جمعرات، 31 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ--5

مکارم اخلاق


   قلندر بابا اولیاؒء بچپن سے کوئی غیر مہذب کھیل عام لڑکوں کے ساتھ کھیلنے اور ان سے بے تکلف ہونے سے اجتناب کرتے تھے قلندر بابا فطرتا ذہین ، خوش اخلاق ، مہذب اور ملنسار تھے اور اچھے برے کی تمیز رکھتے تھے ...

 اپنے احباب کے ساتھ اخلاق و محبت سے پیش آتے اور حسب استطاعت خاطر مدارات کرنے  میں کوئی  فروگزاشت نہ کرتے تھے - پڑھنے کے وقت انہماک سے پڑھتے تھے اور   کھیل کے وقت لڑکوں کا کھیل دیکھتے رہتے لیکن ان کے ساتھ کھیل میں شریک نہیں ہوتے ...

 اوائل عمر ہی سے آپ کی طبیعت میں سادگی متانت اور ہمدردی تھی .. کسی کی پریشانی اورتکلیف  کو محسوس کرتے اس کی دلجوئی کرتے اور حتی المقدور ان کے کام آتے ... آپ اپنے ہم عمر ساتھیوں سے آپ جناب سے گفتگو کرتے --  یہ تمام اوصاف آپ کی ذات میں بچپن سے قدرت نے ودیعت کئے تھے جن کی وجہ سے آپ کے ہم سن آپ کا ادب و احترام کرتے تھے --

                                                 تحریر --- سید نثارعلی بخاری

منگل، 29 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ--4




محلہ پیرزادگان    



    قصبہ خورجہ میں راقم الحروف (   سید نثارعلی بخاری )  کے نانیہال کے تین مکانات تھے - ان میں سے دو  مکانوں میں قلندر بابا کے والد ماجد سکونت پزیر تھے اور ایک مکان میں میرے ماموں زاد بھائی سید عبّاس علی سبزواری معہ متعلقین رہتے تھے...



 بچپن میں جب میں اپنے ماموں زاد بھائیوں کے یہاں خورجہ جایا کرتا تھا تو ان تینوں مکانوں کے چبوترہ پر میں اور قلندر بابا ساتھ کھیلتے اور باتیں کیا کرتے تھے اسی چبوترہ کے بالمقابل مسجد ہے ... اس کے مکتب میں قلندر بابا قرآن کا درس لیا کرتے تھے ..



 میں بھی اس زمانہ میں قرآن پاک ہی پڑھتا تھا چنانچہ میں بھی قلندر بابا کے ساتھ مکتب پڑھنے چلا جاتا تھا .. اس کے علاوہ مولانا شیرازی صاحب سے بھی کچھ عرصہ ابتدائی تعلیم قلندر بابا اور میں نے حاصل کی اس طرح میری اور قلندر با با کی دوستی کا آغاز ہوا --


                                    تحریر --- سید نثارعلی بخاری


پیر، 28 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ --3




حضور قلندر بابا اولیاؒء   کے حالات زندگی


 پر ایک نایاب دستاویز 


تحریر :  سید نثارعلی بخاری صاحب 

                  ما قصّہ سکندر و دارا نہ خواندہ ایم 
                  از ما بجز حکایت مہر و وفا مپرس 







الحمد للہ رب العالمین والصلوة والسلام علیٰ رحمتہ ا للعالمین                                  صلّ   الله   علیہ   وسلّم 



بے حد ثناء اس ذات وحدہٗ لا شریک کی کہ جس نے جمیع کائنات کو پیدا کیا اور انسان کو اشرف المخلوقات کے اعزاز سے مشرف فرمایا اور اپنے اسماء صفات کے عکس نور سے منور فرمایا اور اپنے مخصوص بندوں کو اپنے حبیب پاک کے  صدقے و نسبت سے عارف کائنات یعنی کاشف نکات طریقت و مصیرح اسرار و رموز معرفت و حقیقت بنایا اور اپنے 
دوستوں کی مثال میں

          الا ان اولیاء الله لا خوف علیہم ولا ھم یحزنون   


 ارشاد فرمایا --اس دشوار گزار راستے میں قدم قدم پر اس دنیا کی دلکشی اور فریب سے دامن بچا تا ہوا اپنی امکانی کوششوں اپنے مرشد کامل کی رہنمائی  حضورعلیہ الصلوة والسلام  کی محبت و وساطت اور خداۓ لم یزل کی نظر کرم سے محیر العقول مشاہدات کرتا ہوا انسان حق الیقین کی منزل میں پہنچ جاتا ہے
 اس وقت اس پر اسرار رموز الوہیت منکشف ہوتے ہیں ....   

قلندر بابا اولیاؒء بھی ایسے ہی مقبول بارگاہ ایزدی برگزیدہ بندوں میں سے تھے --

قلندر بابا قصبہ خورجہ ضلع بلند شہر یو- پی  بھارت میں پیدا ہوۓ - آپ کے جد امجد الله دین صاحب شمس آباد ضلع کیمبل پور سے پولیس کی ملازمت کے سلسلہ میں ضلع بلند شہر میں آۓ تھے اور ریٹائر ہونے کے بعد انہوں نے یہیں کی سکونت اختیار کرلی ...
  قلندر بابا کے پدر محترم منشی شیردل صاحب نے ضلع  بلند شہر میں ہی تعلیم حاصل کی اور ضلع  بلند شہر کی تحصیل خورجہ میں آنریری اسسٹنٹ کلیکٹر کے پیشکار ہوگئے --

ہفتہ، 26 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ --2




       حضور قلندر بابا اولیاؒء  کا وہ خط ..( اس زمانہ میں عمومی رائج پوسٹ کارڈ )   مورخہ 7 جولائی 1947 ء... جسے آپ نے دہلی سے سید نثارعلی بخاری صاحب کی خدمت میں بلند شہر کے پتہ پر ارسال کیا تھا --

        
    اس خط میں  حضور بابا صاحبؒ کا اظہار محبت و رفاقت کے علاوہ وہ لازوال پیرایہ شکر و احسان بھی قلمبند ہے جو آپ کے قلب پاک میں قیام پاکستان کے اعلان جون 1947ء کے بعد موجزن ہوا تھا --
   
   یہ جذبہ تشکر تخلیق پاکستان کا روحانی پہلو ہے... جس میں قیام و بقاۓ پاکستان کی نوید مضمر ہے-- کاش ہم اہل پاکستان  ﷲ تعا لیٰ  کی اس عظیم نعمت  " پاکستان  " کا والہانہ احساس و تشکر و عقیدت اپنے قلب و نظر کی گہرائیوں میں بیدار کر سکیں -- 



دہلی    
     ٧ جولائی ١٩٤٧    
 بروز پیر      


                جان سے زیادہ عزیز بھائی صاحب تسلیم -

      ایک عرصہ ہوا کہ میں خدمت اقدس میں آنا چاہتا ہوں لیکن ابتک ممکن نہ ہوا - آپ نے ضرور انتظار کیا ہوگا -اس احساس سے میرا دل شرمندہ ہے بھائی صاحب فی الحقیقت میری عمر کے کئی سالوں کی جمع شدہ شرمندگیاں بہت ہیں تاہم میں آپ سے اپنی ہر نئی خطا پر ایک نئی معافی کی مستحکم امید رکھتا ہوں -

یہ سچ ہے کہ میری نگاہ میں آپ کے تصور کی قدر و وقعت اتنی ہے جتنی چاند سورج کی دلفریب شعاعوں کی اس لئے صرف آپ کی یاد ہی میرے دل کی مسرت ہے لیکن میں اس مسرت سے زیادہ کا طالب ہوں -  

اب لازماً میرے کوشش یہی ہونی چاہیے کہ آپ کی زیارت کروں ظاہر ہے کہ اس کے لئے اللہ قادر مطلق کا ایماء درکار ہے - 

بھائی میں پہلے خداۓ ذوالجلال   کے فضل و احسان یعنی " پاکستان " کی مبارک باد آپ کی جناب میں پیش کرتا ہوں .. میں نہیں بتا سکتا کہ مسلمانوں کو عرض محبت اور شکر گزاری کے کتنے آنسو اس سلسلہ میں عرش رب العزت کے سامنے پیش کرنے چاہئیں - کاش ہمارے دلوں میں وہ پاک نور ہوتا جس  کی روشنی میں مشیت کے اکرام نظر آسکتے -


...    نام محمّد (صلعم) زندہ باد  ...       کاش آنجناب رسالت کی شدت محبت سے میرا دم نکل جاۓ جب ان کے نام پر مسلمانوں کو پکارا گیا خواہ کسی نے پکارا الله جل وعلیٰ  نے منادی کرنے والوں اور پکارے جانے والوں کو کامیاب کردیا -ہمیشہ اس نام کی قوت کے آگے زمین و آسمان جھک گئے ہیں -

معلوم نہیں کہ مجھے اور کیا کہنا چاہئے  لیکن میں آپ کو ایک بار پھر مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ آپ اس ذکر کی تکرار کے مستحق ہیں --                                                                                                                                                                                     فقط  والسلام  

                                                                              آپکا ادنیٰ خادم                                                                                          فقیر عظیم 



بخدمت عالے جناب بھائی صاحب
سید نثار علی عارف بخاری
نزدیک جامع مسجد بزریہ اوپر کوٹ
بلند شہر.Buland Shahr   u.p


جمعہ، 25 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ-- 1



حضور قلندر بابا اولیاؒء  اور سید نثار علی بخاری صاحب کے درمیان محبت اور انسیت کی گہرائی کی ہلکی سی جھلک حضور بابا صاحبؒ کے اس منظوم فراق نامہ میں دیکھی جا سکتی ہے جو آپ نے اپنے مہربان زندگانی اور یار جانی سید نثار علی بخاری کے نام اپنے قیام باغپت (یو- پی ) سے     5 دسمبر 1942ء کو لکھا تھا...


 اس نظم کے ذیل میں بابا صاحبؒ نے اپنی ایک غزل بھی تحریر فرمائی ...  اس غزل میں حضور قلندر بابا اولیاؒء نے اپنا قلمی تعارف  " زار و نزار  "  کے معنوی لقب سے کرایا ہے --


  
 السلام اے مہربان زندگانی السلام    
                                             اے نشاط بزم دل اے یار جانی السلام        
اک  فقیر بےنوا کے دل میں تیری یاد ہے  
                                   تو خفا ہے جس سے وہ تیرے لئے ناشاد ہے    
شمع گر خواہد کہ سوزد خرمن پروانہ را    
                                      جز بہ طاعت شرط نبود مذھب دیوانہ را 
تو گلستان وطن کا سرو ہے شمشاد ہے      
                                     مرحبا اس انجمن پر جس میں تو آباد ہے 

باغ جنت سے فزوں تر ہے مجھے وہ انجمن    
                                      جس میں ہوتے ہیں میرے احباب سرگرم سخن   
                   
                 میرے دل  کی  خواہش  ان  آستانوں  پر نثار  
                جو کہ ہیں قدموں سے یاران وطن کے ہمکنار 

اے صبا لیجا پیام شوق اس منزل کے نام  
                                     فرض ہے جسکے ہر اک کوچہ کا مجہپر احترام 
سر جھکا کر عرض کرنا وہ ادب کا ہے مقام  
                                     دوستداران  سرور  و   شادمانی       السلام 

میں تمہیں محسوس کرتا ہوں دل و جاں کے قریب  
                                     پر تم  بھولے ہوئے ہو مجھکو  یہ میرا نصیب  
وہ سحر وہ شام وہ راتوں کی مجلس  یاد ہے    
                                     ان  بہاروں  کے  لئے دل  مائل فریاد  ہے 
اس زمین کی یاد میں قلب حزیں بیمار ہے      
                                    جس کا ہر ذرہ تمہارے سایہ سے گلزار ہے 
                 
                   روزگار شد کہ من کشتی در آب انداختم        
                   کار درد و بندگی با عجز و زاری ساختم   



غزل


عشق ہی میرا سفر ہے عشق ہی کاشانہ ہے  
                                    میں وہی کشتی ہوں جسکا ناخدا دیوانہ ہے 
یاد ہیں وہ دن کہ سر تھا اور لطف پاۓ دوست  
                                    اب وہی سر کوہ و صحرا کے لئے افسانہ ہے 
شمع  اپنے  ساتھ  دور  زندگانی  لے  گئی      
                                  کچھ نہیں محفل میں  اک  خاکستر  پروانہ  ہے 
دل رہا میرا وہ صورت جلوہ گر جب تک رہی  
                            اب میں بیگانہ ہوں دل سے مجہہ سے دل بیگانہ ہے 
میں ہوں اور میخانہ خون محبت ہے عظیم      
                                 زندگی   میری   فقط   اک   جرأت  رندانہ  ہے 
                                                              
                                                                                زارؔ و نزار 

بدھ، 23 اکتوبر، 2013

ہمدم دیرینہ تعارف

ہمدم  دیرینہ 



    حضور قلندر بابا اولیاؒء کے حالات زندگی پر ایک نادر الوجود تاریخی ورثہ اور دستاویز جسے  حضور قلندر بابا اولیاؒء کے بچپن کے دوست اور ہمدم دیرینہ محترم سید نثارعلی بخاری مرحوم نے تحریرکیا  اور حضور بابا صاحب سے اپنی محبت و عقیدت کا حق ادا کردیا ...

 یہ تاریخی دستاویز  "  ہمدم دیرینہ  "  کے عنوان سے شایع کی جا رہی ہے 

قبل اس کے کہ یہ دستاویز پیش کی جاۓ بہتر معلوم ہوتا ہے کہ محترم سید نثارعلی بخاری صاحب کا مختصر تعارف پیش کردیا جاۓ-- 

 محترم سید نثارعلی بخاری صاحب کے مورث اعلیٰ   حضرت سید محمّد ہاشم بخاری رحمتہ الله علیہ مغل شہنشاہ شہاب الدین شاہجہاں کے عہد حکومت میں تبلیغ اسلام کی غرض سے بخارا سے دہلی آئے اور آپ نے موضع رامپور کاتولی ضلع بلند شہر   کو اپنا مستقر بنایا --

1857ء کے پر آشوب دور میں بخاری صاحب کے دادا سید سعادت علی بخاری نے نواب مالا گڑھ ضلع بلند شہر کے ساتھ علم اسلام بلند رکھنے کی جدوجہد کے دوران مرتبہ شہادت پایا اور ان کی نسل شاہی عطیات سے محروم کردی گئی --

سید نثار علی بخاری 1905ءمیں موضع رامپور کاتولی ضلع بلند شہر میں پیدا ہوۓ ... ابتدائی تعلیم و تربیت قصبہ شاملی ضلع مظفر نگر میں ہوئی اور پاکستان ہجرت کے وقت تک بلند شہر میں مقیم رہے ...  بخاری صاحب کو دین ،سیاست ،قانون اور ادب سے فطری لگاؤ تھا ...

1935ء  سے شعر و سخن میں زیادہ دلچسپی لینی شروع کی ...  شعر گوئی میں ان کا کوئی استاد نہیں تھا البتہ بچپن کے دوست حضرت محمّد عظیم برخیا سے وقتاً فوقتاً مشورہ حاصل کرتے رہتے تھے .. بخاری صاحب نے شاعری میں  *عارؔف * تخلص اختیار کیا-- 


بخاری صاحب کا اپنے ہمدم دیرینہ  حضور قلندر بابا اولیاؒء  سے دوستی کا زمانہ ستر برسوں پر محیط ہے --

وابستگان سلسلہ عظیمیہ خصوصا اور عام معتقدین اس حقیقت سے  واقف ہیں کہ حضور قلندر بابا اور حضرت سید نثار علی بخاری صاحب کے درمیان کتنی باہمی چاہت و رفاقت تھی ... 

یہ اسی دائم و قائم رہنے والی رفاقت و یگانگت کا اعجاز و کشش تھی کہ سید صاحب اپنی زندگی کے آخری دنوں تک صحت و توانائی کے جواب دیے جانے کے باوجود اپنے رفیق و دمساز کی ابدی آرام گاہ خانقاہ عظیمیہ واقع شادماں ٹاؤن نارتھ کراچی پر تشریف لاتے رہے اور اپنی ہمہ جہت علمی و ادبی معلومات اور تجربہ سے عقیدت مندوں کو فیض پہنچاتے رہے --

 سید نثار علی بخاری یکم نومبر 1985ء کو اس جہان فانی سے کوچ کر گۓ --

پروفیسر فقیر محمّد شیخ عظیمی صاحب  ، سابق صدر شعبہ انگریزی گورنمنٹ کالج ناظم آباد کراچی  نے  سید نثار علی بخاری صاحب کے شعری مجموعہ کو  " کلام عارف  "  کے عنوان سے کتابی شکل میں شایع کرایا --  

 اس کتاب میں حضور بابا صاحب کے حالات زندگی پر بخاری صاحب کی تحریر کردہ تاریخی دستاویز کے علاوہ  حضور بابا صاحب کے بخاری صاحب کو تحریر کردہ دو عدد پوسٹ کارڈ خط اور ایک نایاب و یادگار تصویر بھی شایع کی گئی ہے --

 تعالیٰ پروفیسر فقیر محمّد شیخ عظیمی صاحب  مرحوم کوبلند درجات عطا فرماۓ کہ انہوں نے ان نادر دستاویزات کو محفوظ کرنے کا انتظام کیا-- 

اگلی اشاعتوں میں حضور قلندر بابا اولیاؒء کے بخاری صاحب کو تحریر کردہ دونوں خط اور یادگار تصویر شامل اشاعت کی جاۓ گی --

منگل، 22 اکتوبر، 2013

ڈگری

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 




ایک صاحب نے خواجہ صاحب سے قلندر کے متعلق دریافت کیا تو فرمایا ..... قلندر کوئی عہدہ نہیں ہے .. یہ ایک طرح سے ایک ڈگری ہے ... نیوٹرل طرزفکر رکھنے والے ذہن کو قلندر کہتے ہیں --

ذہن جب انا کے خول سے آزاد ہو جاتا ہے تو وہ نیوٹرل کہلاتا ہے ... انسان کو عطا کی گئیں صلاحیتیں بھیک ہیں .. بخشش ہیں ... انسان کی ملکیت نہیں -- شریعت میں ملکیت ہے -- قلندریت اور شریعت میں یہی فرق ہے --
                                     
                     قلندر جز دو حرف لا الہ کچھ نہیں رکھتا 
                     فقیہہ شہر قاروں ہے لغت ہاۓ حجازی کا 
   
 قلندر آزاد ذہن ... ملکیت سے آزاد ذہن ... نیوٹرل طرزفکر رکھنے والے بندے کو کہتے ہیں --


اتوار، 20 اکتوبر، 2013

غیرجانبدارطرزفکر



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



سلسلہ عظیمیہ کے سینئر کارکن اور  حضور بابا صاحبؒ کی معرکة الآرا کتاب لوح و قلم  کے انگریزی مترجم  ڈاکٹر مقصود الحسن صاحب نے عظیمی صاحب سے اپنی ایک پرانی الجھن کا تذکرہ کیا کہ.....

 سلسلے کے افراد کا ذہن تو پیر و مرشد کی طرف لگا رہتا ہے .... ان کو اپنا ذہن مرشد کے تابع رکھنا یوں بھی لازم ہوتا ہے تو پھر یہ جو   حضور قلندر بابا اولیاؒء   نے اپنے خط میں غیر جانبدار ذہن رکھنے کی بات فرمائی ہے اس کا کیا مطلب ہوا .. وہ بات سلسلے والوں کے لئے تو نہیں ہو سکتی --
     
 فرمایا .....   حضور قلندر بابا اولیاؒء نے اپنے خط میں بڑی باریک بات فرمائی ہے -- مرید کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنا ذہن اپنے پیر و مرشد کی طرف رکھے کیونکہ پیر و مرشد کی طرز فکر غیرجانبدارطرزفکر ہوتی ہے...
 اور مرید کو وہی طرزفکر تو منتقل کیا جانا اصل مقصد ہوتا ہے اور یہ مقصد تبھی حاصل ہوسکتا ہے جب مرید اپنا ذہن استعمال کرنے کے بجاۓ اپنے مرشد کی طرز فکر اپنانے کی طرف متوجہ رہے --


ہفتہ، 19 اکتوبر، 2013

سوچ

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


 یہ مضمون حضرت  خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی جنبش قلم کا نتیجہ ہے جو جنوری 1990ء میں روحانی ڈائجسٹ کے صفحات کی زینت بنا -- اس مضمون میں سے چند اقتباسات پیش خدمت ہیں -- 

میرے مرشد کریم حضور قلندر بابا اولیاؒء اکثر فرماتے تھے کہ .....


" انسان کی یہ عادت ہے کہ وہ گفتگو میں بہت زیادہ مبالغہ آرائی اور استعارے سے کام لیتا ہے یہاں تک کہ اگر کسی آدمی کی تعریف کرنا مقصود ہوگی تو اسے عرش تک پہنچا دے گا اور جب اس سے ناراض ہوجاۓ گا تو اسی آدمی کو فرش نہیں بلکہ تحت الثریٰ میں لے جانے کی کوسشش کرے گا "--

یہاں میں اپنا ایک واقعہ بیان کروں .....  میرے ایک پیر بھائی تھائی لینڈ میں مقیم ہوگئے اور انہوں نے وہاں سے  حضور قلندر بابا اولیاؒء کو اپنے پاس بلانے کے لئے ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھیج دیا مجھے جب اس بات کا علم ہوا تو مجھے خدشہ لاحق ہوگیا کہ کہیں قلندر بابا اولیاؒء میرے پاس سے چلے نہ جائیں...
 اس خیال کے نتیجے میں مجھ پر بہت زیادہ رقت طاری ہوگئی اسی صدمے کی کیفیت میں میں نے انہی پیر بھائی کے متعلق چند سخت الفاظ کہے میں اس سوچ سے سخت تکلیف میں مبتلا تھا  کہ اگر   قلندر بابا اولیاؒء یہاں سے چلے جائیں گے تو ہم یہاں کیا کریں گے ... اسی رات میں نے ایک خواب دیکھا ...

دیکھا کہ میں  سیدنا حضورعلیہ الصلوة والسلام   کے دربار میں حاضر ہوں .. میں نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ درود و سلام پیش کیا -
سیدنا حضورعلیہ الصلوة والسلام  نے تھائی لینڈ میں مقیم پیر بھائی کا نام لے کر مجھ سے پوچھا ..." یہ کیسے آدمی ہیں ؟  میں نے کہا .. بہت اچھے آدمی ہیں ...  حضور صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا ....
            " بہت اچھا آدمی ، خراب آدمی کیسے ہو سکتا ہے "-- 

حضورصلیالله علیہ وسلّم   کے اس فرمان سے مجھ پر رعب کی کیفیت اتنی زیادہ طاری ہوئی کہ میں گھبرا کر بیدار ہوگیا - میرے ذہن پر اتنا وزن پڑا کہ میں پھر رات بھر سو نہ سکا - 


صبح سویرے مرشد کریم حضور قلندر بابا اولیاؒء  کی خدمت میں حاضر ہونے کے بعد  انہیں رات کا خواب سنایا ... خواب سننے کے بعد مرشد کریم نے فرمایا ...
" ایک طرف تو آپ ان کو اچھا آدمی کہتے ہیں دوسری طرف آپ کہتے ہیں کہ انہوں نے اچھا نہیں کیا آپ کی کس بات کا یقین کیا جاۓ ...
 بھئی ایک بات ہونی چاہئیے  اگر آدمی اچھا ہے تو اچھا ہے اور اگر برا ہے تو پھر برا ہے ایک ہی آدمی اچھا اور برا کیسے ہو سکتا ہے ... اس خواب کے ذریعے سیدنا حضورعلیہ الصلوة والسلام  نے آپ کی اصلاح فرمائی ہے "--

مرشد کریم  حضور قلندر بابا اولیاؒء  فرمایا کرتے تھے کہ... "انسانی گفتگو میں مبالغہ بہت ہوتا ہے اور یہ ایسی بشری کمزوری ہے جس پر کوئی آدمی قابو نہیں پا سکتا " -
       
 بابا صاحب نے اس کمزوری سے بچنے کے لئے ایک طریقہ بتایا ہے کہ ..." کبھی کسی آدمی کو برا نہ کہو "-  اگر وہ برا بھی ہے تو وہ جانے اور ﷲ تعا لیٰ   جانے  اگر آپ کسی کو اچھا کہیں گے اور اس میں مبالغہ بھی شامل ہوگیا تو اس کی جزا نہیں ملی تو سزا بھی نہیں ملی-


اس لئے سب سے بہتر طریقہ یہی ہے کہ کوئی آدمی برا ہو یا اچھا ہو اسے اچھا ہی سمجھا جاۓ  لیکن یہ بہت مشکل کام ہے کیونکہ کسی فرد کے ساتھ آپ نے خلوص ، محبت کے ساتھ اچھا سلوک کیا اور اس کے کام آئے لیکن اس کے بدلے میں اس نے آپ کو پریشان کیا ، اب اس فرد کے اس سلوک پر آپ اسے برا کہتے ہیں لیکن یہ بھی تو سوچئے   کہ آپ اس سے قبل ایک مرتبہ اس کو اچھا کہہ  چکے ہیں --

یاد رکھئے کسی بھی مذہب کے بڑوں یا بزرگوں یا رہنماؤں کو کبھی برا نہ کہیں جب آپ کسی مذہب کے بڑوں کو برا نہیں کہیں گے تو ظاہر ہے اس مذہب کے افراد آپ کے مذہب کے بڑوں کو بھی برا نہیں کہیں گے ... یہی وہ اخلاق حسنہ ہے جس کی تعلیم سیدنا حضورعلیہ الصلوة والسلام  نے ہمیں دی ہے --

حضور قلندر بابا نے فرمایا ہے " انفرادی سوچ بے کار ہے جب کہ اجتماعی سوچ انسان کا حاصل ہے جس کے زریعے کوئی انسان Gravity کو توڑ سکتا ہے اس کے بر عکس انفرادی سوچ سے آدمی کشش ثقل کو نہیں توڑ سکتا "-
     
 مرشد کریم حضور قلندر بابا اولیاؒء   نوع انسانی کے ہر فرد کو بالعموم اور سلسلہ عظیمیہ کے افراد کو بالخصوص یہ سبق اور پیغام دیتے ہیں کہ انفرادیت سے آزاد ہوجاؤ اور انفرادیت سے آزاد ہوکر اپنی فکر کو اجتماعی بنالو-
بابا صاحب فرماتے تھے .... 
" فقیر کی عجب شان ہے "  ...
میں نے عرض کیا ، حضور کیا شان ہے ؟ 
 فرمایا .." لوگ بے وقوف بناتے ہیں آخر تک بنتا رہتا ہے .. فقیر یہ سمجھتا ہے کہ مجھے بےوقوف بنا کر یہ خوش ہو رہا ہے تو چلو اسے خوش ہونے دو .. وہ بے وقوف بنتا چلا جاتا ہے تاوقتیکہ وہ بندہ خود ہی بھاگ جاۓ یا اسے اپنی غلطی کا احساس ہوجاۓ "-- 


پھر فرمایا .." سیدنا حضورعلیہ الصلوة والسلام  فرماتے ہیں..    

"مومن کی فراست سے ڈرو کہ وہ الله کے نور سے دیکھتا ہے "-


 مومن کا دیکھنا بھی عام انسانوں کی ہی طرح سے ہوتا ہے لیکن عام  انسان کی نگاہ پر محدود شعور کا چشمہ لگا ہوتا ہے اور مومن کی آنکھ پر الله کے نور کا چشمہ لگا ہوتا ہے لیکن وہ الله کے نور کے ذریعے جو کچھ دیکھتا ہے اس کا اظہار نہیں کرتا --



 قلندر بابا نے مزید فرمایا ..." عام حالات میں آدمی تمہاری تعریف اس لئے کرتا ہے کہ اسے تمہاری ذات سے کوئی توقع  ہے کہ اس کا کام ہوجاۓ ..
مثلا اس نے ایک توقع قائم کرلی ہے کہ مجھے اس آدمی سے کسی بھی وقت ایک ہزار روپے مل جائیں گے چونکہ اس نے توقع قائم کی ہوئی ہے لہٰذا اس بنیاد پر وہ موقع ملے تو خوشامد بھی کرلے گا ..

 بالفرض اگر اس کی توقع  پوری نہیں ہوتی  ہے تو وہی آدمی جو آپ کی تعریف کر رہا تھا برائی کرے گا "--


حضور قلندر بابا فرماتے ہیں  .." کسی کی تعریف سے کیا خوش ہونا اور کسی کی برائی سے کیا دل  برا کرنا "--

فرمایا .."  کوئی اچھا کہے یا برا اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ فروعی چیزیں ہیں انہیں کبھی خاطر میں نہیں لانا چاہئے .. بس اپنی طرف سے جس کے ساتھ بھلائی کرنا ممکن ہو کرو ، اگر بھلائی نہ کرسکتے ہو تو کوئی مجبور تو نہیں کر رہا ..

 یہ  خدا کے اختیار میں ہے کہ وہ ایسے آدمی کو جو فٹ پاتھ پر پڑا ہے اسے محل دے دے .. اس بات سے صرف نظر کرتے ہوۓ لوگوں کے ساتھ آپ جو کچھ کرسکتے ہیں کردیں "-


اگر آدمی محدود سوچ سے آزاد ہوجاۓ تو اس کے اندر سے خوشی ، غم دونوں نکل جاتے ہیں -- خوشی ،غم کے بعد جو کیفیت ہوتی ہے اس کا نام لغت کی کتابوں میں نہیں ہے .. اسے سرور کہنا بھی اس لئے مناسب نہیں ہے  کہ سرور جب ٹوٹتا ہے  تو انسان کے اوپر اذیت ناک کیفیت ہوتی ہے .. لہٰذا اس کو ہم سرور نہیں کہہ سکتے ..


 حضور قلندر بابا اولیاؒء نے مجھ سے فرمایا کہ ...." اس کو " کیفیت " بھی نہیں کہہ سکتے بلکہ اس کا مطلب یہ ہے کہ بندہ خوشی ، غم دونوں سے نجات حاصل کرلیتا ہے .. اسے آپ لنگوٹی بندھوادیں تو مطمئن ہے .. اسے اطلس و کمخواب کے کپڑے پہنادیں تو ٹھیک ہے ..

 اسے مرغی کھلادیں تو بھی ٹھیک ہے اور روکھی روٹی کھلادیں تب بھی اطمینان ہے اس لئے کہ وہ خوشی اور غم دونوں سے ماوراء کیفیت میں ہے ... ایسے بندوں کو الله اپنے پاس سے کھلاتا ہے .. اپنے پاس سے پہناتا ہے اور وسائل کو اس کے تابع کردیتا ہے جبکہ بندہ وسائل کے تابع نہیں رہتا "--

جمعہ، 18 اکتوبر، 2013

خانوادہ


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



   خواجہ صاحب سے سوال کیا گیا ..... جس کو  امام  سلسلہ کا ذہن منتقل ہوتا ہے  اسے خانوادہ کہتے ہیں ... اب اگر حضور قلندر بابا اولیاؒء  کو گیارہ سلاسل کے خانوادہ ہونے کا شرف حاصل ہے تو اس کا کیا مطلب ہوا ؟

 جواب میں کہا ... روحانیت میں ایک فرد جب اپنا الگ سلسلہ بنا لیتا ہے تو اس کا ذہن جس جس اولاد کے حصّہ میں آتا ہے وہ خانوادہ کہلاتا ہے -- جو اولاد باپ کی جتنی زیادہ نقل کرتی ہے وہ اسی قدر سعید  کہلاتی ہے  نقل کرنا تبھی ممکن ہوتا ہے جب بچہ اپنے ذہن کی بجاۓ باپ کے ذہن سے سوچتا ہے

بعض افراد کو الله کی طرف سے ایسا ذہن ودیعت کیا جاتا ہے کہ وہ کئی سلاسل کے بڑوں جیسے ذہن کے مالک ہوتے ہیں اور ان سب سلاسل کے بڑے ان کو اپنا خانوادہ قرار دے دیتے ہیں --

جمعرات، 17 اکتوبر، 2013

آستانہ

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



حضور قلندر بابا اولیاؒء   کے ایک  سالانہ عرس مبارک کے موقع پر سربراہ سلسلہ عظیمیہ حضور خواجہ صاحب نے مرکزی مراقبہ ہال سرجانی ٹاؤن کراچی  میں موجود کچھ افراد کو اپنے کمرے میں بلایا اور بتایا کہ .... خالہ (خالہ صدیقہ ) کئی روز سے فرمائش کر رہی تھیں کہ آپ اپنی آواز میں کچھ ٹیپ کرکے دیں .. آج تلاوت اور کچھ باتیں ریکارڈ کی ہیں آئیں سنیں .........
                ٹیپ ریکارڈر سے مرشد کریم کی مخصوص وجد آفریں آواز میں تلاوت ابھرنا شروع ہوئی .. تلاوت کے بعد وقت اور تاریخ بتا کر لاہور ، پشاور ، اٹک اور فیصل آباد سے آئے مہمانوں کا تذکرہ   کرنے   کے   بعد   مرکزی  مراقبہ  ہال  کی  مستانہ وار  وجد آفریں  کیفیات..........

... آستانے میں روشنیوں کے جھماکے ہونے اور اس کو فرشتوں کی آمد و رفت کی علامت ہونے ...حضور قلندر بابا اولیاؒء کے دربار کے لگنے .... وہاں سے احکامات صادر ہونے کا حال بتانے کے بعد ....

حضور قلندر بابا اولیاؒء کی تصویر اور تصویر میں بابا صاحب کی آنکھوں میں ٹہرے ہوئے نور کے سمندر کا تذکرہ فرمانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بیان کیا کہ ان آنکھوں کے اندر جھانکنے سے نظر مقام ابراہیم پر جا ٹکتی ہے ... حاملان عرش سے لے کر مقربین اور ملاۓ اعلیٰ کے  فرشتوں تک کے نظر آنے کی بات کرنے کے بعد بیان کیا گیا ...

ہر عظیمی کے اندر ایک ہی روح رواں دواں ہے .. جسم و بدن جدا ہونے کے باوجود یہ سب ایک ہی جاں ہیں .. جب کوئی عظیمی  بچہ مراقبہ ہال کے کسی گلاب کے سمانے رکتا ہے تو گلاب کا چہرہ کھل اٹھتا ہے اور اس میں رونق دوڑ جاتی ہے ...اور وہ مست ہو کر فضا میں اپنی خوشبو گھول دیتا ہے --   

بدھ، 16 اکتوبر، 2013

صاحب تکوین

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 




الشیخ عظیمی فرماتے ہیں ...  مجھے یہ سعادت بھی حاصل ہے کہ اپنے مرشد  حضور قلندر بابا اولیاؒء کو  بیعت کروانے میں ساری بات چیت میرے ہی ذریعے ہوئی تھی --  

فرمایا ... حضرت جیؒ (ابوالفیض قلندرعلی سہروردیؒ ) اس بات پر بہت فخر کیا کرتے تھے کہ ان کے مریدوں میں سے ایک تکوین کا کام کرتا ہے -- ایک بار  حضور قلندر بابا اولیاؒء سے کسی نے پوچھا .. جب آپ تکوین میں تھے تو آپ نے ان سے بیعت کیسے کی ؟

 تو انہوں نے فرمایا تھا ..." اس کے لئے ہم نے وردی اتاری تھی .. بعد میں واپس پہن لیا تھا "--
فرمایا ... سلسلہ چلانے کے لئے ضروری نہ ہوتا تو شاید وہ بیعت بھی نہ ہوتے --

منگل، 15 اکتوبر، 2013

2006ء

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


 خواجہ شمس الدین عظیمی اپنے  مرشد کریم   حسن اخریٰ سید محمّد عظیم برخیا  حضور قلندر بابا اولیاؒء کی بابت بیان کرتے ہیں کہ وہ الله سے اتنے قریبی تعلق کے باوجود عوام کے معمول کے پابند تھے .... بیمار ہوتے اور عوام کی طرح علاج ہوتا ...

اس تمام تر قربت کے باوجود عوام کے معمول سے گزرے ...  ایک طرف اتنی نیاز مندی اور دوسری طرف اتنا ناز کہ اپنی بات منوانے کو دنیا چھوڑنے پر مصر ہوگئے  حالانکہ بالتصدیق  انھیں دنیا میں 2006ء  تک رہنا تھا ---  الله میاں بہت ہی بڑے ہیں ... ماننے پر آئیں تو پہاڑ جتنی بات مان لیں ...نہ مانیں تو چیونٹی جتنی بات نہ مانیں --
         
 آسمان پر جب ہم نے دو تلواریں دیکھیں اور حضور بابا صاحب سے دریافت کیا تو فرمایا کہ آئندہ دنیا کے نقشے کی کیا صورت ہوگی  .. ایک شہر میں کتنی آبادی ہوگی .. کتنے شہروں کا صوبہ ہوگا... ہندوستان  کا نقشہ کیا ہوگا .. پاکستان کا نقشہ کیا ہوگا ... پھر بتایا کہ کراچی فواروں کا شہر ہوگا .. ان پہاڑیوں پر باغ لگیں گے --
           

پیر، 14 اکتوبر، 2013

روز حشر

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



مرشد کریم حضور خواجہ صاحب فرماتے ہیں...

 پوری کائنات طبقاتی تقسیم ہے ..... اس میں زون ہیں ... لوگ گروہوں میں رہتے ہیں --  گروہ بندی کے بغیر گزارا بھی نہیں پھر   حضور قلندر بابا اولیاؒء   کے حوالے سے فرمایا  کہ

... قیامت اور روز حشر میں بھی لوگ اپنے اپنے گروہوں میں اکٹھے ہوں گے .. حساب کتاب کے بعد جب لوگوں میں آہ و فغاں مچےگی توﷲ تعا لیٰ دریافت کریں گے کہ  یہ  شور  کیسا  ہے ؟

  مقرب بارگاہ اولیاء اور فرشتے عرض کریں گے حضور آپ کے بندے .... آپ کی مخلوق ...  تکلیف میں ہے -- اس پر ﷲ تعا لیٰ دریافت کریں گے ہم نے ان کو صحیح بات سے آگاہ نہیں کردیا تھا ... عرض کی جاۓ گی بس جی غلطی ہوگئی ہے ... نادانی میں --
 
 فرمایا   حضور قلندر بابا اولیاؒء   نے یہ بڑی عجیب بات فرمائی کہ الله کسی کو دوزخ میں نہیں ڈالیں گے ..  کہیں گے .... اچھا جاؤ ..... ہٹو یہاں سے..  اور جنتی لوگ خود ہی جنت کی طرف چل دیں گے اور دوزخی دوزخ کی طرف --  ﷲ تعا لیٰ کسی کو دوزخ میں نہیں ڈالیں گے ....  لوگ خود ہی دوزخ کا انتخاب کریں گے

اور پھر دوزخ میں جا کر جب لوگ چیخ و پکار کریں گے اور واویلا مچائیں گے تو ﷲ تعالیٰ کی رحمت جوش میں  آئے گی اور دریافت کیا جاۓ گا .... اب کیا ہے ؟  عرض کیا جاۓ گا  کہ آپ کی مخلوق تکلیف میں ہے -- فرمایا  ..  یہ سن کر الله جہنم کو ٹھنڈا ہونے کا حکم دیں گے اور جہنم کی آگ سرد پڑ جاۓ گی --

اتوار، 13 اکتوبر، 2013

استغراق


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


حضور مرشد کریم  خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب فرماتے ہیں ......  
 حضور قلندر بابا اولیاؒء پہ استغراق کی کیفیت اس قدر طاری رہتی تھی اور آخر میں تو یہ حال ہوگیا تھا کہ بیٹھے ہیں اور چیونٹیاں ان کے پیروں سے گوشت نوچتی رہتیں اور انہیں خبر ہی نہ ہوتی .....  ہم  آتے  اور دیکھتے اور گھبرا کر چیونٹیاں جھاڑتے....   " کیا ہے ؟  کیا ہے بھئی ؟ "   وہ ہماری گھبراہٹ سے چونک جاتے ....

 ہم کہتے حضور چیونٹیاں  ہیں آپ کے پیر زخمی کردئیے ہیں تو فرماتے ......" اچھا ، خیر ویسے بھی یہ جسم انہی کی خوراک ہے "-   جانے اس وقت وہ کہاں چلے جاتے تھے -   
             
 قدرے توقف کے بعد خواجہ صاحب نے فرمایا.....  

 یہ کیفیت بے کیف ہونے سے پیدا ہوتی ہے... بے کیف ہونا  ہی اصل زندگی ہے  آپ چوبیس گھنٹوں میں چوبیس منٹ بے کیف ہوگئے تو یہ چوبیس منٹ آپ کی اصل زندگی ہے باقی سب ضایع  ہوگیا....

بے کیفی درحقیقت رنج و خوشی سے بے نیاز ہوجانا ہے ---

 فرمایا کہ ایک بار   حضور قلندر بابا اولیاؒء نے مجھ سے کہا ....." دیکھنا بھئی میرے کرتے میں کوئی  مکھی یا کھٹمل وغیرہ تو نہیں گھس آیا "-   میں نے کرتا اٹھا کر دیکھا تو وہاں ایک چھپکلی جانے کب سے گری ہوئی تھی اس نے باہر نکلنے کی راہ نہ پا کر پنجے مار مار کر انہیں کھرچ کے رکھ  دیا تھا -

یہ بے حسی نہیں بلکہ کمال کی انتہا ہے .. مرجاؤ مرنے سے پہلے کی عملی تفسیر ہے .. اگر آپ ہر وقت بے کیفی کے عالم میں  رہیں گے تو یہ جذب کی حالت ہوئی -

جذب اور بے کیفی کی مزید وضاحت کو ارشاد فرمایا .....     

حضور قلندر بابا اولیاؒء کو جب ان کی بیگم کھانے پر بلاتیں تو وہ کھانے کے لئے آکر بیٹھ جاتے اور دس منٹ بعد اگر کھانا نہ بھی آیا ہوتا تو اٹھ جاتے اور یوں ہاتھ دھوتے گویا انہوں نے کھانا کھا لیا ہو ......  

جب اماں جی کھانا لاتیں اور اصرار کرتیں  کہ آکر کھانا کھائیں تو ناراض ہوتے ..." میرا پیٹ خراب کردوگی  دو دو بار کھلاتی ہو "-  بھئی وہ تو کھانا صرف اس لئے کھاتے تھے کہ مادی جسم کو اتنی خوراک مل جاۓ کہ اس کا کام ہوتا رہے - 

ہفتہ، 12 اکتوبر، 2013

فقیر کی ذات

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



 حضور قلندر بابا اولیاؒء  نے ایک مرتبہ خواجہ صاحب سے فرمایا .....
  
"  خواجہ صاحب!   فقیر ذات کا چمار ہوتا ہے ..... اس پہ  اوپر سے بیگار  نازل ہوتی ہے ....  اب کون ہوگا جو بیگار  کے لئے تیار رہنا چاہے گا - یہاں تو جس کو دیکھو اسی فکر میں ہوتا ہے کہ فقیر اس کے لئے دعا کرے اور اس کے بگڑے کام بنتے رہیں  - اب اگر فقیر دنیاداروں کی طرح سوچنے لگا تو وہ کرچکا دعا -"   



استغناء

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



خانوادہ سلسلہ عظیمیہ خواجہ شمس الدین عظیمی فرماتے ہیں ...... استغناء ایک کیفیت ہے روحانی شاگرد سے جس کی مشق کرائی جاتی ہے -- سالک کے ساتھ بار بار ایسے حالات و واقعات پیش آتے ہیں کہ بالآخر وہ یقین کرنے پر مجبور ہوجاتا ہے کہ یہاں  جو کچھ ہے سب الله کی طرف سے ہے -

 الله کے علاوہ کوئی سنبھالنے والا نہیں ہے --  جب تک مشاہدات نہیں ہوتے بار بار تجربہ نہیں ہوتا  انسان کے اندر یقین کی تکمیل نہیں ہوتی --  آدمی کی عادت ہے کہ کوئی کام اس کی عقل سے ماوراء ہوجاتا ہے تو اسے اتفاق کہہ  دیتا ہے  ....  دو چار ، دس اور پچاس سو کام جب اس طرح کے ہوتے ہیں تو اس کے ذہن سے اتفاق کا لفظ نکل جاتا ہے --
           
 سلسلہ عظیمیہ کے دوستوں کے ساتھ قدرت کا تعاون اس لئے ہے کہ اللہ کے دوست حضور قلندر بابا اولیاؒء چاہتے ہیں کہ  سلسلہ عظیمیہ کے ہر فرد کا رابطہ الله تعالیٰ کے ساتھ پکا ہوجاۓ --

               حضور قلندر بابا اولیاؒء نے استغناء کے ضمن میں سوره اخلاص کو بڑی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے ... 
ﷲ تعالیٰ 
فرماتے ہیں کہ الله ایک ہے ... مخلوق ایک نہیں ہوتی ... الله احتیاج نہں رکھتا اور مخلوق ہر ہر قدم پر محتاج ہے ... مخلوق کسی کا بیٹا ہوتی ہے یا باپ ہوتی ہے ... مخلوق کا خاندان بھی ہوتا ہے --    

 حضور قلندر بابا اولیاؒء فرماتے ہیں.... " ﷲ تعالیٰ  نے اس سوره مبارکہ میں اپنی  پانچ صفات کا ذکر کیا  ہے  اور وہ پانچ صفات ایسی ہیں کہ جس میں انسان چار صفات میں بےبس ہے لیکن ایک صفت یعنی وسائل کی محتاجی نہ ہونا کو انسان اپنا سکتا ہے .... یعنی ایک ایجنسی ایسی ہےجس  کے ذریعے وہ خود کو الله کے ساتھ وابستہ کر سکتا ہے " --  

انسان غور کرے کہ اگر وہ الله کے ساتھ وابستگی رکھنا چاہتاہے تو وہ الله کے ساتھ کیسے وابستہ ہو سکتا ہے -- الله کےساتھ وابستگی کے لئے ضروری ہے کہ وہ وسائل کی محتاجی سے آزاد  ہوجاۓ  اس کے لئے تجربہ ہونا اور بار بار ہونا ضروری ہے ..
لامحالہ اس تجربے کے بعد یہ ذہن بن جاۓ گا کہ جب الله چاہے گا کام ہوجاۓ گا --  اس طرح انسان میں استغناء پیدا ہوجاتا ہے اور اس کی  شعوری زندگی پر لا شعوری زندگی غالب آجاتی ہے --

جمعہ، 11 اکتوبر، 2013

تدلیٰ

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


سلسلہ عظیمیہ کے ایک بھائی نے  عظیمی صاحب سے   اسماۓ الہیہ اور تدلیٰ  کے بارے میں حضور قلندر بابا اولیاؒء کی  اس  تعریف  کی  بابت  کہ  تدلیٰ  اسماۓ  الہیہ  کی  تشکیل  کا  نام  ہے .....  پوچھا تو فرمایا .....  دراصل  حضور بابا صاحبؒ  نے  بات  کو  سمجھانے  کے  لئے  لوح و قلم  میں مشاہداتی طرزوں سے ہٹ  کر لکھا ہے  ورنہ تو تدلیٰ  ہی خدا ہے ... الله تعالیٰ  کو ہی تدلیٰ  کہیں  گے - 

جمعرات، 10 اکتوبر، 2013

چٹنی سے روٹی

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر


 خواجہ صاحب بتاتے ہیں کہ ..... حضور بابا صاحبؒ  چٹنی سے روٹی بڑے شوق سے کھاتے تھے ، ان کی نظر ہمہ وقت لوح محفوظ پر رہتی تھی اور وہ اس بات پر خوش ہوتے تھے کہ پانچ چھ ارب انسانوں میں یہ استثناء انہی کو حاصل ہے کہ وہ چٹنی سے روٹی کھا رہے ہیں -

حضور بابا صاحبؒ  نے ایک بار ارشاد فرمایا..... " جو پیسہ خود کھالیا ، جو اولاد پر صرف کرلیا ، دوستوں کو کھلا دیا اور الله کی راہ  میں خرچ کردیا  وہ استعمال ہوگیا باقی سب ضایع گیا  "-



اوپر والے

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر



فوج کی بابت حضور قلندر بابا اولیاؒء کا فرمان ہے کہ....." جو فوج اپنے عوام پر گولی چلاۓ ... اوپر والے لکھ دیتے ہیں کہ وہ کبھی فاتح نہیں ہوسکتی کیونکہ فوج کو تنخواہ عوام سے ٹیکس لے کر ہی تو دی جاتی ہے -اب اگر کوئی ملازم اپنے مالک پر ہی فائر کردے تو وہ کسی دوسرے کے خلاف لڑنے کا کہاں رہا "؟- 

بدھ، 9 اکتوبر، 2013

یا حی یا قیوم

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



   ڈاکٹر مقصود الحسن عظیمی نے مرشد کریم حضور خواجہ شمس الدین عظیمی سے دریافت کیا  ، حضور یا حی یا قیوم کا کیا مطلب ہے ؟
 فرمایا..... " اے زندہ .... اے قائم .... رکھ ہمیں زندہ اور قائم - یعنی زندگی کو پکارنے سے الله کی صفت حیات متوجہ ہوتی ہے - زندگی کو قائم رکھنے کے لئے وسائل کی ضرورت ہوتی ہے  لہٰذا وسائل فراہم کرنے والا ...
روحانیت کے  کوئی دو سو سلاسل ہیں اور ان سب میں...  یا حی یا قیوم... کسی نہ  کسی طور رائج ہے اور یہ   حضور قلندر بابا اولیاؒء  کا فیض ہے کہ انہوں نے اس کے ورد کی اجازت کو عام  فرمادیا ہے" -  

منگل، 8 اکتوبر، 2013

حضرت لوطؑ اور افراسیاب


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر



 خواجہ  شمس الدین عظیمی نے  لاتعلق ہونے اور جذبات میں نہ آنے کی بابت بات کرتے ہوۓ فرمایا..... حضور قلندر بابا اولیاؒء نے فرمایا تھا کہ نوع انسانی میں دو افراد کی عمریں سب سے زیادہ ہوئیں -

حضرت لوط علیہ السلام اور افراسیاب..... اور دونوں کا طریقہ یہ تھا کہ اگر خبر ملتی کہ بیٹا ہوا ہے تو کہتے... یہ کون سی بڑی بات ہے ، سب ہی مخلوق کی اولاد ہوتی ہے  


اور اگر کہا جاتا کہ بیٹا مرگیا  تو کہتے... یہ کون  سی بڑی بات ہے سب ہی کی اولاد مرتی ہے... یعنی وہ ہر حال میں جذباتی طور پر لا  تعلق اور indifferent   رہتے تھے -

پیر، 7 اکتوبر، 2013

ابن عربیؒ


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 



 خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب  بیان کرتے ہیں ...... لوح و قلم تو الہامی کتاب ہے -قرآن کریم اور فتوحات مکیہ کے بعد یہ پہلی تصنیف ہے ،  باقی کتب تالیف کے زمرے میں آتی ہیں -
میرے مرشد کریم (بابا صاحبؒ ) کی خواہش تھی کہ یہ کتاب میرے نام سے چھپے - جب میں نے اس کا  ٹائٹل بنوالیا  تو شام کے اندھیرے میں دکھایا  اور ان کے نام پر انگوٹھا  رکھ کر ان سے منظوری لے لی -

قلندر بابا اولیاؒء نے جو کچھ لکھوایا تھا  جب کتابت کا مرحلہ آیا تو بہت سے  حصّے قلم زد کرنا شروع کردیے ..... اس کی کیا ضرورت ہے ...... یہ  ضروری نہیں ...... یہ غیر ضروری ہے - میں ڈرا  کہ کہیں سب ہی نہ کاٹ دیں - میں نے کتاب دکھانا ہی بند کردی - وہ سب کچھ انہوں نے مجھے لکھوایا تھا ،  وہ سب میرے لئے تھا ..... لیکن ہمیں اتنا جوش کہ لوگوں کو معلوم تو ہو ..... اب دیکھیں کسی کو سمجھ بھی تو آئے -

   مزید فرمایا .....شیخ ابن عربؒی ابدال تھے -اپنی کتاب فتوحات مکّیہ انہوں نے ملاؤں کو ستانے کے لئے لکھی تھی کہ اگر ہمت ہے تو  اسے  سمجھ کر دکھاؤ -  میں نے ایک بار حضور قلندر بابا اولیاؒء سے پوچھا کہ حضور آپ کو اس کتاب کی سمجھ آتی ہے - تو انہوں نے فرمایا " ہمیں تو سمجھ آتی ہی ہے   لیکن جو صرف خواص ہی کو سمجھ آئے  اسے لکھنے کا کیا فائدہ -"



اتوار، 6 اکتوبر، 2013

ذریعہ معاش

     حضرت محمّد عظیمؒ المعروف قلندر بابا اولیاؒء نے کچھ عرصہ انگریزی فوج میں ملازمت بھی کی دوران ملازمت برما یا کولمبو کے محاذ پر زخمی ہوگئے -صحتیاب ہونے کے بعد فوجی ملازمت چھوڑ دی آپ صحافیانہ مزاج اوراعلیٰ شعری ذوق رکھتے تھے -


فوج کی ملازمت چھوڑنے کے بعد سلسلہء معاش قائم رکھنے کے لئے دہلی میں مختلف رسائل و جرائد کے ذریعہ ادب و صحافت اور شعراء کے دیوان کی اصلاح و ترتیب کا کام اختیار کیا -
آپ کو شعر و شاعری سے خاص شغف تھا -برخؔیا تخلص فرماتے تھے -


حضرت سید محمّد عظیم برخیاؒ نے کراچی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے بعد معاش کا یہ طریقہ اختیار کیا کہ لارنس روڈ کی فٹ پاتھ پر روزآنہ صبح جا کر بیٹھ جاتے تھے اور بجلی کے فیوز وغیرہ لگا کر اپنی زندگی بسر کرتے....



تھوڑا عرصہ سیٹھ عثمان بمبئی والا کے کارخانے میں بھی کام کیا-کچھ عرصے بعد اردو روزنامہ ڈان میں سب ایڈیٹر کے عہدے پر فائز ہوگئے...                

مختلف رسائل اور ہفت روزہ میں کہانیاں قلمبند کیں ... شاعرانہ کلام کی اشاعت کے ساتھ غیر معمولی افسانے بھی لکھے ...


 اس کے بعد ایک عرصے تک کراچی سے شایع ہونے والےماہنامہ  "نقاد" میں کام کرتے رہے -چند رسائل کی ادارت میں معاونت بھی کی -



نقاد میں ملازمت کے زمانے میں ماہنامہ نقاد میں  ایک سلسلہ وار کہانی شیطان کی سوانح عمری کے عنوان سے قسطوں میں چھپنا شروع ہوگئی ... شیطان کی سوانح عمری  اور  معمے کی بنیاد پر ماہنامہ نقاد عوام میں بے انتہا مقبول ہوا ...



حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب بتاتے ہیں کہ میرا چشم دید ہے کہ ماہنامہ نقاد کے دفتر کے سامنے لوگوں کی بڑی بڑی قطاریں لگی رہتی تھیں --


ہفتہ، 5 اکتوبر، 2013

بڑے حضرت جی


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


خواجہ صاحب بڑے حضرت جی ابوالفیض  قلندر علی سہروردیؒ  کا ایک واقعہ سناتے ہوئے فرماتے ہیں  کہ.....


 ایک بار وہ (بڑے حضرت جی ) کراچی میں گدھا گاڑی کی ریس دیکھنے گئے ..... وہاں دوڑ شروع ہونے سے پیشتر کسی سے کہا کہ وہ فلاں گاڑی اول آئے گی  اور  جب وہی گاڑی دوڑ میں آگے نکلنے لگی تو خوشی سے اچھل پڑے .....  تالیاں بجا بجا کر کہتے تھے ، دیکھا میں نہ کہتا تھا کہ یہی گاڑی جیتے گی -


 فرمایا دراصل یہ لوگ بچوں ہی کی طرح ہوتے ہیں ، ان میں تصنع اور بناوٹ  بالکل  نہیں ہوتی جب بناوٹ ہوگی تو بچپنا نہیں آسکتا -


پھر ایک واقعہ قلندر بابا اولؒیاء  کا سنایا .....  ایک بار وہ کچھ ساتھیوں کے ساتھ کہیں جا  رہے  تھے  بس دیکھی تو دوڑ پڑے اور خالی نشستیں پکڑ کر ہاتھ ہلا ہلا کر بچوں کی طرح سب کو بلانے لگے کہ جلدی سے آجائیں -
             
عظیمی صاحب مزید بیان کرتے ہیں.....

ایک مرتبہ حضورقلندر بابا اولؒیاء  نے فرمایا تھا ..... " اگر آپ گاڑی چلا رہے  ہوں اور راستے میں سامنے سے بھینس آجاۓ تو گاڑی روک لو اور اگر کوئی عورت سامنے آجاۓ تو بھی گاڑی روک لو کہ ان کا کچھ پتہ نہیں کہ یہ آگے بڑھیں گی ،رک جایئں گی یا واپس پلٹیں گی  "-    

جمعہ، 4 اکتوبر، 2013

دو بھائی


ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


   ایک روز حضور بابا صاحبؒ نے خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کو ایک واقعہ سنایا .......  دو بھائی تھے محمّد خان اور احمد خان ،  دونوں نے گھر کے قریب مسجد بنوائی -


ایک روز بڑے بھائی محمّد خان کو تاخیر ھوگئی  -



احمد خان نے امام صاحب سے نماز شروع کرنے کو کہا ...... محمّد خان کی ایک رکعت چھوٹ گئی - بعد میں انہوں نے امام صاحب سے کہا  مولوی صاحب آج آپ نے جلدی پڑھادی ، انہوں نے کہا احمد خان صاحب  نے کہا تھا کہ محمّد خان کو رہنے دو - انہوں نے کہا اب سے یہاں احمد خان ہی نماز پڑھا کرے گا - یہ  کہہ  کر وہ چلے گئے  اور اس کے بعد کبھی مسجد جا کر نہ دیا - 

منگل، 1 اکتوبر، 2013

تنہائی

ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


خواجہ صاحب بیان کرتے ہیں کہ   مجھ سے حضور قلندر بابا اولیاؒء نے یہ بات فرمائی کہ حضورعلیہ الصلوة والسلام  چاہتے ہیں کہ روحانیت عام ہو ...
 ابن عربی نے لکھا ہے کہ جو علوم میں پیش کر رہا ہوں انہیں کوئی نہیں سمجھ سکتا لیکن میرے بعد ایک ایسا آدمی آئے گا جو اس کو سمجھاۓ گا - ہوسکتا ہے کہ ان کی پیشگوئی حضور بابا صاحب ہی کے بارے میں ہو ...  

 فرمایا .... تنہائی بھی ایک تقاضہ ہے  اور یہ تقاضہ تو جانوروں میں بھی پایا جاتا ہے  -   آپ دیکھیں کہ بعض اوقات جانور گلے یا ریوڑ سے ہٹ  کر الگ ہوکر بیٹھے ملتے ہیں ... سقراط لوگوں سے بچنے کے لئے ایک ٹوکرے میں بیٹھ کر چھت  سے لٹکا رہتا تھا .....  

پھر حضور قلندر بابا اولیاؒء کا تذکرہ فرمایا وہ لوگوں سے صرف عصر تا مغرب ہی ملا کرتے تھے ...  وہ تخت پوش پر چڑھ کر بیٹھے رہا کرتے تھے  --  اگر ان کا کوئی رشتے دار بھی آتا تو ان کی کوشش ہوتی کہ جلد فارغ ہو کر چلا جاۓ ...  ایک بار بابا صاحبؒ کی بھائی ان سے ملنے آئے ...
 حضور نے حسب عادت کہا ... تمہاری بھابھی اندر ہیں   یعنی آپ اندر جائیں  لیکن وہ بھی خوب پکے تھے ،  اکڑ گۓ کہنے لگے  بھائی صاحب میں تو آپ سے ملنے آیا ہوں ..... وہ ایک دن رات وہیں رہے  وہیں سوۓ    وہیں اٹھے   وہیں بیٹھے اندر زنان خانے نہیں گئے  وہیں مردانے میں  ان کے پاس رہے -

اپنا ذہن



ارشادات ، واقعات ، تعلیمات  اور  طرز فکر 


      خواجہ صاحب فرماتے ہیں کہ حضور قلندر بابا اولیاؒء سے ملنے کے بعد انہیں کبھی کوئی مرعوب نہیں کرسکا ، فرمایا  بھئی ہم اپنے مرشد کے سامنے اپنا ذہن استعمال نہیں کیا کرتے تھے -
ایک بار بابا صاحب نے بازار سے کچھ لانے کو کہا اور بتایا کہ دو روپے میں آئے گی ، ہم بازار گۓ ،  دکاندار نے پونے دو روپے طلب کئے ،  ہم وہ چیز لئے بنا ہی واپس آگئے کہ  صاحب دو روپے کی نہیں ملتی .... وہ  پونے دو کی دے رہا ہے .......کیا حکم ہے ؟