سلسلہ عظیمیہ
قواعد و ضوابط ...
سلسلہ عظیمیہ کے تمام دوستوں کو حسب ذیل احکامات پر پابند رہنا ضروری ہے -
سلسلہ عظیمیہ کے تمام دوستوں کو حسب ذیل احکامات پر پابند رہنا ضروری ہے -
1 - ہر حال اور ہر قال میں اپنا روحانی تشخص برقرار رکھیں -
2 - چھوٹے اور بڑے کا امتیاز کئے بغیر سلام میں پہل کریں -
3 - الله کی مخلوق کو دوست رکھیں -
4 - سلسلہ میں رہ کر آپس میں اختلاف سے گریز کریں -
5 - شیخ کی ہر بات پر بلا چون و چرا عمل کریں -
6 - کسی بھی سلسلہ کے مقابلے میں اپنے سلسلے کو برتر ثابت نہ کریں اس لئے کہ تمام راستے الله تک پہنچنے کا ذریعہ ہیں -
7 - سلسلہ میں جو شخص گند پھیلانے یا منافقت کا سبب بنے اسے سلسلہ سے خارج کردینا چاہیئے -
8 - ذکر و فکر کی جو تعلیم اور ہدایات دی جائیں ان پر پابندی سے عمل کریں ، مراقبہ میں کوتاہی نہ کریں -
9 - قرآن پاک کی تلاوت کریں ، معنی اور مفہوم پر غور کریں -
10 - صلوٰة ( نماز ) میں الله تعالیٰ کے ساتھ ربط قائم کریں -
11 - کسی دوسرے سلسلے کے طالب علم یا سالک کو سلسلہ عظیمیہ میں طالب کی حیثیت سے قبول کیا جاسکتا ہے -
12 - جو شخص پہلے سے کسی سلسلے میں بیعت ہو اسے سلسلہ عظیمیہ میں بیعت نہ کریں - یہ قانون ہے کہ ایک شخص دو جگہ بیعت نہیں ہوسکتا -
13 - سلسلہ عظیمیہ سے بیعت حاصل کرلینے کے بعد نہ تو بیعت توڑی جاسکتی ہے اور نہ ہی کوئی فرد اپنی مرضی سے فرار حاصل کرسکتا ہے - اس لئے بیعت کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں - جو شخص سلسلہ میں داخل ہونا چاہتا ہے اس سے کہا جائے کہ پہلے خوب اچھی طرح دیکھ بھال کرلی جائے کہ ہم اس لائق ہیں بھی یا نہیں -
14 - سلسلہ عظیمیہ کے ذمہ دار افراد پر لازم ہے کہ وہ کسی کو اپنا مرید نہ کہیں - دوست کے لقب سے یاد کریں -
15 - سلسلہ کا کوئی صاحب مجاز مجلس میں گدی نشین ہو کر نہ بیٹھے- نشست و برخاست عوام کی طرح ہو -
16 - نوع انسان میں مرد ، عورتیں ، بچے ، بوڑھے سب آپس میں آدم کے ناطے خالق کائنات کے تخلیقی راز و نیاز ہیں ، آپس میں بھائی بہن ہیں - نہ کوئی بڑا ہے نہ چھوٹا - بڑائی صرف اس کو زیب دیتی ہے جو اپنے اندر ٹھاٹھیں مارتے ہوئے الله کی صفات کے سمندر کا عرفان رکھتا ہو ، جس کے اندر الله کے اوصاف کا عکس نمایاں ہو ، جو الله کی مخلوق کے کام آئے - کسی کو اس کی ذات سے تکلیف نہ پہنچے -
17 - شک کو دل میں جگہ نہ دیں - جس فرد کے دل میں شک جاگزیں ہو ، وہ عارف کبھی نہیں ہوسکتا - اس لئے کہ شک شیطان کا سب سے بڑا ہتھیار ہے جس کے ذریعے وہ آدم زاد کو اپنی روح سے دور کردیتا ہے - روحانی قدروں سے دوری ، آدمی کے اوپر علم و آگاہی اور عرفان کے دروازے بند کردیتی ہے -
18 - مصور ایک تصویر بناتا ہے - پہلے وہ خود اس تصویر کے نقش و نگار سے لطف اندوز ہوتا ہے - مصور اپنی بنائی ہوئی تصویر سے اگر خود مطمئن نہ ہو تو دوسرے کیوں کر متاثر ہوں گے - نہ صرف یہ کہ دوسرے لوگ متاثر نہیں ہوں گے بلکہ تصویر کے خدوخال مذاق کا ہدف بن جائیں گے اور اس طرح خود مصور بے چینی ، اضطراب و اضمحلال کے عالم میں چلا جائے گا - ایسے کام کریں کہ آپ خود مطمئن ہوں - آپ کا ضمیر مردہ نہ ہوجائے اور یہی وہ راز ہے جس کے ذریعے آپ کی ذات دوسروں کے لئے راہ نمائی کا ذریعہ بن سکتی ہے -
19 - ہر شخص کو چاہیئے کہ کاروبار حیات میں مذہبی قدروں ، اخلاقی اور معاشرتی قوانین کا احترام کرتے ہوئے پوری پوری جدوجہد اور کوشش کرے لیکن نتیجہ پر نظر نہ رکھے - نتیجہ الله کے اوپر چھوڑ دے اس لئے کہ آدمی حالات کے ہاتھ میں کھلونا ہے - حالات جس طرح چابی بھر دیتے ہیں آدمی اسی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہے بیشک الله قادر مطلق اور ہر چیز پر محیط ہے - حالات پر اس کی گرفت ہے - وہ جب چاہے اور جس طرح چاہے حالات میں تغیر واقع ہوجاتا ہے - معاش کے حصول میں معاشرتی اخلاقی اور مذہبی قدروں کا پورا پورا احترام کرنا ہر شخص کے اوپر فرض ہے -
20 - تم اگر کسی کی دل آزاری کا سبب بن جاؤ تو اس سے معافی مانگ لو ، قطع نظر اس کے کہ وہ تم سے چھوٹا ہے یا بڑا - اس لئے کہ جھکنے میں عظمت پوشیدہ ہے -
21 - تمہیں کسی کی ذات سے تکلیف پہنچ جائے تو اسے بلا توقف معاف کردو - اس لئے کہ انتقام بجائے خود ایک صعوبت ہے - انتقام کا جذبہ اعصاب مضمحل کردیتا ہے -
22 - غصہ کی آگ پہلے غصہ کرنے والے کے خون میں ارتعاش پیدا کرتی ہے اور اس کے اعصاب متاثر ہوکر اپنی انرجی( Energy ) ضائع کردیتے ہیں - یعنی اس کے اندر قوت حیات ضائع ہوکر دوسروں کو نقصان پہنچاتی ہے - الله تعالیٰ نوع انسانی کے لئے کسی قسم کے بھی نقصان کو پسند نہیں فرماتے - الله تعالیٰ کا ارشاد ہے ...
" جو لوگ غصہ پر قابو حاصل کرلیتے ہیں ، الله ایسے احسان کرنے والے بندوں سے محبت کرتا ہے - "
یاد رکھیئے ! شمع پہلے خود جلتی ہے اور جب وہ اپنی زندگی کا ایک ایک لمحہ آگ کی نذر کرکے خود کو فنا کردیتی ہے تو اس ایثار پر پروانے شمع پر جاں نثار ہوجاتے ہیں -
" متحد ہوکر الله کی رسی کو مظبوط پکڑ لو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو "
کے پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دیتا ہے -
آئیے! عہد کریں کہ محسن انسانیت صلّ الله علیہ وسلّم کے نقش قدم پر چل کر پوری انسانیت کے لئے ہم ایک مثال قائم کریں گے اور حضور اکرم صلّ الله علیہ وسلّم کے مشن کو گھر گھر پہنچا کر ہر فرد کو اس کے اندر بہتے ہوئے علم و آگہی کے سمندر سے روشناس کرائیں گے اور خود بھی اپنی روحانی صلاحیتوں سے بہرہ ور ہوکر رسول الله صلّ الله علیہ وسلّم کے سامنے سرخرو ہوں گے - آمین یا رب العالمین !
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں