اتوار، 17 اگست، 2014

طب عظیمؒ -- 3


 طب عظیمؒ 


پیروں کے پٹھے اور پنڈلیوں کا بے کار ہونا ...    

ایک مرتبہ شام کے وقت ایک صاحب اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ تانگے میں آئے اور بابا صاحبؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے - عرض کی کہ چار سال ہوگئے پیروں نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے ، ایسا لگتا ہے منجمد ہوگئے ہیں ہر وقت سن رہتے ہیں ، بہت جگہ علاج کروا لیا ہے - کہیں آنا جانا تو دور کی بات ہے بول و براز تک کی محتاجی ہوگئی ہے -  


بابا صاحبؒ نے انہیں تسلی دی اور علاج بتایا کہ آپ کالے تلوں کا تیل اپنے کسی معتبر آدمی کے سامنے نکلوایئے اور یہ تیل آدھ سیر لے کر اس پر ...  کل شیئی یرجع الی اصلهٖ  ... گیارہ ہزار مرتبہ پڑھ کر دم کریں اور یہ تیل کسی بوتل میں کارک لگا کر محفوظ کرلیں -

 پڑھنے کا طریقہ یہ ہے کہ ایک نشست میں جتنی بار پڑھ سکیں ( کم از کم ایک ہزار بار پڑھنا ضروری ہے ) پڑھ کر کارک کھول کر بوتل میں پھونک ماردیں اور کارک بند کردیں -اس طرح گیارہ ہزار کی تعداد پوری کرلیں اس کے بعد یہ تیل روزانہ تین ماشہ روٹی پر چپڑ کر کھائیں اور تین تین ماشہ روزانہ ہلکے ہاتھ سے دونوں گھٹنوں پر مالش کریں -  

 دو ہفتوں بعد وہ صاحب آئے تو لاٹھی کے سہارے چلنے لگے تھے - بابا صاحبؒ کا بہت ممنونیت سے شکریہ ادا کرنے لگے کہ سالوں کی محتاجی ختم ہوگئی - بابا صاحبؒ نے انہیں مکمل صحت یابی تک اسی علاج کا مشورہ دیا اور وہ صاحب کچھ عرصے بعد بغیر کسی سہارے کے چلنا شروع ہوگئے -    


چشمہ چھڑانے کے لئے ... 

 ایک خاتون اپنی بچی کو لے کر حضور قلندر باباؒ کے پاس آئیں اور بچی کے طرف اشارہ کرکے بتایا کہ یہ دسویں جماعت میں ہے لیکن نامعلوم کیوں اس کی نظر کمزور ہوتی جارہی ہے حالانکہ پہلے بالکل ٹھیک تھی -


ڈاکٹروں کو دکھایا تو انہوں نے چشمہ لگوایا لیکن کچھ دنوں بعد چشمے سے بھی دھندلا نظر آنے لگا اور چشمہ بدلوانا پڑا - بہت پریشانی ہوگئی ہے دن بہ دن نظر گر رہی ہے -

 بابا صاحبؒ نے انہیں کہا کہ بچی کو اصلی شہد روزانہ استعمال کرائیں - جو نسخہ تجویز کیا وہ کچھ یوں ہے -
  مہندی ایک چھٹانک دہی کے پانی میں حل کرلیں تھوڑا سا سرسوں کا تیل ملا کر تلووں میں لگائیں ، ہفتہ میں ایک  مرتبہ -  تین چار ہفتے تک یہ عمل کریں -
 الله کا کرنا ایسا ہوا کہ بچی کی نظر بہت جلدی بحال ہوگئی اور چشمہ بھی اتر گیا - 

لالچ سے پیدا ہونے والے امراض ...  

 حضور بابا صاحبؒ کے پاس ایک عورت جس کے پیٹ میں رسولی تھی ، اپنے جوان بیٹے کے سلسلے میں حاضر ہوئیں اور بتانے لگیں کہ بیٹے کی دو سال قبل شادی ہوئی ہے - پہلے وہ کپڑے کی دکان چلاتا تھا اور پیسے مجھے لا کر دیتا -


 اب امپورٹ ایکسپورٹ کا بزنس کرنے لگا ہے اس کی آمدنی بھی بڑھ گئی ہے لیکن مجھے اب بھی لگے بندھے پیسے دیتا ہے اور باقی روپے اپنے اور اپنی بیوی کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دیتا ہے - میں بیمار رہتی ہوں پیٹ میں رسولی ہے ، بلڈ پریشر بھی رہتا ہے اور عجیب عجیب وسوسے آتے ہیں -آپ مجھے کوئی ایسا وظیفہ بتائیں کہ میرا بیٹا میرے تابع فرمان ہوجائے اور سب پیسے مجھے ہی لا کر دے -

  بابا صاحبؒ نے انہیں بہت پیار سے سمجھایا اور بتایا کہ آپ کا بیٹا اب بھی فرمانبردار ہے - پیٹ کی رسولی ، بلڈ پریشر اور ذہنی انتشار وغیرہ یہ سب لالچ کے پیدا کردہ امراض ہیں - بیٹے کی طرف سے مطمئن رہیں - آپ شہد لگی روٹی کھائیں انشاء الله جلد ہی تندرست بھی ہوجائیں گی اور پرسکون بھی -   

 لیکوریا کا علاج ...

  لیکوریا کی ایک پرانی مریضہ کے لئے جو بہت کمزور ہوگئی تھی اور علاج سے فائدہ نہیں ہورہا تھا -
  بابا صاحبؒ نے اسے جو علاج تجویز کیا وہ اس طرح سے ہے ... انڈوں کے چھلکے اتنے جلائیں کہ وہ سرخ ہوجائیں - کھرل میں ڈال کر باریک پیس لیں - ایک ایک ماشہ صبح دوپہر شام تازہ پانی سے استعمال کریں -

نزلہ ، کانوں میں پیپ آنا ...

  دو نوجوان ایک مرتبہ بابا صاحبؒ کے پاس آئے جب انہیں بابا صاحبؒ سے ملوایا گیا تو بابا صاحبؒ کے پاس دونوں چپ چاپ بیٹھے رہے- پھرایک لڑکا عرض کرنے لگا حضرت میرا دوست کافی سالوں سے بیمار ہے - قلندر باباؒ نے دوسرے لڑکے کے سر پر ہاتھ رکھا تو وہ کہنے لگا حضور کانوں سے پیپ آتی ہے اور مستقل نزلہ رہتا ہے -

 بابا صاحبؒ نے اسے تسلی دی کہ ... "بیٹا آپ ٹھیک ہوجائیں گے ، ایسا کریں سونف صاف کرکے دو حصہ کر لیجئے - ایک حصّہ بھون لیں اور ایک حصہ کچا رکھئے - دونوں کو ملا لیجئے - کھانا کھانے کے بعد اس میں سے تین ماشہ کھا لیا کریں اور ٹھنڈا پانی پینا بالکل ترک کردیں - "

 کچھ ہفتوں بعد اس لڑکے کا دوست ایک خط لے کر آیا ، بتایا کہ میرا دوست مشرقی پاکستان ( موجودہ بنگلہ دیش ) چلا گیا ہے اس کا خط آیا ہے - خط میں اس نے بابا صاحبؒ کو سلام لکھا اور بتایا کہ اب وہ تندرست ہے -


 مرتبہ ... مشعل رحیم   روحانی ڈائجسٹ ...فروری 2001ء

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں