اتوار، 4 مئی، 2014

زمان ماضی ہے


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



            ایک نشست میں حضور بابا صاحبؒ نے زمانیت اور مکانیت کی حقیقی طرزوں پر روحانی نقطۂ نظر سے روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا...    

ہر تخلیق دو رخوں کی شکل و  صورت میں وجود رکھتی ہے - چنانچہ زندگی کے بھی دو رخ ہیں - ایک وسیع تر رخ ( لاشعور ) اور دوسرا محدود تر رخ ( شعور ) -  


زندگی کا وسیع تر پہلو ( لاشعور ) زمان ہے  جس کی حدود ازل تا ابد ہیں اور محدود تر پہلو ( شعور ) مکان ہے جو دراصل زمان ( لاشعور ) کا تقسیم شدہ جزو ہے -


سوال یہ ہے کہ زمان فی الحقیقت ہے کیا ؟ اور زمان کی تقسیم یعنی مکانیت کیا ہے اور کس طرح وجود میں آتی ہے -

فرمایا  عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ زمانہ گزرتا رہتا ہے حالانکہ فی الحقیقت زمان ریکارڈ ( ماضی ) ہے - حال اور مستقبل علیحدہ کوئی وجود نہیں رکھتے بلکہ ماضی کے اجزاء ہیں -  


سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام  نے فرمایا ہے ...

" جو کچھ ہونے والا ہے ، قلم اس کو لکھ کر خشک ہوگیا -  "


یہاں تک گفتگو کے بعد حضور بابا صاحبؒ  نے اس حدیث کی تشریح بیان کرتے ہوئے فرمایا :  


ایک کتاب ہے جو لکھی جا چکی ہے یعنی ماضی ( ریکارڈ ) ہے - اب اس کتاب کو پڑھنے کی طرزیں مختلف ہیں - اگر کتاب شروع سے ترتیب و تسلسل سے پڑھی جائے یعنی ایک لفظ ، پھر دوسرا لفظ ، ایک سطر ، پھر دوسری سطر ، ایک صفحہ پھر ، دوسرا صفحہ ، پھر تیسرا علیٰ ہذا لقیاس اس طرح پوری کتاب کا مطالعہ کیا جائے -


مطالعے کی یہ طرز وہ ہے جو بیداری ( شعور ) میں  کام کرتی ہے -  انسان کا شعوری تجربہ یہ ہے کہ ایک دن گزرتا ہے ، پھر دوسرا ، ایک ہفتہ گزرتا ہے ، پھر دوسرا - اسی طرح ماہ و سال اور صدیاں اسی ترتیب اور اسی طرز سے یعنی ایک کے بعد ایک کرکے گزرتی رہتی ہیں -


منگل کے بعد جمعرات کا دن اس وقت تک نہیں آسکتا  جب تک بدھ کا دن نہیں گزر جاتا - اسی طرح شوال کا مہینہ اس وقت تک نہیں آسکتا جب تک کہ رمضان اور اس سے پہلے کے مہینے نہیں گزر جاتے - یہی طرز انسان کی شعوری طرز  ( بیداری ) ہے - اس طرز کو  روحانیت میں زمان متواتر یا زمان مسلسل ( Serial Time ) کہتے ہیں -


اس کے بعد خواب کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا    

مطالعہ کی دوسری طرز وہ ہے جو خواب میں کام کرتی ہے - ایک شخص خواب میں دیکھتا ہے کہ وہ ابھی لندن میں ہے اور ایک لمحے بعد دیکھتا ہے کہ وہ کراچی میں ہے -

یہ  بات ذہن کی اس واردات سے متعلق ہے جس کا نام غیر متواتر زمان    (Non- Serial Time ) یا لاشعور ہے - غیر متواتر زمان( لاشعور ) دراصل کتاب کے مطالعہ کرنے کی وہ طرز ہے جس میں زمان متواتر کی ترتیب حذف ہوجاتی ہے -

خواب میں انسان کی ذہن کی رفتار اتنی بڑھ جاتی ہے کہ وہ لاشعور میں داخل ہوجاتا ہے اور جو کچھ خواب میں نظر آتا ہے وہ زیادہ تر مستقبل میں پیش آنے والے واقعات سے متعلق ہوتا ہے -



بعض اوقات خوابوں کے ذریعے انسان کو ان حادثات سے محفوظ رہنے کے لئے اشارات ملتے ہیں جو مستقبل میں پیش آنے والے ہوتے ہیں اور ان احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے ان حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے بعض اوقات غیر ارادی طور پر بیداری میں انسان کی چھٹی حس اسے آنے والے حادثات سے خبردار کردیتی ہے -



اس قسم کے بہت سے واقعات لوگوں کے ساتھ پیش آتے ہیں - ان سب کی توجیہہ ایک ہی ہے کہ ذہن ایک لمحے کے لئے زمان متواتر ( شعور ) سے نکل کر غیر متواتر زمان ( لاشعور ) کی حدود میں داخل ہوجاتا ہے اور آنے والے واقعہ کو محسوس کرلیتا ہے - 


لیکن یہ چیز غیر ارادی طور پر وقوع پزیر ہوتی ہے - اگر اس واردات پر مراقبہ کے ذریعے غلبہ حاصل کرکے ارادے کے ساتھ وابستہ کرلیا جائے تو بیداری کی حالت میں بھی آئندہ پیش آنے والے واقعات کا مطالعہ اور مشاہدہ کیا جا سکتا ہے -



اس لئے کہ ( متواتر زمان کی حدود میں ) جو کل ہوگا وہ ( غیر متواتر زمانے کی حدود میں ) آج بھی موجود ہے اور کل ( ماضی میں ) بھی موجود تھا -  یہاں  یہ  بات  واضح  ہوجاتی  ہے  کہ  زمانہ   صرف   ماضی ( ریکارڈ ) ہے - حال اور مستقبل صرف کتاب کے مطالعے کی طرزوں میں اختلاف سے وجود میں آئے ہیں -


اس کی مثال ایسی ہے کہ ایک شخص سنیما میں فلم دیکھ رہا ہے - فلم کے مناظر ایک ترتیب کے ساتھ اس کی نظروں کے سامنے آرہے ہیں - جو منظر اس کی آنکھوں کے سامنے ہے اسے وہ حال (Present ) سے اور گزرے ہوئے مناظر کو ماضی ( Past ) سے اور آنے والے مناظر کو مستقبل ( Future ) سے تعبیر کرتا ہے حالانکہ ساری فلم ماضی ہے -  

چونکہ ماضی اور مستقبل شعوری طور پر انسان کے سامنے نہیں ہوتے اس لئے وہ سمجھتا ہے کہ زمانہ گزرتا جا رہا ہے - مطلب یہ ہے کہ سارا زمانہ ماضی ( فلم ) ہے - فرق صرف زمانہ کا مطالعہ کرنے کی طرزوں میں ہے -

پہلی طرز  اپنے اندر ایک ترتیب رکھتی ہے - یہ طرز زمان متواتر ہے - دوسری طرز میں لمحات یکے بعد دیگرے واقع نہیں ہوتے بلکہ یکایک ذہن ایک لمحے سے جست کرکے کئی لمحے بعد کے زمانے میں داخل ہوجاتا ہے -یہ طرز زمان غیر متواتر ہے -

میں (حضور بابا جی)  کہہ چکا ہوں کہ ازل سے ابد تک کا تمام زمانہ ماضی ( ریکارڈ ) ہے اور جو لمحہ اس سارے زمانے کا احاطہ کرتا ہے اس کو اہل روحانیت لمحہ حقیقی یا زمان حقیقی  ( Real Time ) کہتے ہیں -

اسی زمانہ کا تذکرہ  سیدنا حضورعلیہ الصلوٰة والسلام  نے اپنی حدیث مبارکہ میں ان الفاظ کے ساتھ ارشاد فرمایا ہے کہ جو کچھ ہونے والا ہے ، قلم اس کو لکھ کر خشک ہو چکا ہے - یعنی لازمانیت ( لمحہ حقیقی ) کی حدود میں ہر چیز مکمل طور پر ہوچکی ہے - جو کچھ ہو رہا ہے وہ ماضی کا ایک حصہ ہے -



کتاب ... تذکرہ قلندر بابا اولیاؒء    مصنف ... خواجہ شمس الدین عظیمی 


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں