تفسیر عظیمؒ
ترجمہ : کہہ دو الله ایک ہے - بے نیاز ہے - نہ اس سے کوئی پیدا ہوا اور نہ اسے کسی نے پیدا کیا اور نہ اس کا کوئی خاندان ہے
( سورہ اخلاص )
تفسیر عظیم ...
✦..." یہاں الله تعالیٰ کی پانچ صفات بیان ہوئی ہیں -
پہلی صفت وحدت یعنی وہ کثرت نہیں -
دوسری صفت بے نیازی یعنی وہ کسی کا محتاج نہیں -
تیسری صفت یہ کہ وہ کسی کا باپ نہیں -
چوتھی صفت یہ کہ وہ کسی کا بیٹا نہیں -
پانچویں صفت یہ کہ اس کا کوئی خاندان نہیں -
یہ تعریف خالق کی ہے اور خالق کی جو بھی تعریف ہوگی مخلوق کی تعریف کے برعکس ہوگی یا مخلوق کی جو بھی تعریف ہوگی خالق کی تعریف کے برعکس ہوگی - اگر ہم خالق کی تعریفاتی حدوں کو چھوڑ کر مخلوق کی تعریف بیان کریں تو اس طرح کہیں گے کہ خالق وحدت ہے تو مخلوق کثرت ہے ، خالق بے نیاز ہے تو مخلوق محتاج ہے ، خالق باپ نہیں رکھتا تو مخلوق باپ رکھتی ہے -
خالق کا کوئی بیٹا نہیں لیکن مخلوق کا بیٹا ہوتا ہے ، خالق کا کوئی خاندان نہیں لیکن مخلوق کا خاندان ہونا ضروری ہے - ثانی ہونا ، ذی احتیاج ہونا ، ذی اولاد ہونا ، ذی والدین ہونا ، ذی خاندان ہونا مخلوقیت کی قدریں ہیں یہ قدریں مکان یعنی مظہرSpace پر مشتمل ہیں لیکن خالقیت کی قدریں ان قدروں کے برعکس ہیں -
مخلوقیت کی قدروں میں ابتداء ، انتہا ، اشتباہ ، عکس رنگ ( روشنی ) کی حد بندی اور ہر قسم کا تغیر ہوتا ہے اور مختلف نوعوں میں مختلف شکل و صورت مختلف آثار و احوال پائے جاتے ہیں - "...✦
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں