بدھ، 17 ستمبر، 2014

تفسیرعظیمؒ -- 3


                              تفسیر عظیمؒ              


سورہ بقرہ آیت نمبر 35  کی تشریح کے ضمن میں بابا صاحب لکھواتے ہیں :

..."   
  ترجمہ ..."  اور کہا ہم نے اے آدم تم اور تمہاری بیوی جنت میں جہاں چاہو قیام کرو اور خوش و خرم جہاں سے جو چیز پسند ہو کھاؤ ، البتہ اس درخت کے قریب نہ جانا ورنہ تم ظلم کے خصائل میں گرفتار ہوجاؤ گے ... "  - 

آیت نمبر 36 ... "
 لیکن  ان کو شیطان نے گمراہ کردیا اور جس آرام میں وہ تھے اس سے محروم کردیا - ہم نے کہا ، تم سب اسفل ہوجاؤ کیونکہ تم ایک دوسرے کے دشمن ہو - تمہیں ایک معین مدت تک زمین کو مستقر بنا کر کام چلانا ہوگا ... "- 

ان دونوں آیتوں سے یہ واضح  ہوجاتا ہے کہ جنت کے قیام میں وسائل آدم کے پابند تھے اور زمین پر آنے کے بعد وہ خود وسائل کے تابع ہوگئے -

حیث شئتما  -   جس جگہ چاہو ( حیث بمعنی اسپیس Space ) - ان دو لفظوں سے صاف ظاہر ہے کہ اسپیس کوآدم کا محکوم کردیا گیا تھا - حیث یا اسپیس کائنات کی ہر چیز کو محیط ہے - چنانچہ اس وقت آدم کی یہ حیثیت تھی کہ مکان اس کے ارادے کے تابع تھا -

آدم کی یہ DEFINATION نمایاں طور پر خود الله تعالیٰ نے اپنے بیان میں واضح کردی ہے لیکن جب یہی آدم اسفل میں پہنچتا ہے تو اس کی پوزیشن بالکل متضاد ہوجاتی ہے ، اس طرح کہ ہر اک اسپیس اس پر حاوی ہے - قدم قدم پر اس کو وسائل کی پابندیاں گھیرے ہوئے ہیں - یہاں تک کہ انسان .... کے ہاتھ میں کٹھ پتلی بن گیا ہے -  

حیث ( SPACE ) کی ایک مثال پر غور کیجئے - آپ اخبار پڑھتے ہیں - نظر چھپے ہوئے الفاظ پر رہتی ہے اور پڑھتے اور سمجھتے چلے جاتے ہیں - بیک وقت اخبار کو مس کرتے ہیں - مس کرنا ایک اسپیس ہے اور دیکھنا دوسری اسپیس ہے - ایک سائنسدان ان دونوں کو بالترتیب VISUAL SPACE  اور  TACTUAL SPACE کہتا ہے -


اخبار پڑھنے والے ہمیشہ اخبار پڑھتے ہیں لیکن انہیں یہ نہیں معلوم ہوتا کہ وہ کن کن صلاحیتوں کو ملا کر ایک نتیجہ پیدا کرتے ہیں - حالانکہ TACTUAL SPACE اور VISUAL SPACE بالکل الگ الگ ہیں - محض ضرورتاً وہ ایک دوسرے کے ساتھ جمع ہوجاتی ہیں - یہاں تک کہ اخبار پڑھنے والا بے تکلف پڑھتا چلا جاتا ہے -

اس مثال سے یہ نہ سمجھا جائے کہ اخبار پڑھنے میں یہی دو اسپیس کام کرتی ہیں - ان کے ساتھ ساتھ اور بھی کتنی ہی اسپیسز ( SPACES ) شامل ہوکر عمل کرتی ہیں - اختصار کو مدنظر رکھ کر ان کا تذکرہ قلم انداز کردیا گیا ہے - 

نفسیاتی سائنس کے لاشمار تجربات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ چیزیں جس طرح نظر آتی ہیں حقیقتاً وہ اس طرح نہیں ہیں - اگرچہ بادی النظر میں یہ بات حواس کے علم سے ماوراء ہے تاہم حواس کی شکست و ریخت خود ہی انسانی ذہن کو ان حدود میں پہنچادیتی ہے جن میں وہ حقائق کی جھلک کا ادراک کرنے لگتا ہے -   

 الله تعالیٰ نے  قرآن پاک میں جگہ جگہ بڑی تفصیلات کے ساتھ ان حقائق کا تذکرہ کیا ہے اور ارشاد فرمایا ہے کہ انسان تفکر ( مراقبہ ) کے ذریعے عمومی حواس کی سرحد پار کرکے ان روشنیوں سے جو ہمہ وقت فکر انسانی میں کارفرما ہیں نئے حواس کی تشکیل کرسکتا ہے - یہی حواس اسے زمان و مکان کی پابندیوں سے آزاد کرتے ہیں یہاں تک کہ انسان تجلی ذات کو پا لیتا ہے - "...✦ 


سورہ رعد کی پہلی تین آیتوں کا مفہوم ملاحظہ ہو ،ایسا مفہوم جو خود تشریح بھی ہے اور قدرت کے مربوط نظام کی تصویر بھی - بابا صاحبؒ لکھواتے ہیں :


 ..."     المرٰ - یہ کتاب کی آیات ہیں - اس کتاب میں جو کچھ تجھ پر نازل ہوا ہے وہ سب مصدقہ ہے چاہے اکثریت اسے تسلیم نہ کرے - اس کا نازل کرنے والا وہ الله ہے جس نے      سماوات   کی   تعمیر   حق    
 ( EQUATION ) پر کی ہے اور یہ بات تمہارے مشاہدے میں ہے -
 یہ بھی نہیں کہ وہ خود اس تعمیر سے ماوراء ہے -  صرف اس کا حکم ہے جو تعمیر کر رہا ہے چاند سورج بھی حکم ہی کے پابند ہیں - البتہ ان کو ہمیشگی نہیں ہے - ان سب کی مدتیں معین ہیں -
ایک مناسبت سے ردوبدل رونما ہوتا رہتا ہے - اس طرح تم اس نتیجہ پر پہنچ سکتے ہو کہ یہی رد و بدل تمہیں ایک نہ ایک دن اپنے رب کے سامنے لا کھڑا کرے گا - ( تم سمجھتے ہو رد و بدل کس وضع کا ہے ؟ اس کی طرز یہ ہے کہ ) الله تعالیٰ کے بنائے ہوئے فارمولوں نے زمین کو پھیلاؤ عطا کردیا ہے - 

محسوسیت کی طرزیں یا  GRAVITATIONAL   FORMATION  کشش ثقل ہیں جن میں بہاؤ FLOW  ہے - پھر ہم نے نتائج کو منفی  NEGATIVE  اور مثبت POSITIVE  بنایا نیز ابعاد DIMENSIONS  عطا کیں - چنانچہ الله تعالیٰ رات کے مظاہر سے دن کے مظاہر کو چھپاتا ہے - یہ سارے نشانات اور سراغ ان لوگوں کے لئے ہیں جو تفکر کرتے ہیں -  "...✦ 

یہاں لفظی ترجمہ درج کیا جاتا ہے کہ مندرجہ بالا تشریح کی افادیت واضح ہوجائے - 

 ... "  المرٰ - یہ آیتیں ہیں ایک بڑی کتاب کی اور جو کچھ آپ پر آپ کے رب کی طرف سے نازل کیا گیا ہے یہ حق ہے اور لیکن بہت سے آدمی ایمان نہیں لاتے - الله وہ ہے کہ جس نے آسمانوں کو ستونوں کے بغیر اونچا کھڑا کردیا چنانچہ تم ان کو دیکھ رہے ہو - پھر عرش پر قائم ہوا اور آفتاب اور ماہتاب کو کام پر لگا دیا - ہر ایک ، ایک وقت معین تک اپنی راہ چلا جا رہا ہے -
 وہی ہر کام کی تدبیر کرتا ہے اور دلائل کو صاف صاف بیان کرتا ہے      تا کہ تم اپنے رب کے پاس جانے کا یقین کرلو اور وہ ایسا ہے کہ اس نے زمین کو پھیلایا اور اس میں پہاڑ اور نہریں پیدا کیں اور اس میں ہر قسم کے پھلوں سے دو دو قسم کے پیدا کئے - رات سے دن کو چھپا دیتا ہے - ان امور میں تفکر کرنے والوں کے لئے نشانیاں ہیں - " 


روحانی ڈائجسٹ  ---  فروری 1999ء


   

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں