پیر، 16 جون، 2014

وراثت علم لدنی



 کشف   و   کرامات 


   ایک رات تہجد کی نماز کے بعد میں نے درود خضری پڑھتے ہوئے خود کو سیدنا حضور سرور کائنات علیہ الصلوٰة والسلام  کے دربار اقدس میں حاضر پایا اور مشاہدہ کیا کہ حضور اکرم صلّ الله علیہ وسلّم   تخت پر تشریف فرما ہیں - 

اس بندہ نے حضور صلّ الله علیہ وسلّم  کے تخت کے سامنے دوزانو بیٹھ کر درخواست کی :  

یا رسول الله صلّ الله علیہ وسلّم   ، اے الله کے حبیب صلّ الله علیہ وسلّم   ، اے باعث تخلیق کائنات صلّ الله علیہ وسلّم ، محبوب پروردگار ، رحمت اللعالمین صلّ الله علیہ وسلّم ، جن و انس اور فرشتوں کے آقا ، حامل کون و مکان ...
 مقام محمود کے مکین ،الله تعالیٰ کے ہم نشین ، علم ذات کے امین صلّ الله علیہ وسلّم ، خیر البشر صلّ الله علیہ وسلّم ، میرے آقا صلّ الله علیہ وسلّم ، مجھے علم لدنی عطا فرما دیجئے ...

میرے ماں باپ آپ صلّ الله علیہ وسلّم پر نثار ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت اویس قرنیٖٖؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت ابو ذرغفاریؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو آپ کے رفیق حضرت ابوبکر صدیقؓ کا واسطہ ...

آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت خدیجة الکبریٰؓ کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو حضرت فاطمہؓ، حضرت علیؓ اور حسنینؓ کا واسطہ ، اپنے اس بندے پر نظر کرم  فرما دیجئے! اور علم لدنی عطا فرما دیجئے !

 میرے آقا آپ صلّ الله علیہ وسلّم  کو قرآن کریم کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو اسم اعظم  کا واسطہ ، آپ صلّ الله علیہ وسلّم کو تمام پیغمبروں کا واسطہ ، آپ  صلّ الله علیہ وسلّم کے جد امجد حضرت ابراہیمؑ کا واسطہ ، اور ان کے ایثار کا واسطہ ، میرے آقا صلّ الله علیہ وسلّم میں آپ صلّ الله علیہ وسلّم کے در کا بھکاری ہوں ...
 آپ صلّ الله علیہ وسلّم کے علاوہ کون ہے جس کے سامنے دست سوال دراز کروں - میں اس وقت تک آپ  صلّ الله علیہ وسلّم کے در سے نہیں جاؤں گا جب تک آپ صلّ الله علیہ وسلّم میرا دامن مراد نہیں بھر دیں گے - آقا صلّ الله علیہ وسلّم میں غلام ہوں ، غلام زادہ ہوں - میرے جد امجد حضرت ابو ایوب انصاریؓ پر آپ کی خصوصی شفقت و رحمت کا واسطہ ، مجھے نواز دیجئے -

دریائے رحمت جوش میں آگیا - فرمایا ..." کوئی ہے ؟ "  

دیکھا کہ حضور قلندر بابا اولیاؒء دربار میں آکر مؤدب ایستادہ ہیں ، اس طرح جیسے نماز میں نیت باندھے کھڑے ہوں - 

حضور بابا جیؒ نے نہایت ادب و احترام سے فرمایا ..." یا رسول اللهؐ ! میں آپ کا غلام حاضر ہوں -"

 سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام نے ارشاد فرمایا ..." تم اس کو کس رشتہ سے وراثت دینا چاہتے ہو ؟ "        

حضور قبلہ بابا صاحبؒ  نے فرمایا ..." یا رسول اللهؐ  ! اس کی والدہ میری بہن ہیں  -"

 سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام نے تبسم فرمایا اور ارشاد ہوا ... " خواجہ ابو ایوب انصاریؓ کے بیٹے ! ہم تجھے قبول فرماتے ہیں  - "

 اس وقت میں نے دیکھا کہ میں حضور قبلہ بابا صاحبؒ  کے پہلو میں کھڑا ہوں - 

کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء ... مصنف ---  خواجہ شمس الدین عظیمی  

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں