جمعہ، 28 اگست، 2015

بدھ، 8 اپریل، 2015

یاد عظیمؒ -- 12


                                      یاد عظیمؒ 



مضمون : عالی مرتبت بادشاہ 
تحریر   : نسیم احمد 
اشاعت  : روحانی ڈائجسٹ جنوری 1992ء 


8 اگست 1978ء کی وہ مبارک گھڑی مجھ کو آج بھی یاد ہے جب میرے آقا و مولا حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی نے مجھ سے فرمایا کہ آئیے آج آپ کو حضور قلندر بابا اولیاؒء سے ملوائیں - میں بصد شوق تیار ہوگیا اور ہم حضور قلندر بابا اولیاؒء کے آستانے کی طرف روانہ ہوئے -
 میں راستے بھر اپنے ذہن میں طرح طرح کے تصور قائم کرتا رہا کہ قلندر بابا ایسے ہوں گے ان کی اتنی بڑی داڑھی ہوگی - اس لئے کہ بچپن ہی سے ہمارے ذہن میں یہ بات تھی کہ بزرگ لوگ بہت موٹے ہوتے ہیں جتنی بڑی ان کی داڑھی ہوتی ہے اتنے ہی بزرگ ہوتے ہیں -

غرض یہ کہ قصہ مختصر ہم حضور قلندر بابا اولیاؒء کے آستانے پہنچے -وہاں پہنچ کر میرے ذہن کو ایک زبردست جھٹکا لگا - میرے تصور کے بالکل برعکس دبلے پتلے ، نورانی چہرہ سفید مگر چھوٹی داڑھی -
ایک شاہانہ انداز سے پلنگ کے اوپر میرے حضور قلندر بابا اولیاؒء جلوہ افروز تھے - چہرے سے بےپناہ نرمی اور شفقت ٹپکتی تھی - میرے پیر و مرشد نے فرمایا کہ حضور یہ ہی ہیں ہمارے نسیم صاحب - حضور قلندر بابا اولیاؒء نے انتہائی پیار بھری مسکراہٹ سے مجھے دیکھا اور نہایت شفقت سے میرے سر پر ہاتھ رکھا  اور دعا فرمائی - آپ کی مسکراہٹ اتنی حسین اور پرشفیق تھی کہ وہ ہمیشہ کے لئے میرے ذہن میں نقش ہوگئی - میں آج بھی گاہے گاہے اس مسکراہٹ کے تصور سے ان کے پیار کا رس نچوڑتا رہتا ہوں -

میرے بابا جی تو اندر چلے گئے اماں جی سے ملنے اور قلندر بابا کے حضور میں اکیلا رہ گیا - میں نے حضور سے سوال کیا کہ تصوف کا کیا مطلب ہے ؟  آپ نے قدرے توقف کے بعد فرمایا ... " تصوف دراصل نور باطن ہے یعنی ایسا خالص ضمیر جس میں آلائش قطعاً نہ ہو ... " -  

حضور قلندر بابا اولیاؒء کے اس فرمان پر جب غور کیا تو الله کی طرف سے جو رہنمائی حاصل ہوئی وہ یہ ہے کہ ہر انسان کے اندر نور کا ایک نقطہ ہوتا ہے جو نوع انسانی کے لئے مشعل راہ ہے -
لیکن جب ہم دنیا کے اندر مستغرق ہوجاتے ہیں اور دنیا کی آلائشیں اپنے اندر بھرنا شروع کرتے ہیں تو یہ آلائشیں اس نقطہ نور کے سامنے ایک دبیز پردے کی شکل اختیار کرلیتی ہیں چونکہ آلائش نور کے اندر شامل نہیں ہوسکتی اس لئے نور اپنی جگہ برقرار رہتا ہے  اور برابر رہنمائی کرتا ہے - لیکن ہم صحیح رہنمائی حاصل نہیں کرپاتے کیونکہ ہماری سوچ اور ہماری فکر تک میں یہ آلائش شامل ہوچکی ہوتی ہے اس لئے ضمیر کی رہنمائی ہم تک اس آلائش میں سے آلودہ ہوکر پہنچتی ہے نتیجتاً ہم زندگی بھر بھٹکتے رہتے ہیں - 

ایک اور سوال کے جواب میں حضور قلندر بابا اولیاؒء نے فرمایا کہ ... " انسان کی یہ بڑی بدقسمتی ہے کہ وہ پیچھے پلٹ پلٹ کر دیکھتا رہتا ہے وہ یہ نہیں سوچتا کہ الله تعالیٰ نے آنکھیں اس کی پیشانی پر سامنے کی طرف کیوں دی ہیں - اگر پیچھے دیکھنا مقصود ہوتا تو الله کے لئے کیا مشکل تھا کہ وہ آنکھیں سر کے پچھلے حصے پر ہی لگا دیتے ... " - 


حضور قلندر بابا اولیاؒء کے اس فرمان کی وسعتیں اتنی ہیں کہ انہیں چند اوراق میں نہیں سمیٹا جاسکتا - مختصراً یہ کہ ہمارے سامنے تاریخ بکھری پڑی ہے - تمام انبیاء متقدمین جب تشریف لائے اور قوموں کو ہدایت دی تو سب نے پلٹ کر یہی جواب دیا کہ ہم آپ کی بات کیسے مان لیں جبکہ ہمارے بڑوں نے اس کے برعکس کہا اور کیا ہے -

یہاں غور طلب بات یہ ہے کہ وہ پیچھے پلٹ کر اپنے بزرگوں کی ہی نقش پا دیکھتے رہے انہوں نے اپنے سامنے سچائی کے اس پیکر کو نہیں دیکھا اس کی بزرگی اس کے اعمال کو نہیں دیکھا - نتیجتاً وہ خسارے میں رہے - لیکن جنہوں نے ماضی میں دیکھنے کے بجائے اپنے آپ کو حال سے منسلک کرلیا وہ فائدے میں رہے -  

میں ضمناً اس بات کا تذکرہ کرتا چلوں کہ مجھے پامسٹری کا بہت شوق تھا اور میں نے بےشمار ہاتھ دیکھے تھے لہٰذا حضور کا ہاتھ دیکھنے کی خواہش ایک قدرتی بات تھی - لیکن میں یہ گستاخی کیسے کرسکتا تھا - میری کسی طور ہمت نہیں پڑی کہ میں اپنی اس خواہش کا اظہار کرسکتا -
 لیکن میں نے دیکھا کہ حضور قلندر باباؒ نے پہلو بدلا اور اپنے دونوں ہاتھ اس انداز سے گود میں رکھ لئے کہ میں انہیں بآسانی پڑھ سکتا تھا - میں دور ہی سے اپنے شوق کی تسکین کرتا رہا - ایسا ہاتھ میں نے کبھی نہیں دیکھا بلا شک و شبہہ وہ ایک عالی مرتبت شہنشاہ کا ہاتھ تھا ایسا شہنشاہ جس کی حکومت کی حدود ایک حضیرے تک پھیلی ہوئی تھیں -   

 ان کے ہاتھ میں دماغ کی لکیر ایک مثالی لکیر تھی ایک سرے سے دوسرے سرے تک پھیلی ہوئی ، انتہائی گہری - ہاتھ میں  Mystic کراس اس بات کا اعلان ہے کہ روحانیت کاملیت کی حدوں کو چھو رہی ہے - ہاتھ میں دل کی لکیر کی لمبائی اور ساخت اس بات کا اشارہ ہے کہ دل کسی کے عشق میں گم ہے مدہوش ہے -

میرا یہ مشاہدہ ہے کہ یہ وصف دراصل عطا ہے اور ایسے لوگ الله اور اس کے رسول صلی الله علیہ وآ له وسلّم کے ہی نہیں بلکہ اس کی مخلوق کے بھی عاشق ہوتے ہیں - یہ لوگ محبت وعشق کا پیکر ہوتے ہیں - ان کی محبت سے حجر ، شجر ، چرند ، پرند اور جن و انس سب یکساں طور پر مستفیض ہوتے ہیں -     

منگل، 7 اپریل، 2015

یاد عظیمؒ -- 11



                                     یاد عظیمؒ


 مضمون : حسن اخریٰ سید محمّد عظیم برخیا 
  تحریر   : حکیم وقار یوسف عظیمی 
  اشاعت  :  روحانی ڈائجسٹ   فروری 1993ء
               حصہ  دوم )


جیسے جیسے وقت گزرتا رہا اماں کی عظمت و توقیر میرے دل میں بڑھتی رہی اور اب ایک نیا احساس دل میں جاگزیں ہوا وہ یہ کہ جس طرح اماں کو ہمارے ابا جانتے ہیں یا ہم چند لوگ جانتے ہیں اسی طرح انہیں سارا عالم جانے -
یہ خیال دل ہی دل میں پروان چڑھتا رہا لیکن اس خیال کو اماں کے سامنے براہ راست ظاہر کرنے کی کبھی ہمت نہ ہوئی - ہاں بالواسطہ طریقے سے اکثر ضرور اظہار کردیا کرتا تھا - کہتا اماں جس طرح نانا تاج الدین پر آپ نے کتاب لکھی ہے اسی طرح اور بھی کوئی کتاب لکھیں - وہ میری بات سن کر مسکراتے اور کہتے اچھا -

اب بات کو آگے بڑھانے کی میری ہمت نہ پڑتی کہ جب آپ نے حامی بھرلی ہے تو لکھوانا شروع کردیں بس یہیں تک بات ہوکر ختم ہوجاتی - اماں کے سامنے تو بات ختم ہوجاتی لیکن دل میں جو خواہش جڑ پکڑ چکی تھی اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوجاتا -
جی چاہتا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اماں کی باتیں پہنچیں - لوگوں کو پتہ چلے کہ ان کے درمیان ایک ایسی ہستی موجود ہے جو الله تعالیٰ کے عطا کردہ علوم سے مالا مال ہے اور الله کی محبت اور حضورعلیہ الصلوة والسلام کے عشق میں سر تا پا ڈوبی ہوئی ہے -

اماں کا پیغام پھیلنا چاہیئے کہ محبت کا پیغام ہے - وہ الله کی محبت و چاہت کی باتیں کچھ اس طرح بتاتے ہیں جیسے الله نے ابھی انہیں اپنی گود میں بٹھا کر پیار کیا ہو - وہ کہتے ہیں کہ الله کے قریب ہوجاؤ الله سے محبت کرو الله تعالیٰ خالق ہیں ان کی ہر تخلیق محبت کی ساتھ تشکیل پائی ہے چنانچہ تم بھی ہر دوسرے فرد سے محبت کرو اسے اچھا جانو اس کا احترام کرو -
اگر تم چاہتے ہو کہ تمہیں کسی دوسرے سے کوئی تکلیف نہ پہنچے تو پہلے اپنی ذات کو دوسروں کے لئے باعث راحت و سکون بناؤ - بہتر بات یہ ہے کہ تمہاری ذات  سے دوسروں کو فائدہ پہنچے لیکن اگر یہ کوئی نہیں کرسکتا تو اتنا ضرور کرے کہ اس کی ذات سے کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچے - 

ہم سب بہن بھائیوں کے نام اماں نے رکھے ہیں - ہم سب کو انہوں نے اپنی گود میں پرورش کیا ہے اماں کی گود کی عظمت سے اماں کی طرزفکر ہمارے اندر منتقل ہوئی ہے - میں نے کائناتی نظام اور اس نظام پر مصروف عمل کارندوں کی بچپن میں باتیں سنیں ہیں - 
بچپن میں ہی میرے ذہن میں یہ بات راسخ ہوگئی تھی کہ الله کے بندے انسان بھی کائناتی نظام چلاتے ہیں - غوث - قطب - مدار - کوچک ابدال - ابدال کے عہدوں سے میں واقف ہوگیا تھا - لیکن میں اکثر یہ سوچتا تھا کہ یہ لوگ یہاں دنیا میں بیٹھے ہوئے آسمانی دنیاؤں میں کس طرح کام کرتے ہیں -

مجھے حیرت اس وقت ہوتی تھی کہ جب کوئی شخص اماں کے پاس آکر فریاد کرتا تھا تو اماں کہتے تھے جاؤ خوش ہوجاؤ تمہارا کام ہوگیا ہے - اور یہ کام ہوجاتا تھا - میں نے کبھی اماں کو وسائل کا پابند نہیں دیکھا - بس جو کہہ دیا ، جو سوچ لیا اس کے مطابق خود بخود وسائل مہیا ہوجاتے تھے بلکہ وسائل بن جاتے تھے -
کبھی ایسا بھی ہوتا کہ گھر میں ہم سب بچے اماں کے ساتھ بیٹھ کر چٹنی سے روٹی کھاتے تھے - اماں بہت خوش ہوکر کہتے ... " بچو خوش ہوکر کھاؤ ، آج الله کے یہاں ہماری خصوصیت ہے کہ ہم چٹنی سے روٹی کھا رہے ہیں اور دوسرے لوگ گوشت وغیرہ کھا رہے ہیں - "

میری یہ خواہش کہ اماں کا نام عالم میں پھیل جائے اس طرح پوری ہوئی ابا نے روحانی ڈائجسٹ اماں کی اجازت سے جاری کردیا - روحانی ڈائجسٹ کے سرورق پر جو تحریر مسلسل پندرہ سال سے چھپ رہی ہے - یہ اماں ہی کی لکھوائی ہوئی ہے - من و عن ان کے ہی الفاظ ہیں -

یہ پرچہ بندہ کو خدا تک لے جاتا ہے
   اور  بندہ  کو  خدا  سے ملا  دیتا  ہے   

آج ہزاروں لوگ اس بات کے گواہ ہیں کہ اماں کی اس تحریر نے لوگوں کے دلوں کو منور کردیا ہے اور لوگ واقعی خدا تک پہنچ گئے ہیں - انہیں خدا کا قرب نصیب ہوا ہے - 


اماں کی زندگی میں ابا نے دو پرچے نکالے - پہلا پرچہ تجربہ نہ ہونے کے باوجود اچھا تھا - مگر دوسرا شمارہ دیکھ کر اماں نے کہا مضامین کی ترتیب اچھی نہیں ہے - اور تیسرے پرچے میں اماں کے وصال کی خبر لگ گئی -انّا للّہ و انّا الیہ راجعون 


ہم بچوں کی اماں کو کتنی فکر تھی - یہ بات مجھے جناب بھائی نثار علی بخاری جو اماں کے گہرے دوست تھے سے معلوم ہوئی -
ایک روز انہوں نے فرمایا ... بھائی صاحب فرما رہے تھے میں نے بنیادی کام کردیئے ہیں - اب یہاں رہنا کوئی اتنا ضروری نہیں ہے - مجھے خواجہ صاحب کی فکر ہے کہ وہ عیال دار ہیں الله ان کی معاش کا بندوبست کردے - بس پھر میں فارغ ہوں - 

روحانی ڈائجسٹ نکلنے کے بعد ابا کی مصروفیت بےپناہ ہوگئی ، ہم دوستوں نے اپنی عمر اور اپنی عقل کے مطابق ان کا ہاتھ بٹایا - ان دوستوں میں جاوید احمد ، نسیم احمد ، حافظ ضیاء ، زبیر احمد ، انیس احمد ہیں - جیسے جیسے میری عمر کے مطابق میری صلاحیت میں اضافہ ہوا میرے ذمہ روحانی ڈائجسٹ کی خدمات زیادہ ہوتی رہیں - 
ایک رات میں نے خواب میں دیکھا کہ  1D ،1/7 کے نیچے کے مکان کے صحن کی طرف برآمدہ میں اماں ہیں اور میں صحن میں ہوں - اماں نے کہا میں تم سے خوش ہوں تم نے خواجہ صاحب کی مصروفیت میں حصہ لیا -  اب میں سوچتا ہوں کہ یہ تو خود میری خواہش پوری ہوئی ہے کہ مجھے روحانی ڈائجسٹ کا کام مل گیا ہے -

میں بچپن سے ہی چاہتا ہوں کہ اماں کا نام اور اماں کے علوم عالم میں پھیل جائیں - کیا لکھوں کتنا لکھوں ، میرے سراپا کا ایک ایک رواں اماں کی شفقت ، عظمت ، محبت ، خلوص اور ایثار کا گواہ ہے -

اماں کہتے تھے کسی کو کچھ بنانے کے لئے اپنا بہت کچھ کھونا پڑتا ہے - فرماتے تھے  موم بتی اپنے وجود کو جلا کر پگھلا کر اور خود کو فنا کرکے دوسروں کو روشنی دیتی ہے - اماں میری شناخت ہیں مجھے ان کی گود کا لمس نہ ملتا تو میں کچھ بھی ہوسکتا تھا مگر وقار یوسف عظیمی نہ ہوتا -   

ہفتہ، 4 اپریل، 2015

یاد عظیمؒ -- 10




                                    یاد عظیمؒ 


  مضمون : حسن اخریٰ سید محمّد عظیم برخیا 
   تحریر  : حکیم وقار یوسف عظیمی 
  اشاعت  :  روحانی ڈائجسٹ   فروری 1993ء
               ( حصہ اول )

       

قلندر بابا اولیاؒء یہ نام آج زبان زد خاص و عام ہے - جس مبارک و مسعود ہستی کا یہ خطاب ہے ہم اسے " اماں " کہہ کر پکارتے تھے - اس ہستی سے تعارف تو اول روز سے ہی ہے کہ ہم نے جس گھرانے میں آنکھ کھولی اور جس ماحول میں پرورش پائی اس میں قلندر بابا اولیاء کی ہستی گھنے درخت کے سایہ کی طرح ہر طرف محیط تھی تاہم یہ نام قلندر بابا اولیاء میں نے پہلی مرتبہ سنا نہیں تھا بلکہ پڑھا تھا -


اس عالم فانی میں شاید میں اپنی عمر کی دوسری دہائی میں ہوں گا جب میں نے اماں کی ایک چھپی ہوئی تصویر دیکھی اس تصویر کے نیچے لکھا ہوا تھا قلندر بابا اولیاء -"اماں " کا یہ نام میرے لئے نیا تھا کیونکہ ہم خود انہیں اماں کہتے تھے ہمارے ماں باپ انہیں بھائی صاحب کہتے تھے -

بدر صاحب ، محسن صاحب ، جمال صاحب اور دیگر کئی حضرات انہیں حضور بھائی صاحب کہتے تھے - ڈاکٹر صاحب باوا کہتے تھے - ان کے صاحبزادے شمشاد بھائی ، رؤف بھائی اور صاحبزادیاں سلمیٰ باجی اور تسلیمہ باجی انہیں ابا کہتی تھیں -
بابا صاحب کی اہلیہ محترمہ ، ہماری سب کی اماں جی یا تو کوئی نام لئے بغیر ان کا ذکر کرتی تھیں یا تمہارے بھائی صاحب ، تمہارے ابا اور ہم بچوں سے مذاق میں تمہاری اماں کہہ کر ذکر کیا کرتی تھیں -


لیکن میرے سامنے کبھی کسی نے اماں کو قلندر بابا اولیاء کہہ کر نہیں پکارا تھا - تصویر ہمارے ابا نے مجھے دکھائی تھی میں ابا کے برابر میں بیٹھا ہوا تصویر دیکھ رہا تھا اس وقت اماں شاید ہمارے گھر میں نہیں تھے میں نے سر اٹھا کر ابا کی طرف دیکھا اور پوچھا یہ کیا لکھا ہوا ہے -

وہ مجھے دیکھ کر مسکرائے مجھے آج بھی یاد ہے کہ وہ کس پیار بھرے انداز میں مسکرائے تھے میں ان کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھتا رہا اور وہ مجھے دیکھ دیکھ کر مسکراتے رہے -
شاید میرا یہ سوال پوچھنا ان کے لئے بہت خوشی کا باعث تھا اور ان کی اندرونی پرمسرت کیفیات کا اظہار ان کی خوبصورت مسکراہٹ سے ہورہا تھا لیکن میں یہ سمجھا کہ شاید میں نے کوئی غلط سوال کرلیا ہے لہٰذا اپنی جھینپ مٹانے کو ادھر ادھر دیکھتے ہوئے میں بھی مسکرانے لگا اب وہ گویا ہوئے یہ اماں کا نام ہے - میں نے قدرے حیرت سے کہا یہ اماں کا نام ہے ؟ اماں کا نام تو عظیم ہے - انہوں نے کہا کہ یہ بھی اماں کا نام ہے -
بات آئی گئی ہوگئی اس کے بعد بھی جو بھی اماں سے ملنے آتا کہتا بھائی صاحب سے ملنا ہے یا حضور بھائی صاحب سے ملنا ہے -   کچھ عرصہ گزرنے کے بعد یہ تصویر کتاب تذکرہ بابا تاج الدین ناگپوری میں چھپی اب میں نے پھر اماں کی تصویر کے نیچے قلندر بابا اولیاء لکھا ہوا دیکھا - مجھے اچھی طرح یاد ہے ابا اور کبھی کبھار کوئی اور صاحب ساتھ بیٹھ کر کتاب " تذکرہ بابا تاج الدین ناگپوری " کا ڈکٹیشن اماں سے لیتے - اماں ناظم آباد کے مکان میں باہر صحن میں تخت پر کبھی بیٹھے ہوئے اور کبھی تکیہ سے ٹیک لگائے نیم دراز آہستہ آہستہ بولتے جاتے اور ابا لکھتے جاتے -


 ہم آتے جاتے یہ کاروائی دیکھتے تھے کبھی کبھار میں بھی تخت پر اماں کے پاس جا کر بیٹھ جاتا اور اماں کو بولتے ہوئے اور ابا کو لکھتے ہوئے دیکھتا رہتا - کبھی کبھی اماں کسی لفظ یا جملے سے مطمئن نہیں ہوتے تھے اور ایک لفظ یا جملے کو بار بار کٹوا کر لکھواتے - 

ڈکٹیشن کے دوران کبھی وہ اپنے نانا تاج الدین کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کو یاد کرتے ہوئے گہری سوچ میں گم ہوجاتے - میں یہ سمجھتا کہ اماں شاید کوئی مناسب لفظ لکھوانے کے بارے میں سوچ رہے ہیں اور یہ سوچتے ہوئے کبھی کبھی میں خود بیچ میں بول پڑتا - میرے بولنے سے ان کی محویت پر اثر پڑتا تھا لیکن اس طرح دخل در معقولات پر اماں نے کبھی مجھے ڈانٹا نہیں - 


ایک مرتبہ تو کمال ہی ہوگیا اماں بار بار کوئی لفظ کٹوا کر دوبارہ لکھوا رہے تھے کہ میں بیچ میں اپنی دانست میں کوئی متبادل لفظ بول پڑا اور اماں کہنے لگے ہاں یہ ٹھیک رہے گا - ابا نے لکھ لیا - اب مجھے یاد نہیں کہ وہ لفظ کیا تھا اور یہ کہ واقعی وہ لفظ کتاب میں شامل ہوا یا اس طرح محض ایک بچے کی دلجوئی مقصود تھی - 

لیکن میں تو اس وقت اماں کی اس بات سے بہت خوش ہوا ، خوشی میں دوڑتا ہوا اپنی امی کے پاس گیا اور انہیں اپنے اس کارنامے کے بارے میں بتایا - 


" تذکرہ بابا تاج الدین ناگپوریؒ " کے آخر میں ایک منقبت شائع ہوئی ہے - منقبت مکمل طور پر کس وقت لکھوائی گئی یہ تو یاد نہیں لیکن اس کا ایک مصرعہ میں نے اپنے سامنے بابا صاحب کو لکھواتے ہوئے دیکھا وہ تھا  



          یہ آپ ہی کا تو نواسہ ہے دریا پی کر جو پیاسا ہے 


شاید مزید اشعار بھی اسی نشست میں لکھوائے گئے ہوں لیکن مجھے صرف یہ ہی یاد ہے غالباً اس وجہ سے بھی یاد رہ گیا ہو کہ منقبت کے باقی اشعار کی نسبت اس وقت یہ مصرعہ میرے لئے زیادہ آسان تھا -

اس وقت بھی میں بیچ میں بولا اور اماں سے کہنے لگا اماں دریا تو بہت بڑا ہوتا ہے کوئی اس کا سارا پانی پی سکتا ہے ؟ اس وقت صحن میں اماں کے تخت کے گرد تین چار حضرات موجود تھے ایک ابا ایک جمال صاحب اور باقی یاد نہیں -
اماں میری بات سن کر مسکرائے باقی حضرات بھی مسکرانے لگے لیکن کوئی کچھ بولا نہیں پھر اماں ہنستے ہوئے کہنے لگے ..." بھئی ایک آدمی اپنی ساری عمر میں ایک دریا کے برابر پانی تو پی ہی لیتا ہوگا -" 


  بس اسی طرح ہنستے بولتے وقت گزرتا رہا - پھر ہم نے دیکھا کہ ہمارے ابا نے اخبار میں لکھنا شروع کیا - اس کی ابتداء بھی مجھے کچھ کچھ یاد ہے شروع میں ایسا ہوتا تھا کہ چند خطوط کے جواب تو ابا خود لکھ لیا کرتے تھے لیکن بعض خطوط الگ کرلیتے تھے اور بعد میں کسی وقت یہ خطوط اماں کو پڑھ کر سناتے اور اماں خود ان خطوط کے جواب ابا کو لکھواتے -
اس وقت ابا کا کالم دو طرح کے خطوط پر مشتمل ہوتا تھا ایک تو مسائل ، بیماریاں وغیرہ اور دوسرے خوابوں کی تعبیر - مسائل اور بیماریوں سے متعلق تو کسی خط کا جواب ابا خود لکھتے اور کوئی خط اماں کو دکھاتے لیکن کافی عرصہ تک یہ ہوتا رہا کہ خواب کی تعبیر کے لئے آنے والے ہر خط کا جواب اماں ہی لکھواتے تھے - 
اس کا طریقۂ کار یہ ہوتا کہ پہلے اماں خواب کی مجموعی تعبیر لکھواتے پھر تفصیلاً خواب میں دیکھی ہوئی باتوں کو بیان کرتے ہوئے ان کا تجزیہ لکھواتے رفتہ رفتہ اماں نے خواب کی تعبیر بھی ابا سے لکھوانی شروع کی اور انہیں ہدایت کی کہ جہاں کوئی بات سمجھ میں نہ آئے وہ مجھ سے پوچھ لیا کریں پھر کچھ عرصے  بعد فرمایا ... خواجہ صاحب اب آپ خود ہی لکھ لیا کریں -

 اماں کی شخصیت ہمارے لئے گھنے درخت کے سایہ کی طرح تھی - اماں ہمارے لئے محبتوں کا خزانہ تھے - ہمیں ان کی بات سن کر اور ان کا کہا مان کر بہت خوشی ہوتی - اگر وہ اپنے کسی کام کے لئے کہتے تو ہم بڑی خوشی خوشی وہ کام کیا کرتے تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ایک عجیب سی بات یہ بھی تھی کہ اس وقت ہماری نظروں میں اماں کوئی خاص شخصیت نہ تھے -
اس بات کی وضاحت اس طرح کی جاسکتی ہے کہ کوئی بھی فرد اپنے گھر میں اپنے بچوں کی نظر میں اپنے علمی مقام و مرتبہ یا اپنی سماجی حیثیت سے قطع نظر صرف ایک باپ ہوتا ہے یا کوئی بزرگ اپنے کم عمر پوتوں یا نواسوں کے لئے دادا یا نانا ہوتے ہیں - بچے ان کی بزرگی یا ان کے علمی مقام یا سماجی حیثیت سے مرعوب و متاثر نہیں ہوتے بلکہ بچے تو صرف  اور صرف اس  ہستی اور اپنے درمیان پائے جانے والے تعلق کے حوالے سے اس ہستی سے اپنا ذہنی یا قلبی ناطہ جوڑتے ہیں -
بالکل اسی طرح ہم بھی بچپن میں اماں کو صرف اماں  سمجھتے تھے ان کے بلند اور ارفع روحانی مقام کا کوئی ادراک تھا نہ شعور مگر اس کے ساتھ ساتھ شاید یہ اماں کی خصوصی توجہ کا اثر تھا کہ ہم اماں کو کوئی عام شخصیت بھی نہ سمجھتے تھے -

جب ہم کسی کے گھر ملنے جاتے اور وہاں بچوں کے نانا یا دادا کو دیکھتے اور ان سے ملتے تو دیکھنے میں تو وہ بھی اماں کی طرح بڑی عمر کے اور دھیمے دھیمے باتیں کرتے ہوئے اپنے پوتوں نواسوں سے پیار کرتے نظر آتے مگر اس وقت ایک بات ضرور ذہن میں آتی کہ اماں والی بات ان میں نہیں ہے - 
بچپن کی یہ بات  کہ اماں کوئی عام شخصیت نہیں ہیں رفتہ رفتہ گہری ہونا شروع ہوئی اور دل میں محبت کے ساتھ ساتھ عقیدت نے بھی گھر کرنا شروع کیا - حالانکہ بچپن میں نہ تو ہم نے کبھی ان کی کوئی خاص خدمت کی اور نہ کبھی اس طرح عقیدت و احترام کا مظاہرہ کیا جس طرح ہماری نظروں کے سامنے دوسرے لوگ کرتے تھے
بلکہ ہم تو اکثر ان کے کمرے میں شور  شرابہ کرتے رہتے تھے کبھی وہ ہمیں شور مچانے دیتے کبھی منع کرتے اور جب وہ منع کرتے تب بھی یہ ضروری نہیں تھا کہ ہم ان کی بات فوراً مان لیں بلکہ اکثر ہم بہن بھائی اپنی شرارتیں جاری رکھتے اور وہ کچھ نہ کہتے اگر کوئی مہمان آجاتے تو ہم ان کے کمرے سے نکل کر باہر صحن میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے - 

اس دوران کبھی اماں مجھے آواز دیتے - بھائی جان! میں ان کے کمرے میں جاتا وہاں کچھ لوگ موجود ہوتے اور اماں مجھ سے کہتے ... " بھائی جان! چائے لاؤ یا پانی لاؤ یا کھانا لاؤ - " مجھے اس طرح کے چھوٹے چھوٹے کام کرکے بہت خوشی ہوتی زیادہ خوشی اس بات سے ہوتی کہ کام کرنے پر اماں خود بہت زیادہ خوشی کا اظہار کرتے تھے اور مختلف اوقات میں کچھ اس طرح کہا کرتے بھئی واہ - بہت عمدہ - واہ بھئی واہ - بہت اچھا بچہ ہے - شاباش -



میں اسکول میں پڑھا کرتا تھا کہ اماں کے اندر چھپے ہوئے ایک بڑے آدمی کا وجود رفتہ رفتہ مجھ پر آشکار ہونا شروع ہوا - اب میری شرارتیں کم ہوگئیں اور اماں کے سامنے میں نے خاموشی اور ادب سے بیٹھنا شروع کردیا -
مختلف لوگ اماں سے مختلف موضوعات پر بات کرتے تھے اور میں دیکھتا تھا کہ اماں سوال سن کر اکثر برجستہ جواب دینا شروع کردیتے تھے - اب کبھی کبھی میں نے بھی اماں سے سوالات کرنا شروع کردیئے - اماں میری عمر اور میرے ذہن کے مطابق انتہائی محبت سے مجھے جواب دیتے اور پھر سمجھاتے میں کبھی اپنا کوئی خواب بھی انہیں سناتا تھا -  وہ بڑے غور سے سنتے اور پھر اس کا مطلب بتاتے -

میں اب سوچتا ہوں کہ اس زمانے میں میری باتوں پر اماں نے یہ سوچ کر یہ تو بچہ ہے کبھی بے توجہی نہیں برتی بلکہ ایک کم عمر بچے کی بات بھی وہ اسی توجہ اور انہماک سے سنتے تھے جس طرح بڑوں کی باتیں سنتے تھے - اور مجھے بھی اتنا ہی مفصل جواب دیتے تھے جتنا کہ دوسروں کو حتیٰ کہ میں مطمئن ہوجاتا - 

    تذکرہ بابا تاج الدین ناگپوری چھپ چکی تھی لیکن " لوح و قلم " کا مسودہ کئی برسوں سے ایک دراز میں پڑا ہوا تھا - میں کبھی کبھار دراز کھول کر فائل سے وہ مسودہ نکالتا اور اس کے شروع کے ایک دو صفحوں پر نظر ڈالتا اور پھر واپس رکھ دیتا -
اماں کے پاس بیٹھنا اور ان کی باتیں سننا بہت اچھا لگتا تھا - ذہن جیسے کہ کھل جاتا اور نئی نئی باتیں ذہن میں آنے لگتیں - اب ایک نئی بات یہ شروع ہوئی کہ جہاں کبھی کسی معاملے پر ذہن رکا ، فوراً دھیان اماں کی طرف گیا - خیال آیا کہ اماں سے پوچھ لیں گے - اماں کا خیال ہی مطمئن کردیتا تھا - اور بعد میں اماں سے وہ بات پوچھ لیا کرتا -

اماں سے بات کرنے کے لئے کسی موضوع کی کوئی ضرورت نہیں تھی - انہیں شعر و ادب سے خصوصی لگاؤ ضرور تھا لیکن ان سے مذہب و روحانیت کے علاوہ کیمسٹری اور جغرافیہ پر بھی بات کی جاسکتی تھی اور طب و حکمت پر بھی  -  
وہ علوم کے مختلف شعبوں کے بارے میں سوالوں کا جواب اتنی آسانی و برجستگی سے دیتے تھے کہ جیسے وہ اسی ایک شعبے کے ماہر ہوں - جینیٹکس کا نام شاید آج بھی بہت سارے لوگوں کے لئے نیا ہو لیکن ہم نے اماں سے آج سے 20 سال پہلے اس علم کی مبادیات پر گفتفو سنی ہے -

جب کبھی میں ان کی مجلسوں میں شریک ہوتا اور اس قسم کی باتیں سنتا تو دوران  گفتگو وہ کبھی کبھی مجھ سے بھی پوچھا کرتے کیوں بھئی بات سمجھ میں آرہی ہے نا میں اثبات میں سر ہلا دیتا اور واقعی وہ بات میری سمجھ میں آچکی ہوتی - ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت میں جو باتیں ہوئیں وہ سب کی سب الفاظ و جملوں کی شکل میں من و عن تو اب ذہن میں نہیں ہیں البتہ ان باتوں کا مفہوم اور تاثر ذہن میں رچ بس کر میری شخصیت کا حصہ بن گیا ہے - 

منگل، 31 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 9




                                   یاد عظیمؒ 




مضمون :   کچھ یادیں کچھ باتیں
تحریر   :   احمد جمال عظیمی 
اشاعت  :    روحانی ڈائجسٹ   فروری 1993ء
                 ( حصہ سوم  )


اپریل  1964ء قبلہ حضور کا  بے انداز تکوینی مصروفیات کا زمانہ تھا - انتہا یہ کہ معلم کو اجازت نہ تھی کہ بات بھی کرے  ( معلم ایسے فرشتے کو کہا جاتا ہے جو حاملین عرش ، گروہ جبرئیل سے تعلق رکھتا ہے - پہلے وہ منتخبین کو الله تعالیٰ کی طرف سے مقرر کردہ علوم سے روشناس کراتا ہے اور بعد میں جب وہ حضرات  حضورعلیہ الصلوة والسلام سے علم حاصل کرکے الله تعالیٰ کے حضور سے اپنے حصہ کا خصوصی علم حاصل کرلیتے تو یہی معلم فرشتہ ان حضرات کا کارندہ بن جاتا ہے )

13اپریل کو معلم نے اشارہ دیا کہ بڑے صاحبزادے آفتاب میاں حادثہ سے دوچار ہونے والے ہیں - آفتاب میاں اگلے روز اپنے دوستوں کے ہمراہ شکار کا پروگرام بنائے بیٹھے تھے - حضور قبلہ نے صاحبزادے کو بلا کر سمجھایا کہ ہمارے خاندان میں شکار پر پابندی ہے اس لئے تم کل صبح اپنے دوستوں کے ساتھ مت جانا - لیکن آنے والی گھڑی کو کون ٹال سکتا ہے -
 آفتاب میاں 14اپریل 1964ء کو اپنی والدہ سے اصرار کرکے فجر کے وقت گھر سے نکل کر دوستوں کے ساتھ ٹھٹھہ کی طرف روانہ ہوگئے - دس بجے جس گاڑی پریہ سب لڑکے بیٹھے تھے حادثہ کا شکار ہوگئی -

 جس وقت یہ حادثہ ہوا معلم نے ایک بار پھر خطرہ کا اشارہ دیا لیکن قبلہ حضور کو خیال گزرا کہ حضیرہ میں کہیں کوئی حادثہ ہوگیا ہے چنانچہ وہ پھر اپنی تکوینی مصروفیات میں لگ گئے- حادثہ میں صاحبزادے اور ان کے ایک دوست کا انتقال ہوگیا -
اتوار کا دن تھا اس خبر کا اس قدر اثر ہوا کہ کمر کے دو تین مہرے اپنی جگہ سے ہٹ گئے اور کمر جھک گئی اور ساتھ ہی دونوں آنکھوں کی بینائی جاتی رہی - ایک آنکھ کی بینائی تو تھوڑی دیر میں واپس آگئی لیکن آپ پھر سیدھے نہ چل سکے - آفتاب میاں کے لوح مزار پر بجا طور پر "نور بصر " لکھوایا - 
کچھ عرصہ کے بعد فرمایا کہ یہ واقعہ اس لئے ہوا کہ ایک دفعہ میرے ذہن میں خیال آیا کہ آفتاب اب بڑا ہوگیا ہے - میں اس کی شادی کردوں گا اور میری ذمہ داریاں ختم ہوجائیں گی - بس اس بات کی پکڑ ہوگئی کہ تو کون ہوتا ہے کہ کچھ کرسکے -  

الله اکبر بڑے لوگوں کے معاملات بھی بڑے نازک ہوتے ہیں جب کوئی الله کا ہوجاتا ہے تو ممکن ہی نہیں کہ وہ الله کی ایما کے بغیر کچھ کرنے کا ارادہ بھی کرسکے - آفتاب بھائی پر الله تعالیٰ نے بڑا کرم کیا - حادثہ اور موت کے درمیانی وقفہ میں ان کو ان مراحل سے گزار دیا جو جسم کی بندشوں میں رہتے ہوئے کوشش کے باوجود وہ حیات میں حاصل نہ کرسکے - 

1965ء کی جنگ ہوئی تو مشرقی پاکستان سے پان آنا بند ہوگئے - کراچی والوں نے پان کے بدلے بے شمار پتے آزمائے ، کبھی امرود کے تو کبھی پالک کے - قبلہ حضور اگر چاہتے تو ان کے لئے پان دستیاب ہونا مشکل نہیں تھا - لیکن آپ نے ہمیشہ عوامی قدریں اپنائیں - شہتوت کے پتوں پر کتھا چونا لگوا کر خود بھی کھایا اور آنے جانے والوں کو بھی بڑے شوق سے پیش کیا -
جنگ بندی ہونے تک تمام دن کراچی کی فضائیں نیوی کی توپوں سے لرزتی رہتی تھیں - شام کو بلیک آؤٹ ہوجاتا تھا اور رات کے سناٹے کو پاک فضائیہ کے طیارے چیرتے رہتے - کبھی کبھی آسمانوں پر فضائیہ اور دشمن کے طیاروں کے درمیان جھڑپ میں پھلجھڑیاں چھوٹتیں یا شعلے لپکتے لیکن قبلہ حضور کے چہرہ مبارک پر کبھی تردد نہ دیکھا -  

چنانچہ جنگ بندی ہونے تک قبلہ حضور اور ہم لوگوں کے معمولات میں کوئی فرق نہ آیا - اس زمانہ میں تکوینی نظامت کے ایک صاحب خدمت کو کراچی کی حفاظت کے لئے بطور خاص مقرر کردیا گیا تھا - ان کا قیام گاندھی گارڈن کے قریب تھا - 24 گھنٹوں میں ان کو صرف چند پیالی چائے پینے کی اجازت تھی وہ بھی اگر کوئی پلادے تو -
جس روز ہندوستانی ہوائی جہازوں کا حملہ کراچی پر ہوتا اس کے دوسرے روز صبح کے وقت وہ صاحب قبلہ حضور کی خدمت میں حاضر ہوتے اور مٹھی بھر دانے حضور کی خدمت میں پیش کرتے -

1958ء میں شرف باریابی سے لے کر 26 جنوری 1979ءکی درمیانی شب تک کہ جب آپ نے اس دنیا سے پردہ فرمایا مہہ و سال کی گنتی میں اکیس سال کا عرصہ بنتا ہے لیکن اس دورانیہ کے واقعات ، معاملات ،  حضورعلیہ الصلوة والسلام و اہل بیتؓ، چاروں خلفائےراشدینؓ ، صحابہ کرام رضی الله تعالیٰ اجمعین اور اولیائے کرامؒ سے متعلق ارشادات و تشریحات کا ایک سمندر ہے جس میں ،میں غرق ہوں کبھی کبھی کوئی موتی ہاتھ آجاتا ہے -


پیر، 30 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 8


                                    یاد عظیمؒ



مضمون :   کچھ یادیں کچھ باتیں
تحریر   :   احمد جمال عظیمی 
اشاعت  :    روحانی ڈائجسٹ   فروری 1993ء
                  ( حصہ دوم )



ارشادات اور واقعات تو بے شمار ہیں جو ذہن میں گردش کررہے ہیں - لیکن ان سب کو ترتیب دینا اور بیان کرنا مشکل ہے - صرف چند اہم واقعات ہدیہ قارئین کر رہا ہوں -

 ہمارے پیر و مرشد کا نام شمس الدین انصاری ہے - حضرت قلندر بابا اولیاء نے ہمارے پیر و مرشد کو خواجہ کا لقب عنایت فرمایا اور ہمیشہ اسی نام سے بلایا اور یاد کیا - سب سے پہلے ہمارے پیر و مرشد نے ہی اپنے پیر و مرشد کے نام نامی اسم گرامی " عظیم " کی نسبت سے عظیمی لکھا -
 پیر و مرشد کا انصاری ہونا اس طرح بھی مسلم اور معتبر ہے کہ جب آپ کو قلندر بابا اولیاء نے حضورعلیہ الصلوة والسلام کی خدمت اقدس میں پیش کیا تو آپؐ نے فرمایا " اے ابو ایوب انصاری کی بیٹے میں نے تجھے قبول کیا " -
قلندر بابا اولیاؒء فرمایا کرتے تھے کہ خواجہ صاحب کو میں نے تیار نہ کرنا ہوتا تو دنیا کو میرے روحانی علوم کے بارے میں ہوا بھی نہ لگتی -  

    1961ء  کے اواخر میں ساری دنیا میں شور برپا ہوا کہ آئندہ سال پتہ نہیں کیا ہونے والا ہے شاید قیامت ہی آجائے - تاریخ انسانی میں ایسی گھڑی کبھی نہ آئی تھی کہ سارے ستارے ایک ہی برج میں ایک قطار میں جمع ہوجائیں -
ہندوستان میں بڑے بڑے جیوتشی ، جوگی اور پنڈت اس گھڑی کو ٹالنے کے جتن کرنے کی تیاری میں مصروف ہوگئے - یورپ کے ممالک میں بھی کافی اضطراب پھیلا - لوگ قیامت کی تباہی سے محفوظ رہنے کے لئے پہاڑوں کی کھوئیں تلاش کرنے لگے -

 یہ سارا ہنگامہ 5 فروری 1962ء کے دن سے تعلق رکھتا تھا جب ستاروں کی یہ ترتیب رونما ہونے والی تھی - آشنائے راز ہائے کائنات قبلہ حضور بھائی صاحب ( قلندر بابا اولیاؒء ) نے فرمایا کہ تشویش کی کوئی بات نہیں ہے - اب ہماری کہکشاں ایک نئے کائناتی زون میں داخل ہوگئی ہے جس میں سرخی کا عنصر غالب ہے ، چنانچہ اب ایسے حالات رونما ہوں گے جو اس کرہ ارض کے لئے اجنبی ہیں -

١٥ شعبان ( شب برأت ) کے بعد قبلہ حضور کی مصروفیات میں بے اندازہ اضافہ ہوجاتا دراصل ١٥ شعبان کو پوری کائنات کا اگلے سال کا بجٹ الله تعالیٰ کے حضور پیش کیا جاتا ہے جو پالیسیوں کی شکل میں ہوتا ہے - قبلہ حضور قلندر بابا اولیاء بحیثیت صدرالصدور اپنے حضیرے کا بجٹ پیش فرماتے -  

ہمارے کہکشانی نظام میں ایک ارب سورج ، ایک ارب آباد کرے اور آٹھ ارب غیر آباد کرے ( یہ غیر آباد کرے اور ان کے ذیلی چاند آباد زمینوں کے اسٹور کا کام دیتے ہیں جہاں سے وسائل لہروں کی شکل میں آباد کروں یا زمینوں کی ضرورت کو پورا کرتے رہتے ہیں )

 شعبان میں ان پالیسیوں کی تفصیل ( جزئیات ) کا کام شروع ہوجاتا ہے جیسے جیسے یہ پالیسیاں نزول کرتیں تکوین کے صاحبان خدمت پروگراموں کو آخری شکل دیتے ہیں - جہاں مشکلات سے دوچار ہوتے وہ قبلہ حضور بھائی صاحب قلندر بابا اولیاء سے رجوع کرتے -
قبلہ فرمایا کرتے کہ چالیس سوالوں کو سننا ، سمجھنا اور فوراً جواب دینا ان کا معمول تھا - لیکن جب استفسارات بڑھ جاتے تو آہستہ آہستہ شعور کو سنبھالنا مشکل ہوتا جاتا یہاں تک کہ وہ سوجاتے ہیں اس دوران پنڈلیوں میں اتنی شدید تکلیف ہوتی کہ ان پر اپنی فوجی پیٹیاں کس کر باندھ لیتے -
اس دوران کمرے کا ماحول اس قدر چارج ہوجاتا کہ کرسی پر بیٹھے بیٹھے ہماری آنکھیں بند ہونے لگتیں اور ہمیں جھونکے آنے لگتے -

 پیر و مرشد فرماتے ہیں کہ ایسی ہی کیفیت ان پر اس وقت طاری ہوتی جب حضور قبلہ ان کو " لوح و قلم " لکھواتے - اور اسی قسم کی کیفیت ہم دونوں پر اس وقت طاری ہوتی جب " لوح و قلم " کے مسودے کی دوسری کاپی بنانے کے لئے پیر و مرشد بولتے اور میں لکھتا یا میں بولتا اور پیر و مرشد لکھتے - اس دوران ہمیں غنودگی ختم کرنے کے لئے بار بار اٹھ کر منہ دھونا پڑتا -   






اتوار، 29 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 7


                                     یاد عظیمؒ


مضمون :   کچھ یادیں کچھ باتیں
تحریر   :   احمد جمال عظیمی 
اشاعت  :    روحانی ڈائجسٹ   فروری 1993ء
                 ( حصہ اول ) 

انکی نسبت بھی ہے ، نام بھی ، افکار بھی عظیم 
گفتار بھی ،  اخلاق  بھی ،    کردار   بھی  عظیم 
روشن  روشن  راہوں  والی  سرکار  بھی   عظیم 
شمس  ہمارے  رہبر  ہیں  ،  دربار   بھی   عظیم 


1958ء کا ذکر ہے دفتر کے ایک ساتھی محترم یوسف علی خان ترین صاحب سے ان کی علالت کے دوران ربط ضبط بڑھا - ان کی بیگم صاحبہ نے ایک دن تذکرہ کیا کہ وہ لوگ ایک بڑے بزرگ کے پاس جاتے ہیں -
ترین صاحب کا مکان ناظم آباد کے بلاک نمبر تین میں تھا - قریب ہی ایک اور صاحب عین الدین رضوی رہتے تھے جو ان بزرگ کی خدمت میں حاضر ہوتے تھے - ترین صاحب کے  گھر میں ان بزرگ کا تذکرہ اکثر ہوا کرتا تھا جن کو وہ بھائی صاحب کہتے تھے -

 مجھے بھی ملنے کا اشتیاق ہوا چنانچہ ایک روز میں بھی ان لوگوں کے ہمراہ ان بزرگ کی خدمت میں حاضر ہوا - مجھے زندگی میں پہلے کسی بزرگ کی خدمت میں حاضری کی سعادت نصیب نہ ہوئی تھی - چنانچہ عجیب گو مگو کی حالت تھی کہ پتہ نہیں کیسے ہوں گے اور کیسے نہ ہوں گے -

گرمی کا زمانہ تھا - ون ڈی ون سیون کی پہلی منزل پر جہاں اب وقار یوسف عظیمی کا دفتر ہے وہاں دیوار کے پاس ایک لکڑی کے تخت پر جس پر نہ کوئی بستر تھا نہ چادر ، ایک صاحب تشریف فرما تھے - میرے ساتھیوں نے عرض سلام کے بعد مصافحہ کیا اور خاتون سلام کرکے ایک طرف بیٹھ گئیں -
 میں نے بھی سلام کیا اور مصافحہ کے بعد سامنے پڑی ہوئی ایک کرسی پر بیٹھ گیا - میرا تعارف کرایا گیا - سن کے تبسم فرمایا - بیگم ترین اپنے ہمراہ پان بنا کر لے گئیں تھیں - وہ ڈبیہ میں منتقل کئے - پھر آپ نے سب کی فرداً فرداً مزاج پرسی کی اب میں سمجھا کہ آپ ہی بھائی صاحب ہیں -

بیٹھنے کے بعد میں نے آپ کو دیکھا- آپ صرف لنگی پہنے ہوئے تھے - اوپر کے جسم پر کوئی لباس نہیں تھا - مجموعی تاثر ایک عام معمر شخصیت کا تھا - نہ کوئی طمطراق ، نہ کوئی تقدس صرف اور صرف محبت اور شفقت کا احساس - گفتگو میں دھیما لہجہ اور لبوں پر مسکراہٹ ، چہرہ پر سنجیدگی ، آنکھوں میں سوچ اور فکر کی گہرائی -
نشست میں انفرادیت تھی - دونوں پیروں کی ایڑیاں ران سے لگی ہوئی اور پنڈلیوں کے اوپر گھٹنوں سے نیچے دونوں ہاتھ اس طرح آئے ہوئے کہ دائیں ہاتھ کی پشت کو پکڑا ہوا - آپ کو بعد میں بھی ہمیشہ اسی نشست میں بیٹھے دیکھا - 

اس زمانہ میں آپ بیڑی پیتے تھے - جب بھی پان یا بیڑی استعمال کرتے حاضرین کو پہلے پیش فرماتے - چنانچہ میں نے پان بھی کھایا اور بیڑی بھی پی - اتنے میں کھانے کا وقت ہوگیا - کھانا آگیا اور ہم سب نے آپ کے ساتھ کھانا کھایا - تیسرے پہر اجازت طلب کرکے ہم لوگ واپس ہوئے -
اس کے بعد آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہوا - عظیمی صاحب اور بچوں سے مانوس ہوا - اگست 1960ء میں غلامی کی درخواست پیش کی - قبول فرمائی - حضرت خواجہ صاحب سے فرمایا کہ سبق دیدو - اس طرح مجھے غلامی کا شرف حاصل ہوا لیکن صورت یہ تھی کہ نہ میں آداب غلامی سے واقف اور نہ غلام سے کسی مشقت کا تقاضہ - صرف ذوق و شوق کے جذبے کی تزئیں پر زور -

بیعت کے بعد ایک خاص تعلق خاطر وجود میں آیا - مراقبہ ہمیشہ سے جمعہ کو ہوتا تھا - میں نے پہلا مراقبہ 2 ستمبر 1960ء کو کیا - اس کے بعد حاضری میں اضافہ ہوا اور حضور بھائی صاحب کے ارشادات سننے ، اوصاف حمیدہ دیکھنے اور ان کے معمولات کا مطالعہ کرنے کا موقع ملا - 

آپ کی طبیعت میں حد درجہ نفاست اور انتظام تھا - سر کے بال اور داڑھی دس پندرہ روز میں ضرور ترشواتے - سر کے بال کبھی ایک انچ سے اور داڑھی کے بال نصف انچ سے بڑے نہ دیکھے - سر پر نہ کبھی استرا پھروایا اور نہ کبھی زلفیں رکھیں -
لباس عمدہ مگر سادہ استعمال کرتے تھے - قمیض میں کالر نہیں ہوتا تھا - پاجامہ چوڑے پائنچہ کا ، موری تقریباً چھ انگل لوٹی ہوئی - گرمی میں صرف قمیض پاجامہ میں لیکن سردیوں میں جب کہیں باہر تشریف لے جاتے تو شیروانی اور ٹوپی ضرور پہنتے -

جوتے ہمیشہ براؤن رنگ کے پہنتے - سیاہ رنگ جوتے استعمال نہیں کرتے تھے فرماتے کہ جو آفاقی  شعاعیں (Cosmic Rays ) دماغ پر وارد ہوتی ہیں -وہ جسم میں دور کرتے ہوئے پیروں کے راستے زمین میں جذب ہوجاتی ہیں لیکن اگر سیاہ رنگ جوتے پہنے جائیں تو سیاہ رنگ ان کو جذب کرکے زمین تک نہیں جانے دیتا جس سے جسم اور ذہن کو نقصان ہوتا ہے - 

استعمال کی ہر چیز کی ایک جگہ مقرر تھی - شیروانی ، دھل کر آئے ہوئے کپڑے ، بستر پر تکیہ ، پائنتی پر چادر ، تکیہ کے بائیں جانب ٹوپی ، زیر مطالعہ کتاب یا رسالہ ، قلم ، کتابوں کی الماری میں کتابوں کی ترتیب ایسی کہ فلاں خانے میں دائیں طرف تیسری کتاب یا بائیں جانب پانچویں کتاب فلاں مضمون پر ہے نکالو -
حتیٰ کہ جوتے اتارتے وقت اس التزام سے رکھتے کہ جوتے ایک سوت بھی آگے پیچھے نہ ہوتے - پان کھانے کی وجہ سے دانت لال ہوجاتے ، کوئلے سے دانت اچھی طرح صاف کرتے - صفائی کے بعد دانت ایسے چمکتے جیسے موتی - یہ کام اکثر عثمان آباد کے مکان میں ہوتا - 

 بات نہایت واضح اور نرم لہجے میں کرتے - مزاح خود بھی فرماتے اور دوسرے کی شگفتہ بات کو پسند فرماتے - تبسم فرماتے یا ہنستے لیکن کبھی قہقہہ نہیں لگایا - کھانے میں کبھی تکلف نہیں کیا جو سامنے آیا کھا لیا لیکن کبھی اچھے کھانے سے شوق بھی کرتے -  

ہفتہ، 28 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 6



                                   یاد عظیمؒ 


قلندر بابا اولیاؒء کے دیرینہ دوست سے گفتگو


انٹرویو :  احمد جمال عظیمی -- فرخ اعظم 
راوی   :  محترم نثار علی بخاری صاحب 
اشاعت :  روحانی ڈائجسٹ --  جنوری 1995ء
              ( حصہ سوم )


جمال : آپ پاکستان کب تشریف لائے اور قلندر بابا اولیاء سے ملاقات کب اور کہاں ہوئی -

بخاری صاحب : میں بلند شہر سے میرٹھ اور انبالہ چھاؤنی مشرقی پنجاب ہوتا ہوا لاہور آیا - بھائی صاحب بمبئی سے پانی کے جہاز سے کراچی آگئے اور میں لاہور سے راولپنڈی چلا گیا - یہ شروع 48ء کا واقعہ ہے-
 یہاں کراچی میں ماسٹر فضل صاحب سے جو کہ ہمارے دوست تھے میری خط و کتابت ہوئی - انہوں نے بھائی محمّد عظیم کو بتایا تو انہوں نے خط لکھ کر مجھے کراچی بلایا - کچھ عرصہ بعد میں اپنا کام ختم کرکے راولپنڈی سے کراچی آگیا -

یہاں بڑے حضرت جی جن کا اسم گرامی ابوالفیض قلندر سہروردی تھا ان سے آپ نے بیعت فرمائی اور اس کے بعد انہوں نے مجھ سے دسمبر 55ء کے آخر میں کہا کہ بھائی شروع مئی میں ، میں ایک خوشخبری سناؤں گا - میں نے کہا ابھی سنا دیجئے - کہنے لگے نہیں کام ہونے کے بعد سنانا اچھا ہوتا - میں خاموش ہوگیا -
 چنانچہ جب مئی کا مہینہ آیا اور وہ پیر الہی بخش کالونی میں میرے پاس تشریف لائے تو میں خوشخبری سننے کے لئے بے چین تھا - میں نے کہا بھائی اب تو مئی کی تیسری یا چوتھی تاریخ ہوگئی ہے - تو کہنے لگے ہاں اب میری نئی زندگی شروع ہوئی ہے -
میں نے پوچھا وہ کیسے - کہنے لگے کہ پچھلی زندگی سب ختم ہوگئی ہے اور میں قلندر صاحب موصوف سے بیعت ہوگیا ہوں اور وہ جو تربیت دے رہے ہیں میں اس پر عمل کر رہا ہوں -  
بھائی صاحب نے رات میرے گھر قیام کیا بارہ ایک بجے کے قریب ایک جگہ دھوئی اور مجھ سے کہا آپ سوجائیں میں کچھ پڑھوں گا - وہ کھڑے کھڑے پڑھتے رہے لیکن مجھ کو نہیں معلوم وہ کیا پڑھ رہے تھے - 

جمال : کیا سلسلہ کے متعلق کبھی انہوں نے آپ سے کچھ فرمایا -

بخاری صاحب : یہ مجھے معلوم ہے کہ جب وہ کسی کو بیعت کرتے تھے تو وہ ضابطگیاں جو دوسرے سلسلوں میں ہوتی ہیں مثلا ہاتھ میں ہاتھ لینا ، رومال پکڑوانا یا کچھ اور اس قسم کی باتیں وہ کچھ نہیں ہوتی تھیں - بس یہ کہہ دیا کرتے تھے کہ آپ سلسلہ میں ہیں اور جو اسباق ہوتے تھے وہ پڑھنے کو بتا دیا کرتے تھے -
 ان کی محفل میں سب برابر کی حیثیت سے بیٹھتے تھے حتیٰ کہ وہ اپنی بھی کوئی مخصوص نشست نہیں رکھتے تھے - آپ اپنے مریدین کو جناب اور آپ کے سوا مخاطب نہیں کرتے تھے اور حفظ مراتب کا بھی بہت خیال رکھتے تھے - گفتگو بھی اس قسم کی کرتے کہ جس سے کسی کی دل شکنی نہ ہو - میرا خاص طور پر خیال رکھتے تھے -


روحانی ڈائجسٹ    جنوری 1995ء

جمعہ، 27 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 5



                                  یاد عظیمؒ 


قلندر بابا اولیاؒء کے دیرینہ دوست سے گفتگو

انٹرویو :  احمد جمال عظیمی -- فرخ اعظم 
راوی   :  محترم نثار علی بخاری صاحب 
اشاعت :  روحانی ڈائجسٹ --  جنوری 1995ء
              ( حصہ دوم )

جمال : انؒ ( حضور بابا صاحبؒ ) کے کچھ شوق بھی تھے ....  مثلاً پنجہ لڑانا اور جسم بھی بہت اچھا تھا -

جواب ( سید نثار علی بخاری صاحب ): پنجہ بہت اچھا لڑاتے تھے - کسرت کرتے تھے اور اکھاڑے بھی جاتے تھے - 

جمال : وہ شطرنج بھی بہت اچھی کھیلتے تھے - 

بخاری صاحب : شطرنج کبھی میرے ساتھ کھیلتے تھے تو کبھی آنے جانے والوں کے ساتھ لیکن کچھ عرصہ کے بعد یہ کہہ کر کھیلنا چھوڑ دیا کہ اس میں خواہ مخواہ وقت ضائع  ہوتا ہے - 

جمال : اس کے علاوہ ان کی زندگی کے کچھ اور واقعات جو آپ کو یاد ہوں -

بخاری صاحب : ان کو شاعری کا ذوق تھا - جب وہ بلند شہر میں میرے یہاں تشریف لاتے تھے تو  وہاں کے شعراء کے ساتھ رات کے بارہ ایک بجے تک شعر و شاعری کی محفل گرم رہتی تھی - شہر کے سارےشعراء آپ کو بہت عمدہ اور بلند پایہ شاعر تسلیم کرتے تھے - 

جمال : شاعری میں کیا صرف غزل کہتے تھے -

بخاری صاحب : غزل بھی کہتے تھے ، رباعیات بھی کہتے تھےلیکن کم اور قطعات بھی کہتے تھے - 

 جمال : زندگی کے کچھ اور واقعات جو آپ کے علم میں ہوں -

بخاری صاحب : بلند شہر کے کچھ ایسے حضرات جنہیں تصوف سے لگاؤ تھا وہ اکثر کسی بزرگ کے فارسی کے ملفوظات لے کر آجاتے تھے اور اس کا مفہوم دریافت کرتے تھے تو آپ اس طرح بےتکان لیکچر  دے کر انہیں سمجھا دیا کرتے تھے کہ جیسے کوئی پروفیسر تیاری کرکے کالج میں کلاس لیتا ہے - 

جمال : میں نے سنا ہے کہ آپ کسی مکان میں تھے جہاں آپ کو جن تنگ کیا کرتے تھے - وہ کیا معاملہ تھا -

بخاری صاحب : ہم گاؤں کی سکونت چھوڑ کر ایک مکان میں رہے - جہاں میری والدہ  اور میرے بڑے بھائی کا انتقال ہوا - گھر تباہ ہوگیا اور میں اکیلا رہ گیا - وہاں ایک کھنڈر پڑا ہوا تھا - مالک نے اس میں ایک مکان بنایا تو میں نے وہ کرائے پر لے لیا -
اس میں کچھ اثر تھا - وہ مجھے ایک سال تک ستاتا رہا لیکن میں اس سے ڈرا نہیں - کئی عامل اور جاننے والوں سے تذکرہ کیا تو وہ آئے - جس رات کو وہ میرے پاس ہوتے تو وہ جن مجھے چھوڑ دیتا اور ان کے سینے پر سوارہوجاتا اور وہ گھبرا کر بھاگ جاتےتھے -

 ایک مرتبہ دہلی سے بھائی محمّد عظیم صاحب میرے پاس تشریف لائے - اس روز شام کو ہم ٹہلنے کے ارادے سے مکان مقفل کرکے پارک گئے - وہاں سے گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ کے بعد  واپس آئے تو میں نے تالہ کھول کر بھائی صاحب سے عرض کیا کہ آپ تشریف رکھئے میں پان سگریٹ لے کر آتا ہوں - جب میں واپس آیا تو آپ صحن میں کھڑے ہنس رہے تھے - میں نے کہا بھائی صاحب یہ تنہائ میں ہنسنے کا کیا محل ہے - تو آپ نے کہا کہ نہیں کوئی بات نہیں ہے -
جب میں نے زیادہ اصرار کیا تو فرمایا آپ وہم میں  پڑ جائیں گےمیں نے کہا میں بھی آپ کو کچھ واقعات سناؤں گا -

تب انہوں نے کہا کہ جب میں اندر آیا تو صحن میں چارپائی پر دو آدمی بیٹھے ہوئے تھے - مجھے دیکھ کر انہوں نے قہقہہ لگایا اور ایک ادھر سے اور ایک ادھر سے چارپائی کے نیچے گھس گیا - اب جو میں نے جھک کر دیکھا تو وہاں کوئی نہیں تھا - میں اس بات پر ہنس رہا ہوں کہ مجھے ڈرا رہے ہیں -
پھر میں نے اپنے  حالات بتائے کہ روزانہ رات کو سوتے وقت سینے پر کوئی نادیدہ شخص بیٹھ جاتا ہے - اگر کروٹ سے ہوتا ہوں تو پہلو پر بیٹھ جاتا ہے اور میری ٹانگیں پکڑ کر کھینچتا ہے - میں جب لات مارتا ہوں تو میری لات دیوار پر پڑتی ہے -
مسہری کے قریب میز پر لالٹین تھی جس کی روشنی میں میں قرآن شریف پڑھا کرتا تھا  نیند آتی تو سوجاتا لیکن جب تک پڑھتا رہتا کوئی اثر نہیں ہوتا تھا - میں کہتا تھا بھئی جاگتے میں آؤ مجھے سوتے میں پریشان کرتے ہو یہ تو کوئی بہادری نہیں ہے - لیکن جاگتے میں وہ کبھی بھی نہیں آیا -

بھائی محمّد عظیم نے فرمایا کہ فکر کی کوئی بات نہیں ہے جمعرات آنے دو میں سب معلوم کرلوں گا کہ کیا بلا ہے - جمعرات کے آنے میں دو تین دن تھے - جب جمعرات آئی اور شعر و شاعری کی محفل ختم کرکے لوگ اپنے اپنے گھر چلے گئے تو آپ نے وضو کیا اور تخت پر مصلہ بچھا کر مجھ سے فرمایا کچھ بھی محسوس ہو ٹوکنا مت نہ بولنا نہ ڈرنا - 
 میں نے کہا کہ اگر میں ڈرتا تو آج مجھے پریشان ہوتے ایک ڈیڑھ سال ہوگیا کبھی کا مکان چھوڑ چکا ہوتا - چنانچہ انہوں نے کچھ پڑھا -

صبح کو مجھے بتایا کوئی بات نہیں جن ہے - میں نے کہا پھر کیا ھوگا - فرمایا آج وعدہ کرکے گیا ہے کہ اگلی جمعرات کو جواب دے گا - ایسا عمل کے کرنے اور اگلی جمعرات کے عرصہ میں نہ وہ جن آیا نہ میرے اوپر حملہ کیا اور نہ ہی پریشان کیا - ورنہ اس سے پہلے جتنے عامل کامل آئے مجھے چھوڑ کر انہیں پریشان کرتا تھا - 
جب دوسری جمعرات آئی تو صبح کو انہوں نے بتایا کہ وہ دو بھائی ہیں - اس کا بھائی بھی ساتھ آیا تھا - انہوں نے کہا ہے کہ اب یہ ہی رہیں ہم چھوڑے جاتے ہیں - میں نے کہا بھائی صاحب آپ نے کیا دباؤ ڈالا تھا -
فرمانے لگے میں نے کہا کہ آسانی سے چلے جاؤ ورنہ تم  جانتے ہو کہ میں تمہیں چھوڑوں گا نہیں - وہ کہنے لگے آپ کی نسبت  اونچی ہے اب ہم ہی یہاں سے چلے جائیں گے - چنانچہ اس کے بعد مکان میں بارہ سال تک رہا لیکن پھرنہ کوئی گھبراہٹ ہوئی نہ کوئی میرے سینے پر بیٹھا - 

اس کے علاوہ ایک مولوی ظہور الحسن صاحب تھے - وہ ضلعی کورٹ میں منصرم تھے - وہ بڑے الله والے اور سیدھے آدمی تھے - ان کا معمول تھا کہ بلند شہر میں ایک بزرگ خواجہ لعل علی صاحب برنی کا مزار تھا جہاں وہ چاہے کتنا ہی موسم غیر موافق کیوں نہ ہو شام کو ضرور جایا کرتے تھے - کبھی کبھی میرے غریب خانے  پر بھی تشریف لے آتے تھے - بھائی صاحب بھی ان کو جانتے تھے -

مولوی صاحب ایک دن آئے اور پریشان سے بیٹھ گئے - میں نے کہا مولانا کیا بات ہے آپ کیوں پریشان ہیں - کہنے لگے کہ خواجہ صاحب کے مزار پر ایک ملنگ پڑا ہوا ہے جو اپنا نام بندہ شاہ بتاتا ہے - اس نے مجھ سے کہا کہ صاحب مزار نے مجھ سے ارشاد فرمایا ہے کہ تم ظہور الحسن کو بیعت کرلو - بظاہر بندہ شاہ کی ہئیت ایسی تھی کہ جیسے بھنگ چرس کا نشہ کرنے والوں کی ہوتی ہے -
اس لئے میری طبیعت گوارا نہیں کرتی کہ میں اس سے بیعت کروں لیکن جب یہ خیال آتا ہے کہ صاحب مزار نے حکم دیا ہے تو میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں -میں اس لئے پریشان ہوں -

میں ابھی اس کا کوئی جواب نہیں دے پایا تھا کہ بھائی صاحب بولے کہ آپ پریشان نہ ہوں کل صبح نماز پڑھ کے ادھر ہوتے ہوئے جائیے گا - میں بتادوں گا کہ صاحب مزار نے اس بندہ شاہ کو کوئی حکم دیا ہے کہ نہیں - آپ پریشان بالکل نہ ہوں - چنانچہ دوسری صبح جب مولوی ظہور الحسن صاحب تشریف لائے تو بھائی صاحب نے فرمایا کہ رات کو خواجہ لعل علی برنی سے ملاقات ہوئی تھی اور ان سے آپ کی بیعت کے بارے میں دریافت کیا تھا -
انہوں نے کہا ہے کہ ہم صاحب ارشاد نہیں ہیں ہم نے کسی کو بیعت کرنے کا حکم نہیں دیا -  

جمال : آپ نے ان کی شاعری کا تذکرہ فرمایا - آپ کو اگر کچھ اشعار یاد ہوں یا تحریری طور پر موجود ہوں تو عنایت فرمائیں -
بخاری صاحب : آپؒ ( حضوربابا صاحب ) نے جو کلام ہندوستان میں فرمایا وہ وہاں ایک لکڑی کے صندوق میں رکھا ہوا تھا - اس کے علاوہ ان کی تمام دیگر تصانیف بھی اس میں تھیں - وہ صندوق ان کے ننھیالی گھر میں رکھا ہوا تھا - تقسیم سے کچھ دن پہلے آپ کانپور گئے اور کانپور سے بمبئی اور وہاں سے پاکستان آگئے تو وہ تمام ذخیرہ وہیں تباہ ہوگیا - دو چار شعر یاد ہیں وہ سنائے دیتا ہوں -

ہائے اس رنگین چہرے کا نظام     بت کدے کی صبح میخانے کی شام  

   چاندنی تیری کلائی کی بہار    چاندنی تیری کف سیمیں کا جام 

 ہوگا تیری محفل میں کوئی اور بھی جلوہ    
                                         مجھ کو تو محبت ہی محبت نظر آئی    

ہر اک زبان پے تمہارا گلہ صحیح لیکن    
                                          مجھے یقین نہیں آتا کہ بےوفا ہو تم 


روحانی ڈائجسٹ    جنوری 1995ء

جمعرات، 26 مارچ، 2015

یاد عظیمؒ -- 4



                                   یاد عظیمؒ 


قلندر بابا اولیاؒء کے دیرینہ دوست سے گفتگو  


محترم نثارعلی بخاری مرحوم  قلندر بابا اولیاؒء کے بچپن کے دوست تھے - قلندر بابا اولیاؒء کے اس عالم رنگ و بو سے پردہ فرما لینے کے بعد نثار علی صاحب سے بابا صاحب کی زندگی سے متعلق جو گفتگو کی گئی وہ روحانی ڈائجسٹ قلندر بابا اولیاؒء نمبر جنوری 1995ء کے صفحات کی زینت بنائی جارہی ہے - 

محترم نثارعلی بخاری مرحوم قلندر بابا اولیاء کے بچپن کے دوست تھے - آپ (بابا صاحبؒ) اکثر بھائی نثار علی صاحب کے پاس شام کو جایا کرتے تھے -

 قلندر بابا اولیاء کے وصال کے بعد ایک مرتبہ میں( احمد جمال عظیمی ) اور فرخ اعظم ان کے پاس حاضر ہوئے اور درخواست کی کہ آپ کو قلندر بابا اولیاء کی زندگی کے متعلق ایسی باتیں معلوم ہیں جو ہمارے علم میں نہیں ہیں - ہم چاہتے ہیں کہ آپ یادداشت تازہ کرکے کچھ واقعات ریکارڈ کرادیں - انہوں نے جو کچھ فرمایا وہ ہم نے ریکارڈ کرلیا - یہ گفتگو قارئین کی نذر ہے -

 جمال :   آج 20 جولائی  1985ء اور بارہ بجے دوپہر کا عمل ہے - میں اور فرخ اعظم آپ کی خدمت میں اس لئے حاضر ہوئے ہیں تاکہ قلندر بابا اولیاؒء کے متعلق آپ کی معلومات اور تاثرات ریکارڈ کریں - پہلے میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ ان کو کب سے جانتے ہیں ؟  

بخاری صاحب  : بھائی محمّد عظیم صاحب مرحوم سے میرے تعلقات پانچ چھ برس کی عمر سے تھے - خورجہ ، ضلع بلند شہر ، ہندوستان میں میری ننھیال کے تین مکانات تھے - ایک میں میرے ماموں زاد بھائی رہتے تھے اور دو بھائی محمّد عظیم صاحب کے والد صاحب نے کرایہ پر لے رکھے تھے - ایک مکان میں اہل خانہ رہتے تھے اور دوسرے کو وہ دفتر کے طور پر استعمال کرتے تھے -
مکان کے سامنے مسجد میں بھائی صاحب موصوف قرآن شریف پڑھا کرتے تھے - جب میں خورجہ جاتا تو قیام کے دوران میں بھی ان کے ساتھ مسجد چلا جاتا تھا - ان تینوں مکانات کے آگے ایک چبوترہ تھا - اس پر ہم بیٹھتے بھی تھے اور کبھی کوئی کھیل بھی کھیل لیتے تھے - یہ تقریباً پچھتر برس پہلے کی بات ہے - 

فرخ اعظم : آپ کی عمر اس وقت کتنی تھی ؟
 بخاری صاحب : میری بھی اتنی ہی تھی -  

فرخ اعظم : تو آپ دونوں حضرات ہم عمر ہیں - 
بخاری صاحب  : ہم دونوں تقریباً ہم عمر تھے لیکن میری عمر غالباً ایک یا سوا سال زیادہ تھی - اسی وجہ سے بھائی عظیم صاحب نے اپنے بچوں سے مجھے تایا کہلوایا -

جمال : آپ نے فرمایا کہ جب آپ خورجہ تشریف لے جاتے تھے تو اس وقت ان سے ملاقات ہوتی تھی گویا خورجہ میں آپ کا قیام مستقل نہیں تھا - تو پھر آپ کا مستقل قیام کہاں تھا ؟

بخاری صاحب  : اپنے والد صاحب کے انتقال کے بعد میں بلند شہر ہی میں رہا - خورجہ کبھی نہیں گیا - وہیں بھائی محمّد عظیم صاحب کے والد صاحب کا بھی تبادلہ ہوگیا - چونکہ میرا مکان مردانہ تھا اس لئے زیادہ تر بھائی صاحب ہی تشریف لایا  کرتے تھے -یہ سلسلہ برسوں رہا -
اس کے بعد آپ کی شادی ہوگئی تو کچھ عرصہ کے بعد آپ دہلی تشریف لے گئے - دہلی سے ہر سال بلند شہر آتے تھے تو دو مہینے اور کبھی تین مہینے غریب خانے پر ہی قیام رہتا تھا - جب آپ کے والد صاحب کا تبادلہ دوسرے شہروں میں ہوجاتا تو وہاں سے بھی آتے رہتے تھے - بہر حال ملاقات کا سلسلہ بالکل منقطع کبھی نہیں ہوا - زیادہ سے زیادہ چند مہینوں کا وقفہ ہوتا تھا -

جمال : اس پچھترسال کی رفاقت میں  ان کی شخصیت کی کتنی جہات آپ کے سامنے آئیں اور 1955ء میں جو روحانی تشخص اجاگر ہوا کیا اس کی جھلک ان کی گزشتہ زندگی میں کبھی آپ کو نظر آئی ؟

بخاری صاحب  : بھائی محمّد عظیم صاحب کا مجھ سے زیادہ پرانا دوست اور کوئی نہیں تھا - آپ کی بچپن سے یہ عادت تھی  کہ کبھی   بچوں کے ساتھ کوئی بیہودہ کھیل نہیں کھیلا - ہمیشہ تعلیم اور علم کی طرف توجہ رہتی تھی - جوان ہونے  پر آپ نے بلند شہر سے میٹرک کیا -
 اس کے بعد اپنے والد صاحب کے مشورہ پر علیگڑھ یونیورسٹی میں فرسٹ ائیر میں داخلہ لے لیا اور قیام کے لئے ترکمان دروازے پر ایک مکان کرایہ پر لیا -میں ایک مرتبہ ان سے ملنے علیگڑھ گیا - آپ گھر پر موجود نہیں تھے - معلوم ہوا کہ وہاں کے قبرستان میں ایک مسجد ہے - حجرہ وغیرہ بنا ہوا ہے -
آپ وہاں ایک بزرگ مولانا کابلیؒ کے پاس چلے جاتے ہیں اور شام کو واپس آتے ہیں - میں وہاں پہنچا تو حجرے کا دروازہ تھوڑا سا کھلا ہوا تھا - اور آپ ان بزرگ کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے - میں نے دروازے پر دستک دی تو آپ خود ہی اٹھ کر باہر آئے - مجھ سے بغلگیر ہوئے اور پوچھا کہ کب آئے - میں نے کہا کہ آج ہی آیا ہوں اور جب معلوم ہوا کہ آپ یہاں ہیں تو میں حاضر ہوگیا ہوں -

اتنے میں مولانا کابلیؒ نے فرمایا کہ جن کا ذکر رہتا ہے کیا وہی دوست آئے ہیں - آپ نے فرمایا جی ہاں - تو انہوں نے کہا کہ اندر کیوں نہیں بلا لیتے - جب میں اندر پہنچا تو ان بزرگ کو نہایت ادب سے سلام عرض کیا - وہاں ایک چٹائی بچھی ہوئی تھی اور ایک طرف پرانا سے گدا پڑا تھا جس پر ایک تکیہ رکھا ہوا تھا -
چند مٹی کے برتن تھے اور رسی پر ایک چادر اور دو تہہ بند ٹنگے ہوئے تھے - اس کے علاوہ اور کچھ نہیں تھا -

مولانا نے بھائی عظیم سے  فرمایا کہ اگر کچھ انتظام ہو تو چائے بناؤ - بھائی صاحب نے فرمایا کہ چائے کا ہم دونوں میں سے کوئی بھی عادی نہیں  ہے - یہ سن کر انہوں نے مٹی کے ایک لوٹے میں سے مٹھی بھر چنے نکالے اور مٹی کی طشتری میں پیش فرمائے -
بھائی محمّد عظیم نے کہا کھا لو تبرک ہے -تھوڑی دیر کے بعد انہوں نے کہا کہ میاں ان کو لے جا کر کھانا وغیرہ کھلاؤ اور مجھ سے پوچھا کہ میاں کب تک علیگڑھ میں رہو گے - میں نے عرض کیا کہ رات کو واپس چلا جاؤں گا - 
میں اس زمانے میں ملازمت کرتا تھا اور اتوار کی چھٹی میں گیا تھا - مولانا صاحب نے فرمایا جب تک تمہاری بھی چھٹی ہے عظیم میاں ان کو رخصت کرکے آنا -

میں نے علیگڑھ سے بلند شہر واپس آکر ان کے والد صاحب سے ذکر کیا بھائی عظیم صاحب اپنا سارا وقت ایک بزرگ مولانا کابلی کے پاس قبرستان کی مسجد کے حجرے میں گزارتے ہیں - والد صاحب نے فرمایا کہ میں نے تو کوشش کی تھی کہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں لیکن وہ سمجھدار ہیں اپنا مستقبل خود بنائیں گے -
 چنانچہ کچھ دنوں بعد جب وہ بلند شہر تشریف لائے تو اپنے والد صاحب کے استفسار پر فرمایا میں تو کچھ اور ہی تعلیم حاصل  کر رہا ہوں - جب والد صاحب نے پوچھا کہ وہ کیا ہے تو انہوں نے کہا ، بھائی ( وہ اپنے والد صاحب کو بھائی کہا کرتے تھے ) وہ کچھ روحانیت سے تعلق رکھتی ہے -
 تو والد صاحب نے کہا تم سمجھدار ہواپنا راستہ خود بناؤ -

فرخ اعظم : مولانا کابلی سے عقیدتمندی اور ان کے پاس قبرستان کے حجرے میں جانے کا سلسلہ کتنے عرصے جاری رہا ؟

بخاری صاحب : یہ سلسلہ زیادہ سے زیادہ پانچ چھ ماہ رہا -

جمال : کیا آپ کی ملاقات کبھی بابا تاج الدین ناگپوری سے ہوئی ؟

بخاری صاحب : کبھی نہیں ہوئی اس لئے کہ وہ کبھی ناگپور سے ہماری طرف نہیں آئے اور میرا وہاں جانا نہیں ہوا -


  روحانی ڈائجسٹ    جنوری 1995ء