جمعہ، 22 اگست، 2014

حکایات عظیمؒ -- 1 ( تعارف )


 حکایات عظیمؒ  

تعارف ... 

   حضور قلندر بابا اولیاؒء ایک  خوش طبع ، نفاست پسند اور با وضع انسان تھے - آپؒ کی طبیعت میں مزاح بھی تھا - ازروۓ لغت مزاح کے معنی  " ہنسی ، خوش طبعی ، ٹھٹھا ، ظرافت اور مذاق " کے ہیں -       

درج بالا معانی کو سامنے رکھا جائے تو آپؒ ہنستے تھے اس طرح کہ دہانہ قدرے کھل جاتا تھا - چہرہ پر شگفتگی چھا جاتی تھی اور حلق سے ہلکی سی آواز نکلتی تھی - کسی نے آپؒ کو ٹھٹھا ( قہقہہ ) مارتے نہیں سنا - آپؒ نے کسی کی ہنسی بھی نہیں اڑائی -
بیشتر اوقات خاموش رہتے لیکن جب روحانی مصروفیات اجازت دیتیں تو گفتگو فرماتے - کسی کے زبانی سوال یا نا گفتہ الجھن کا تسلی بخش جواب عنایت فرماتے یا پھر اپنی طرف سے کسی بات کو بیان فرماتے -    
حضور بابا صاحبؒ اپنے شاگردوں یا احباب کے ساتھ اپنی گفتگو میں بعض اوقات مختلف حکایات بھی بیان کیا کرتے تھے - ان میں سے کئی حکایات کو خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب ، سلسلہ عظیمیہ کے ارکان غلام رسول قادری العظیمی ، پروفیسر فقیر محمّد شیخ ، احمد جمال عظیمی اور دوسرے اصحاب نے قلمبند بھی کیا -
ان میں سے دستیاب حکایات یہاں پیش کی جارہی ہیں - ان دلچسپ حکایات کے مطالعہ سے  بابا صاحبؒ کے نفیس ذوق ظرافت کی بھی نشاندہی ہوتی ہے -


چغل خور

   حضرت موسیٰ علیہ السلام کے زمانہ میں ایک بستی میں سخت قحط پڑا - ایک عرصہ کے بعد کچھ لوگ حضرت موسیٰؑ کے پاس دعا کے لئے پہنچے - حضرت موسیٰؑ نے کہا کہ الله میاں سے پوچھ کے بتاؤں گا -

 چنانچہ جب وہ طور پر الله تعالیٰ سے ہم کلام ہوئے تو آپ نے گاؤں والوں کی درخواست پیش کردی -

الله تعالیٰ نے فرمایا ... 
                 اے موسیٰؑ اس بستی میں ایک چغل خور ہے
                اس کی وجہ سے ہی بستی پر ادبار آیا ہے -

 موسیٰؑ گویا ہوئے  ...  یا الله مجھے اس بندے کا نام بتائیے -

الله تعالیٰ نے فرمایا ...
 اے موسیٰ ..  کیا تم مجھ سے غیبت کراؤ گے ؟ 


جنت  

 حضورعلیہ الصلوة والسلام کے سامنے ایک خاتون آئیں - کافی ضعیف تھیں - دعائے خیر کی استدعا کی -

 آپ صلّ الله علیہ وسلّم  نے فرمایا ...

" جنت میں نوجوان عورتیں اور مرد ہی جائیں گے - "

 خاتون بہت ملول ہوئیں تو آپ صلّ الله علیہ وسلّم  متبسم ہوئے اور فرمایا کہ ...
" پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے -
 جنت میں سب لوگ جوان ہوجائیں گے - "



کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں