تعبیر عظیمؒ
... صحیح لائحہ عمل کا تعین ...
خواب میں دیکھا کہ مرحومہ والدہ اور بہن بھائی قرآن پاک پڑھ رہے ہیں - والدہ اٹھ کر دروازے سے باہر آتی ہیں تو میرے منگیتر باہر سے آتے ہیں - ان کے ہاتھ میں مٹھائی کا ڈبہ ہے - وہ یہ ڈبہ مجھے پکڑا دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ مٹھائی ہمارے پاس آخری عمر تک رہے گی -
جب میں ڈبہ کھولتی ہوں تو اس میں ساڑھی ہوتی ہے - منگیتر دوسرے کمرے میں جا کر صراحی سے پانی پینا چاہتے ہیں مگر والدہ کہتی ہیں کہ پانی اس وقت تک نہ پینا جب تک گلاس پاک نہ کرلیا جائے -
بابا صاحب تعبیر خواب میں فرماتے ہیں ...
✦..." طرفین میں یہ گفتگو ہورہی ہے کہ پہلے نکاح کرلیا جائے اور رخصتی بعد میں کی جائے - یہ طریقہ کار مضر ثابت ہوسکتا ہے - اور اس سے زندگی کے کئی گوشوں میں نقصانات کا اندیشہ ہے - اس لئے یہ طریقہ کار اختیار نہیں کرنا چاہیئے - نکاح اور رخصتی ساتھ ساتھ ہونی چاہیئے -
سرپرستوں کے ذہن میں یہ بات جس طرح مناسب ہو ڈال دی جائے - خواب میں ناصاف گلاس ، ساڑھی ، صراحی سب خاکے اسی نامناسب طریقہ کار پر گفتگو اور کاربند ہونے کی نشاندہی کر رہے ہیں اور لاشعور متنبہ کر رہا ہے کہ ہرگز ایسا نہیں ہونا چاہیئے - "...✦
سکندر علی صاحب نے اپنا خواب بیان کیا ...
ہم ایک ریتیلے میدان میں ہاکی کھیل رہے ہیں - گیند ہمارے گول کی طرف زیادہ آرہی ہے - مخالف ٹیم گیند پر ہٹ لگاتی ہے تو میدان میں بہت زیادہ ریت اڑتی ہے -
عجیب بات یہ ہے کہ میری ٹیم کے کھلاڑی ایک طرف ہاتھ باندھے کھڑے ہیں اور میں اکیلا ہی جوانمردی سے گیند روکنے کی کوشش کر رہا ہوں ساتھ ہی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی جوش دلا رہا ہوں کہ وہ میدان میں آئیں اور ٹیم کو شکست سے بچائیں مگر وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے -
بابا صاحبؒ اس خواب کو عملی زندگی سے منسلک کرتے ہوئے فرماتے ہیں ...
✦..." آپ جس کاروبار میں مصروف ہیں اس کاروبار میں کچھ طاقتور حریف آپ کے مقابل جدوجہد میں لگے ہوئے ہیں - اگرچہ ان کی طاقت زیادہ ہے لیکن وہ آپ کو شکست نہیں دے سکتے لیکن یہ لوگ پھر بھی مقابلے سے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں -
مخالفوں کا گیند پر ہٹ لگانا ، ریت اڑانا ، ٹیم کے کھلاڑیوں کا ٹس سے مس نہ ہونا ان ہی چیزوں کے تمثلات ہیں - ہمت کرکے جمے رہیئے کامیابی ہوگی - "...✦
... بشارت اور مشکل کشائی ...
محمّد آصف صاحب کا خواب اس طرح ہے ...
1 - حضور اکرم صلی الله علیہ وآ له وسلّم کو خواب میں دیکھا آپؐ حجرے میں تشریف فرما تھے - ساتھ ہی حضرت عمر رضی الله تعالیٰ عنہ تشریف رکھتے تھے -
2 - ایک عید گاہ کی دیوار ہے - دیوار کے سامنے صحابہ کرامؓ صف باندھے کھڑے ہیں - میرے ساتھ کوئی دوست بھی ہے - دیوار کی پشت سے زوردار آواز آئی - ابو تمامہ - میں نے چونک کر کہا ، " یہ تو حضور اکرم صلی الله علیہ وآ له وسلّم کی آواز ہے -"
اگلے ہی لمحے حضور اکرم صلی الله علیہ وآ له وسلّم تشریف لائے آپؐ کی نگاہیں مجھ پر مرکوز تھیں اور مسلسل فرما رہے تھے ... ابو تمامہ ، ابو تمامہ ، اس آواز سے میری آنکھ کھل گئی -
میں اسلام پر بہت کچھ لکھتا رہا ہوں - خیال آیا کہ حضور صلّ الله علیہ وسلّم ، ابو تمامہ کے متعلق پڑھنے کو کہہ رہے ہیں لیکن مذہبی کتابوں میں یہ نام کہیں نہیں ملا - ازراہ کرم اس راز سے پردہ اٹھائیں -
حضور بابا صاحبؒ نے سائل کی مشکل کشائی کرتے ہوئے بتایا -
✦..." 1 - حضور اکرم صلی الله علیہ وآ له وسلّم کی شبیہہ مبارک نظر آنا بہت بڑی سعادت ہے - اس کی تعبیر میں کوئی لاحل مسئلہ حل ہونے والا ہے جو آپ کے لئے خوش خبری ہے -
2 - صحابہ کرامؓ کی زیارت بھی بہت بڑا شرف ہے - ابو تمامہ سے آنحضرت صلی الله علیہ وآ له وسلّم کی مراد یہ ہے کہ حضرت آدم کی سنت پر پوری طرح عمل کرو - حضرت آدم کی سنت توبہ و استغفار ہے - اور ابو سے مراد حضرت آدم ہیں -الله تعالیٰ توفیق عطا کریں - "...✦
... مصیبت سے نجات کی پیشن گوئی ...
فاروق مصطفیٰ صاحب لکھتے ہیں ...
مجھے معلوم ہوا کہ میرا دوست موٹر سائیکل کی مرمت کرتے ہوئے بری طرح جل گیا ہے اور اس حادثہ سے اس کا ذہنی توازن بھی خراب ہوگیا ہے - دوست پولیس کے ساتھ اس شخص کو تلاش کر رہا ہے جو اس حادثہ کا ذمہ دار ہے -
میں یہ خبر سن کر دوست کی تلاش میں تقریباً دوڑتا ہوا ریلوے لائن کے پاس پہنچ گیا - وہاں دوست مجھ سے بغلگیر ہوا لیکن گلے لگتے ہی میرے بائیں کندھے پر کاٹ لیا - پولیس والوں نے مجھے زبردستی اس کے شکنجے سے چھڑایا - کچھ در بعد عوامی ایکسپریس آگئی -
لوگوں نے اس کو بہت غور سے دیکھا اور وہ مجھ سے ملنے کے لئے آگے بڑھا تو میں خوفزدہ ہوکر وہاں سے بھاگ آیا اور ایک مکان کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوگیا - صاحب خانہ نے مجھے زبردستی کھانا کھلایا - دیکھا کہ میزبان میرے والد کے دوست ہیں -
قلندر بابا اولیاؒء نے سائل کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے مصیبت سے نجات کی خوشخبری اسے یوں دی ...
✦..." موٹر سائیکل کی مرمت میں دوست کا جل جانا ، ذہنی توازن کھو بیٹھنا ، حادثہ کے ذمہ دار شخص کی پولیس کو تلاش ، تمثلات ہیں نفع حاصل کرنے کے ان منصوبوں کے جو قانونی خلاف ورزی کی وجہ سے بری طرح ناکام ہوگئے ہیں -
دوست کا بغلگیر ہو کر کندھے پر کاٹنا نادان لوگوں کے تعاون کی نشاندہی کرتا ہے ، پولیس کا چھڑانا پریشانی کے بعد نجات ملنے کی علامت ہے - ایک فرد کا کھانا کھانے پر مجبور کرنا نتیجہ کی طرح اشارہ ہے - غیب سے رہنمائی ہوگی اور کوئی مدد دینے والا مل جائے گا - "...✦
مرتبہ ... سہیل احمد روحانی ڈائجسٹ .. جنوری 1995ء
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں