہجد کی نماز کے بعد میں نے درود خضری پڑھتے ہوئے خود کو سیدنا حضور سرور کائنات علیہ الصلوٰة والسلام  کے دربار اقدس میں حاضر پایا اور مشاہدہ کیا کہ حضور اکرم صلّ الله علیہ وسلّم   تخت پر تشریف فرما ہیں - 

اس بندہ نے حضور صلّ الله علیہ وسلّم  کے تخت کے سامنے دوزانو بیٹھ کر درخواست کی :  

یا رسول الله صلّ الله علیہ وسلّم   ، اے الله کے حبیب صلّ الله علیہ وسلّم   ، اے باعث تخلیق کائنات صلّ الله علیہ وسلّم ، محبوب پروردگار ، رحمت اللعالمین صلّ الله علیہ وسلّم ، جن و انس اور فرشتوں کے آقا ، حامل کون و مکان ...
 مقام محمود کے مکین ،الله تعالیٰ کے ہم نشین ، علم ذات کے امین صلّ الله علیہ وسلّم ، خیر البشر صلّ الله علیہ وسلّم ، میرے آقا صلّ الله علیہ وسلّم ، مجھے علم لدنی عطا فرما دیجئے ...

میرے ماں باپ آپ صلّ الله علیہ وسلّم پر نثار ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت اویس قرنیٖٖؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت ابو ذرغفاریؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو آپ کے رفیق حضرت ابوبکر صدیقؓ کا واسطہ ...

آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت خدیجة الکبریٰؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت فاطمہؓ، حضرت علیؓ اور حسنینؓ کا واسطہ ، اپنے اس بندے پر نظر کرم  فرما دیجئے! اور علم لدنی عطا فرما دیجئے !

 میرے آقا آپ صلّ الله علیہ وسلّم  کو قرآن کریم کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو اسم اعظم  کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو تمام پیغمبروں کا واسطہ ، آپ  صلّ الله علیہ وسلّم کے جد امجد حضرت ابراہیمؑ کا واسطہ ، اور ان کے ایثار کا واسطہ ، میرے آقا صلّ الله علیہ وسلّم میں آپ صلّ الله علیہ وسلّم کے در کا بھکاری ہوں ...
 آپ صلّ الله علیہ وسلّم کے علاوہ کون ہے جس کے سامنے دست سوال دراز کروں - میں اس وقت تک آپ  صلّ الله علیہ وسلّم کے در سے نہیں جاؤں گا جب تک آپ صلّ الله علیہ وسلّم میرا دامن مراد نہیں بھر دیں گے - آقا صلّ الله علیہ وسلّم میں غلام ہوں ، غلام زادہ ہوں - میرے جد امجد حضرت ابو ایوب انصاریؓ پر آپ کی خصوصی شفقت و رحمت کا واسطہ ، مجھے نواز دیجئے -

دریائے رحمت جوش میں آگیا - فرمایا ..." کوئی ہے ؟ "  

دیکھا کہ حضور قلندر بابا اولیاؒء دربار میں آکر مؤدب ایستادہ ہیں ، اس طرح جیسے نماز میں نیت باندھے کھڑے ہوں - 

حضور بابا جیؒ نے نہایت ادب و احترام سے فرمایا ..." یا رسول اللهؐ ! میں آپ کا غلام حاضر ہوں -"

 سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام نے ارشاد فرمایا ..." تم اس کو کس رشتہ سے وراثت دینا چاہتے ہو ؟ "        

حضور قبلہ بابا صاحبؒ  نے فرمایا ..." یا رسول اللهؐ  ! اس کی والدہ میری بہن ہیں  -"

 سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام نے تبسم فرمایا اور ارشاد ہوا ... " خواجہ ابو ایوب انصاریؓ کے بیٹے ! ہم تجھے قبول فرماتے ہیں  - "

 اس وقت میں نے دیکھا کہ میں حضور قبلہ بابا صاحبؒ  کے پہلو میں کھڑا ہوں - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی