منگل، 19 اگست، 2014

طب عظیمؒ -- 5


 طب  عظیمؒ 


حضور قلندر بابا اولیاؒء کے نادر طبی نسخے  

   قرآن مجید میں حضرت لقمانؒ کی حکمت و دانائی کا تذکرہ موجود ہے - حضرت لقمانؒ کو بعض لوگ باباۓ طب بھی کہتے ہیں اور یہ بھی مشہور ہے کہ حضرت لقمانؒ کے ہاتھ میں آکر جڑی بوٹیاں اپنے خواص بتانے لگتی تھیں - جڑی بوٹیوں یا Herbs کے ذریعے علاج بہت قدیم ہے -

 حضور قلندر بابا اولیاؒء نے 1967ء میں ایک مرتبہ فرمایا تھا کہ ...


" علاج معالجے کے شعبے میں اگلا دور جڑی بوٹیوں کا ہوگا -"


 قلندر باباؒ کی اس پیشن گوئی کا مظاہرہ یہ ہے کہ دنیا بھر میں اب بہت سی دوا ساز کمپنیاں جڑی بوٹیوں کو بہت اہمیت دے رہی ہیں - اس وقت جڑی بوٹیوں کی طرف موجودہ سائنس کی مراجعت ہمارا موضوع نہیں - 

حضور قلندر بابا اولیاؒء قدرتی طریقہ علاج کی اہمیت اور افادیت سے نہ صرف واقف تھے بلکہ آپؒ نے ایسے بہت سے علاج بھی تجویز فرمائے جن میں آپؒ نے قدرتی طریقہ علاج سے رجوع کیا -

ہم چند امراض کے لئے حضور قلندر بابا اولیاؒء کے تجویز کردہ چند آسان نسخے یہاں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں - یہ وہ نسخے ہیں جو بابا صاحبؒ نے مختلف امراض میں تجویز فرمائے تھے -  

نظر کی کمزوری ...

  ایک ثابت ناریل لیں  کچا نہ ہو - اس کو اوپر سے کاٹ کر سوراخ کرلیں - سوراخ میں اسپغول کی بھوسی بھر کر کٹے ہوئے ٹکڑے سے ڈھک دیں اور اس پر گوندھا ہوا آٹا لپیٹ دیں -
 اب اس ناریل کو گھی میں اس وقت تک بھونیں کہ آٹا سرخ ہوجائے - ٹھنڈا ہونے پر ناریل کو اسپغول سمیت پیس لیں اور روزانہ رات کو سوتے وقت ایک چمچہ دودھ کے ساتھ لیں -

گٹھیا ( جوڑوں کا درد ) ...

  25 گرام سونٹھ پیس کر سفوف بنا لیں اور اس میں حسب ذائقہ شکر اور ایک چھٹانک گھر کا بنایا ہوا گھی ملا لیں اور اسے رات کو سوتے وقت ایک ٹیبل اسپون لیں -

لمبا قد ...  

قد لمبا کرنے کے لئے گھیکوار کا حلوہ کسی حکیم یا عطار سے بنوا کر ایک سال تک کھائیں - 


چہرے کی خوبصورتی اور شادابی ...

  صبح نہارمنہ 6 گرام سفوف چرونجی کھائیں - اس کے علاوہ ابٹن لگائیں - ابٹن بنانے کی ترکیب یہ ہے کہ 3 گرام ہلدی ، 6 گرام چرونجی ( سفوف ) اور 50 گرام آٹا ملا لیں اور رات کو سوتے وقت یہ ابٹن چہرے پر لگائیں - یہ مقدار ایک ہفتہ کے لئے کافی ہے -

الرجی ...

 سونف صاف کرکے رکھ لیجئے - صبح ، دوپہر اور شام کھانا کھانے کے بعد تین(3) گرام سونف ہتھیلی پر رکھ کر پھانک لیں اور اس کے بعد نیم گرم پانی پی لیں - 

ایام کی بے ترتیبی  , لیکوریا   ...

  ہر کھانے کے بعد صبح دوپہر اور شام سونٹھ کا سفوف چار(4) گرام نیم گرم پانی کے ساتھ استعمال کریں -


پتہ کی پتھری ...  

 اچھی قسم کے سیب زیادہ سے زیادہ مقدار میں استعمال کریں - اس کے علاوہ ہر کھانے کے ساتھ دس (10) گرام  پنیر بھی استعمال کریں -

دانتوں سے خون آنا ...

  تازہ پانی میں ذرا سے پسی ہوئی پھٹکری ڈالئے اور اس پانی سے نہار منہ کلیاں کیجئے - اس کے بعد ایک گھنٹے تک کچھ بھی نہ کھائیں - یہ عمل چوبیس گھنٹے میں صرف ایک مرتبہ کریں -


درد شقیقہ  ( آدھا سیسی کا درد ) ...

 اسطوخودوس ، سیاہ مرچ ، خشک دھنیا  تین تین گرام دن چڑھنے سے پہلے پانی میں گھوٹ کر پئیں -


 مرتبہ ...سید نعمان ظفر عالم   روحانی ڈائجسٹ ...جنوری 2002ء

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں